• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

شوہر نے کئی مرتبہ طلاق دی ہے، کیا تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں؟

استفتاء

میرا نام***ہے۔ میری عمر 22 سال ہے اور میرے 2 بچے ہیں، دو سال کی بیٹی ہے اور ایک سال کا بیٹا ہے۔ مجھے شوہر نے  تین مہینے پہلے ایک طلاق دی تھی اور 20 دن پہلے انہوں نے مجھے یوں کہا کہ ’’طلاق، طلاق، طلاق ہے‘‘ کئی بار طلاق کا لفظ استعمال کیا، اب انہوں نے مجھے  دو دن پہلے 9 بار طلاق دی کہ’’ میں علی رضا اپنے پورے ہوش وحواس میں تمہیں طلاق دیتا ہوں ‘‘اور اس وقت کمرے میں بچوں کے علاوہ کوئی نہ تھا مگر میرے بھائی نے کمرے کے باہر سے آواز سنی  اور کمرے کے باہر آکر میرے شوہر نے کہا کہ اب تم پر تین طلاق واجب ہوچکی ہے اور میرے بچے بھی چھین لیے ہیں، میں اب اپنے والد کے گھر ہوں مگر گھر والے طلاق کو نہیں مان رہے اور مجھے واپس بھیجنا چاہتے ہیں میرے شوہر نے کہا ہے کہ وہ قرآن اٹھا کر کہے گا کہ میں نے طلاق نہیں دی اور دن رات وہ ہرروز شراب پیتا ہے مگر اس کو یہ بات نشے کے بعد بھی یاد رہتی ہے وہ نشے میں بھی ہوش وحواس میں رہتا ہے۔ میرے گھر والے زبردستی بھیج رہے ہیں  مگر میں جانا نہیں چاہتی۔ کیا میں اب اپنے شوہر کے لیے حلال ہوں یا نہیں؟ مہربانی کرکے مجھے اس کی وضاحت دیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

اگر آپ کے شوہر نے واقعتاً آپ کو تین طلاقیں دیدی ہیں اور طلاق دیتے وقت وہ ہوش وحوا س میں بھی تھے اور اب وہ انکار کررہے ہیں تو کم از کم آپ کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں جن کی وجہ سے آپ اپنے شوہر پر حرام ہوگئی ہیں، لہٰذا اب نہ صلح ہوسکتی ہے اور نہ رجوع کی گنجائش ہے اور مسئلہ معلوم ہونے کے باوجود جو لوگ  زبردستی آپ کو  شوہر کے پاس بھیجیں گے وہ بھی گناہ گار ہوں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved