• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر

شرعی عذر کے بغیر اپنا سب مال بچوں کے بجائے کسی اور کو دینا

استفتاء

جناب والا!فقیر اپنے خیالات اور سوال کا کچھ تمہید بیان کرنا چاہتا ہے ۔فقیر کے دو مزید بھائی اور ایک ہمشیرہ ہے ۔فقیر کے والد صاحب حیات ہیں ۔فقیر کے والد صاحب کو میرے دادا کی طرف سے تقریبا 72بیگھے زمین ملی تھی جو کہ میرے چچوں نے مختلف اوقات اور مختلف طریقوں سے اپنے نام اس کا کافی حصہ کروالیا ہے۔تقریبا 63 بیگھے ۔ حالانکہ میرے والد صاحب اولاد ہیں۔میرے والد صاحب کے بھائی سرکاری اداروں سے ریٹائرڈ افسران ہیں اور ان کے پاس مال پیسے کی کمی نہیں ۔دادا کی طرف سے ان کو بے شمار زمین ملی ہے ۔جبکہ میرے والد صاحب کی ذہن سازی ہمارے خلاف کی گئی ہے اور اس کا نتیجہ بھی ہمارے سامنے ہے والد صاحب کہتے ہیں کہ بھائیوں کو اولاد پہ فوقیت ہے ۔جب کہ فقیر بے روزگار ہے اور صاحب اولاد ہے اور ضرورت مند ہے دوسری جگہ تقریبا دو کنال زمین ابھی بھی باقی ہے جو اس وقت ہمارے علم میں ہے ۔فقیر چاہتا ہے کہ یہ زمین والد صاحب اپنے بھائیوں کے بجائے اپنی اولاد کو دیں ۔اس سلسلے میں شریعت کا جو مزاج اور مشورہ ہو وہ بحوالاجات عنایت فرمائیں تاکہ اس مشکل حالات اور زمانہ میں ہمارا کچھ سہارہ باقی رہ جائے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں آپ کے والد صاحب کا اپنی اولاد کوکسی شرعی عذر کے بغیر وراثت سے محروم کرنا اور اپنی ساری  جائیداد اپنے بھائیوں کو دینا گناہ کی بات ہے ۔

مشکوۃ المصابیح حدیث شریف ص266میں ہے:

عن انس ؓقال قال رسول الله ﷺ من قطع میراث وارثه قطع الله میراثه من الجنة یوم القیٰمة .

ترجمہ :جو آدمی اپنے وارث کو وراثت سے محروم کرتا ہے اللہ اسے قیامت کے دن جنت کی وراثت سے محروم کردیں گے۔

خلاصہ الفتاوی ص400میں ہے :

ولو وهب جمیع ماله لابنه جاز فی القضاء وهو اٰثم نص محمد هکذا فی العیون.

امدادالمفتین ص737میں ہے:

سوال:ایک عورت نے اپنی حقیقی لڑکی کی موجودگی میں اپنے نواسوں کو تمام جائیداد ہبہ کردی ان کی خدمات کے صلہ میں یہ ہبہ شرعا صحیح ہے یا نہیں ۔۔۔؟

الجواب:اگر یہ ہبہ اپنی تندرستی کے زمانہ میں بحالت قیام حواس کیا ہے اور اپنی زندگی ہی میں اس پر موہوب لہم کو قبضہ بھی دلایا ہے تو ہبہ تام اور صحیح ہو گیا اور لڑکی کو کچھ حصہ اس میں سے نہیں ملے گا۔البتہ اگر بلاعذر شرعی ایسا کیا ہے تو واہبہ اس فعل سے گناہ گار ہوئی کہ وارث کو میراث سے محروم کردیا۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved