- فتوی نمبر: 32-64
- تاریخ: 04 اپریل 2025
- عنوانات: مالی معاملات > اجارہ و کرایہ داری > الاجیر الخاص
استفتاء
میں ایک سکول میں ٹیچر ہوں جہاں میں پہلی کلاس سے پانچویں کلاس کے بچوں کو انگلش پڑھاتی ہوں اور ساتھ ہی مجھے پہلی کلاس کا انچارج بھی بنایا ہوا ہے آج کل سکول میں فنکشن ہوتے ہیں جیسے 14 اگست کا، فادر ڈے (Father Day) کا، مدر ڈے(Mother Day) کا، اس طرح کے جو بھی دن آتے ہیں سکول والے اس پر چھوٹا سا فنکشن رکھ لیتے ہیں۔ اس کے لیے بچے ملی نغمہ اور اگر فادر ڈے (Father Day) یا مدر ڈے(Mother Day) ہو تو انگلش پویم ٹائپ سونگز پر پرفارم کرتے ہیں ان ملی نغموں اور پوئم ٹائپ سونگز میں میوزک بھی ہوتا ہے جس کی تیاری میں اپنی پہلی کلاس کے بچوں کو کرواتی ہوں۔ میوزک تو حرام ہے اب مجھے یہ پوچھنا ہے کہ کیا اس سے میری سیلری بھی حرام ہوگی؟ ایسا آج کل تقریبا ہر پرائیویٹ سکول کروا رہا ہے ۔
وضاحت مطلوب ہے: تیاری کروانے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ تفصیل سے سارا مرحلہ وار طریقہ بتائیں۔
جواب وضاحت: سائلہ نے ایک ویڈیو بھیجی ہے جس میں میوزک والا ترانہ ریکارڈ شدہ چل رہا ہے اور بچیاں اس ترانے پر مختلف سٹیپس کررہی ہیں جو ہلکے سے رقص کی صورت ہے ۔ سائلہ کا کہنا یہ ہے کہ مجھے بھی اسی طرح کی بچوں کو تیاری کروانی پڑے گی یعنی انہیں یہ پرفام کرنا سکھانا پڑے گا۔
مزید وضاحت مطلوب ہے: یہاں ملازمت کی مجبوری کیا ہے؟ اور آپ کے معاشی حالات کیا ہیں؟
جواب وضاحت: کھانے ، پینے کی ضروت تو نہیں ہے اپنی ڈیلی کی ضرورت کے لیے کرتی ہوں ۔ یہ بتادیں کہ میری نوکری جائز ہے یا نہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں سیلری حرام نہیں ہے لیکن یہ عمل گناہ ہے اس سے جان چھڑانے کی کوشش کریں اور دوسری جگہ ملازمت تلاش کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں جب تک نہ ملے یہاں ملازمت کریں اور ساتھ میں توبہ واستغفار بھی کرتی رہیں۔
نوٹ: یہ مسئلہ اس صورت میں ہے جب آپ کو ملازمت کی معاشی مجبوری درپیش ہو۔ اگر ایسی مجبوری نہیں ہے تو پھر سرے سے ایسی ملازمت سے سبکدوش ہوجائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved