• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سیاحتی کمپنی کا قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب افراد کو وزٹ ویزا فراہم کرکے کمائی کا حکم

استفتاء

ہم پانچ افراد جو کہ لکسمبرگ کے مستقل رہائشی ہیں، ایک نئی  سیاحتی (Tourism) کمپنی قائم کرنے جا رہے ہیں۔ اس  سیاحت کمپنی میں ہم پانچوں بطور پارٹنرز شامل ہوں گے ۔

ہمارا ابتدائی منصوبہ یہ ہے کہ ہم پاکستان میں وزٹ ویزا کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک منفرد اور شفاف طریقہ کار متعارف کروائیں،چنانچہ  پہلے مرحلے میں ہم پورے پاکستان میں کمیونٹی لیول پر درخواست فارم تقسیم کریں گے،اس فارم کی قیمت 50 سے 100 یورو کے درمیان رکھی جائے گی۔

درخواست گزار فارم کو پُر کرتے وقت کسی بھی پاکستانی کرنسی نوٹ (مثلاً 5 ، 10 یا 20 روپے) کا نمبر بطور شناختی کوڈ استعمال کرے گا، اور اسی نوٹ کو فارم کے ساتھ منسلک کرے گا،یہ نمبر اس کی شناخت اور درخواست کی ویریفیکیشن کے لیے استعمال ہوگا، کیونکہ  یہ منفرد ہوتا ہے اور نقل نہیں کیا جا سکتا۔  تمام درخواستوں کو ایک مخصوص مدت مثلاً چھ ماہ کے اندر بند کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد تمام موصول شده درخواستوں کے درمیان ایک شفاف اور لائیو قرعہ اندازی  کا انعقاد کیا جائے گا ، جس میں سے پانچ خوش نصیب افراد کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں وزٹ ویزا کی سہولت فراہم کی جائے۔

منتخب ہونے والے پانچ امیدواروں کے لیے اگلے مرحلے میں مکمل ویزا پراسیسنگ، قانونی تقاضے ، اور دستاویزات کی تیاری کا عمل ہماری کمپنی خود انجام دے گی، اور اس مرحلے میں امیدواروں سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ تمام اخراجات کمپنی خود برداشت کرے گی۔ مزید برآں، پورے عمل کو مکمل طور پر شفاف رکھا جائے گا ، اور ہر مرحلے کی معلومات درخواست گزاروں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

درخواست گزاروں سے براہ راست رابطہ رکھا جائے گا، اور ان کی ویزا درخواست مکمل دستاویزات کے ساتھ لکسمبرگ امیگریشن میں جمع کروائی جائے گی، تمام متعلقہ دستاویزات کی نقول بھی درخواست گزاروں کو فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ جب چاہیں تصدیق کرسکیں۔

ویزہ جاری ہونے کے بعد ہماری ٹیم کا ایک نمائنده خود پاکستان جا کر ویزا فراہم کرے گا، اس کے علاوہ ، سفری ٹکٹ کی لاگت کا 50 فیصد ہماری کمپنی برداشت کرے گی جبکہ باقی اخراجات جیسے کہ انشورنس ،رہائش، خوراک اور دیگر سفری ضروریات درخواست گزار خود پورے کریں گے ۔ ہم انہیں یورپ میں قیام کے دوران راہنمائی اور مناسب مقامات کے بارے میں مشورہ بھی فراہم کریں گے ۔

قیام مکمل ہونے کے بعد مقررہ وقت پر واپسی کے لیے بھی مکمل راہنمائی فراہم کی جائے گی اور درخواست گزار کو لکسمبرگ سے پاکستان واپسی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

اگر کسی منتخب امیدوار کا ویزا کسی وجہ سے جاری نہ ہو سکے یا تاخیر کا شکار ہو جائے ، تو ایسے افراد کو اگلی قرعہ اندازی میں بلا معاوضہ دوبارہ شامل کیا جائے گا ، اور ان کے ویزا کے حصول کے لیے مزید کوشش کی جائے گی۔

یہ سہولت ہر عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگی، چاہے وہ طلبہ ہوں، فیملیز ہوں، یا نیا شادی شدہ جوڑا ، کوئی خاص عمر کی پابندی نہیں ہوگی۔

ہم اس پورے منصوبے میں مکمل شفافیت کو یقینی بنائیں گے ، چاہے وہ فنڈز کی وصولی ہو یا ویزا کی فراہمی بر مرحلہ واضح اور کھلا ہوگا۔

کیا اس طرح کمائی کرنا ٹھیک ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ کمپنی بنانا اور اس طریقہ سے کمائی کرنا جائز نہیں کیونکہ یہ جوئے کی ایک صورت ہے کہ بہت سارے لوگوں سے فیس کے عنوان پر پیسے وصول کیے جائیں گے  اور بعد میں  قرعہ اندازی ہوگی جس کی بنا پر یہ بھی احتمال ہے کہ فیس جمع کروانے والے کا   نام نہ نکلے تو وہ فیس  ضائع ہوجائے  اور یہ بھی احتمال ہے کہ نام نکل آئے تو جمع کروائے ہوئے پیسوں سے کہیں زیادہ کا فائدہ حاصل ہوجائے ۔

رد المحتار (9/ 665 ) میں ہے:

(قوله ‌لأنه ‌يصير ‌قمارا) لأن القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى، وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved