- فتوی نمبر: 32-43
- تاریخ: 27 مارچ 2025
- عنوانات: حظر و اباحت > گناہ میں تعاون
استفتاء
ایسی ویب سائٹ جس میں لڑکے اور لڑکی والے اپنی پروفائل ڈالتے ہیں جس طرح شادی دفتر میں ہوتا ہے،ویب سائٹ پر لڑکا اور لڑکی خود اپنی پروفائل ڈال کر خود ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں پہلے دوستی ہوتی ہے پھر اکثر کسی پارک میں ملاقات کرتے ہیں اس کے بعد اگر ایک دوسرے کو پسند آجائیں توشادی کرتے ہیں ورنہ نہیں کیا ایسی ویب سائٹ بنانا جائز ہے؟
وضاحت مطلوب ہے کہ: 1۔کیا آپس میں چیٹ (بات چیت) کی سہولت آپ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوتی ہے یا آپ کی ویب سائٹ پر صرف نمبر درج ہوتا ہے وہاں سے نمبر لے کر دونوں آپس میں بات کرتے ہیں؟ 2۔ کیا آپ کے پاس کوئی ایسا پیمانہ ہے کہ جس سے معلوم ہو کہ یہ معلومات لڑکا لڑکی نے یا ان کے والدین نے ڈالی ہیں اور یہ کہ پھر آپس میں دونوں کا رابطہ والدین نے کروایا ہے؟
جواب وضاحت: 1۔نہیں چیٹ نہیں ہے۔2۔ بس معلومات کا تبادلہ ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ ویب سائٹ شادی دفتر سے جدا گانہ پلیٹ فارم ہے جو کہ متعدد قباحتوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے درست نہیں ہے اس لیے اس کا بنانا جائز نہیں ہے۔
تفصیل یہ ہے کہ چونکہ شادی دفتر والوں کو کمیشن اس وقت ملتا ہے جب رشتہ ہو جائے اس لیے شادی دفتر والے کسی کو لڑکے یا لڑکی کی صرف معلومات مہیا نہیں کرتے بلکہ کوشش کرکے رشتہ کرواتے ہیں جبکہ مذکورہ ویب سائٹ والے آپس میں رشتہ کروانے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ لڑکے،لڑکی کی معلومات مہیا کر دیتے ہیں جو کہ عموما رشتہ سے قبل اجنبی مرد وعورت کے ناجائز افعال مثلا دوستی،پارکوں میں ملاقات وغیرہ قباحتوں کا سبب بنتی ہے اس لیے مذکورہ ویب سائٹ کا بنانا جائز نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved