- فتوی نمبر: 13-19
- تاریخ: 07 اپریل 2019
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان
استفتاء
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
لڑائی کے دوران بیوی نے فریج توڑنے کی کوشش کی جس پر شوہر نے کہا ’’اگر تم فریج توڑو گی تو تمہیں طلاق ہو گی ‘‘اب مسئلہ یہ ہے کہ بیوی فریج کی صفائی کررہی تھی لیکن اچانک فریج کی شیلف گر کر تھوڑی سی ٹوٹ گئی ہے بیوی نے جان بوجھ کر نہیں توڑا ۔اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگرچہ طلاق فریج توڑنے کے ساتھ مشروط کی گئی ہے لیکن چونکہ شرط ایک مخصوص پس منظر میں تھی یعنی بیوی فریج توڑنے کی کوشش کررہی تھی کہ شوہر نے مذکورہ شرط عائد کردی تاکہ بیوی وقتی طور پر فریج توڑنے سے رک جائے ایسی شرط اسی خاص وقت کے لیے ہوتی ہے دائمی نہیں ہوتی ۔ایسی شرط کو فقہ میں ’’یمین فور‘‘کہتے ہیں ۔ ایسی شرط میں اگر فوری طور پر عمل کیا جائے تو طلاق واقع ہوتی ہے بعد میں شرط پر عمل کرنے سے طلاق واقع نہیں ہوتی ۔مذکورہ صورت میں چونکہ فوری طور پر شرط پر عمل نہیں کیا گیا اس لیے لیے آئندہ اگر اس شرط پر عمل ہو بھی گیا تو اس سے طلاق واقع نہ ہو گی ۔مزید برآں مذکورہ صورت میں شیلف کے گر کر ٹوٹنے سے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ شیلف بیوی نے توڑی ہے ۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved