• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سیدکااطلاق کس پر ہوسکتا ہے؟

استفتاء

مفتی صاحب!ہم سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے ہیں ،کیا ہم اپنے نام کےشروع میں ’’سید‘‘لگا سکتےہیں؟

ہم حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کی اولاد میں سے ہیں جو کہ اسدی اور ہاشمی تھے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ہمارے عرف اورمعاشرے میں اپنے نام کےساتھ ’’سید‘‘لگانے کےلیے صرف حضرت علی ؓ کی اولاد میں سے ہونا کافی نہیں بلکہ حضرت فاطمہؓ کی اولاد میں سے ہونا ضروری ہے،لہذا آپ کےلیے اپنے نام کےساتھ ’’سید‘‘لگانا درست نہیں۔

نوٹ:آپ نے لکھا ہے کہ ہم سیدنا علی ؓکی اولاد میں سے ہیں پھر آپ نے یہ بھی لکھا ہے کہ ہم حضرت بہاءالدین ملتانی ؒ کی اولاد میں سے ہیں جو کہ اسدی اورہاشمی تھے،حالانکہ اسدی اورہاشمی ہونے سے یہ لازم نہیں آتا کہ آپ حضرت علیؓ کی اولاد میں سے بھی ہوں اورحضرت بہاء الدین زکریاملتانی ؒ کےحالات میں بھی ہمیں صرف ان کااسدی اورہاشمی ہونا ملا ہےان کاحضرت علی ؓ کی اولاد میں سے ہونا نہیں ملا لہذا اگرآپ کےپاس حضرت علی ؓ کی اولاد میں سے ہونے کا کوئی قابل اعتبار ثبوت نہ ہو تو آپ کا یہ کہنا بھی درست نہیں کہ ’’ہم سیدنا علی ؓکی اولاد میں سے ہیں‘‘

نزہۃ الخواطر وبہجۃ المسامع والنواظر للکھنوی(119) میں  ہے:

107- الشيخ محمد بن زكريا الملتاني

الشيخ الامام الزاهد العابد القدوة الحجة- الشيخ محمد بن زكريا شيخ الاسلام صدر الدين القريشي الاسدى الملتانى

کفایت المفتی (1/264)میں ہے:

سوال:بنو فاطمہ کے علاوہ  بنو ہاشم بھی سید ہیں یا نہیں؟

جواب بنو ہاشم کے علاوہ دوسرے ہاشمی بھی لغۃ و احتراماً سید ہیں اور حرمت صدقہ کے حکم میں شامل ہیں۔ مگر اصطلاحاً ’’سید‘‘ کا لفظ صرف بنو فاطمہ کے لئے خاص ہوگیا ہے ۔         

سوال:کیا مذہب اسلام کا یہ حکم ہے کہ جن افراد پر ازروئے شرع ِشریف صدقہ حرام ہے اور وہ مستحق خمس ہیں  ان کو بغرض اظہار نسب سید اور سادات سے موسوم و مخاطب کیا جائے ۔

جواب:صدقہ بنی  ہاشم پرحرام ہے  اور بنی ہاشم میں جن پر صدقہ حرام ہے عباسی اور بنو حارث اور اولاد جعفر بن ابی طالب اور اولاد عقیل بن ابی طالب او ر اولاد علی بن ابی طالب  رضی اللہ تعالیٰ عنہم سب شامل ہیں ،ان سب کے لئے لفظ ہاشمی ایسا لفظ ہے جو اظہار نسب کے ساتھ اظہار حرمت صدقہ کے لئے کافی ہے ۔سید کا لفظ اس معنی  میں محاورات عرب میں مستعمل نہ تھا ۔ ہندوستان میں بھی اتنے عام معنی میں متعارف نہیں ہےبلکہ حضرت علی کی تمام اولاد پر بھی حاوی نہیں ،صرف اولاد فاطمہ زہرا  رضی اللہ تعالیٰ عنہا پر عرفاً بولا جاتا ہے ۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved