- فتوی نمبر: 36-387
- تاریخ: 12 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > میاں بیوی کا طلاق میں اختلاف
استفتاء
25 جولائی 2025 کو نمازِ جمعہ کے بعد پہلی مرتبہ میں نے اپنے والد کو ایک دفعہ یہ الفاظ بولے کہ “اس کو میری طرف سے فارغ کریں” اس وقت میرے والد میرے سامنے ، جبکہ میری زوجہ میرے پیچھے موجود تھی۔
دوسری مرتبہ 20 فروری 2026 کو فون کال پر میں نے اپنے سسر سے یہ الفاظ کہے کہ “طلاق چاہیے تو لے لو طلاق، میں دے دیتا ہوں طلاق، مگر اپنی بیٹی سے میری جان چھڑوا دو۔” اس وقت میں ایک کمرے میں اکیلا بند تھا، جبکہ میری زوجہ دوسرے کمرے میں موجود تھی۔ان دونوں واقعات کے علاوہ میں نے کبھی طلاق کے حوالے سے کوئی اور الفاظ نہیں بولے۔
وضاحت مطلوب ہے :1۔ سائل کا سوال سے کیا تعلق ہے؟ 2۔ میاں بیوی کا رابطہ نمبر مہیا کریں۔
جواب وضاحت: 1۔سائل شوہر ہے۔ بیوی کا رابطہ نمبر (********)ہے۔
بیوی کا بیان:
زید نے 25 جولائی 2025 کو اپنے والد کی طرف رخ کرکے کچھ کہا تھا، لیکن مجھے الفاظ یاد نہیں ہیں۔ میں صحیح طرح سُن نہیں سکی تھی۔9اگست 2025 کو زید اور میں کمرے میں تھے۔ زید نے مجھے دو بار کہا کہ” میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں” اور اس کے بعد ہم میں رجوع نہیں ہوا تھا۔ 21 فروری 2026 کو دو بار زید نے مجھے اپنے والد کی موجودگی میں کہا تھا کہ “میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں”اس کے بعد ہم میں مارچ میں رجوع ہوا تھا یعنی ہمبستر ی ہوئی تھی۔
شوہر سے وضاحت مطلوب ہے:(1) بیوی کے بیان میں ہے کہ رجوع نہیں ہوا تھا۔ کیا یہ بات واقعتاً اسی طرح ہے؟(2)9 اگست 2025 کے واقعہ کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟(3)25 جولائی 2025 کو آپ نے جو الفاظ بولے اس کے بعد آپ کے والد نے آپ کی بیوی کو کوئی طلاق دی یا یہ کہا تھا کہ “تم فارغ ہو”
جواب وضاحت: (1) “رجوع نہیں ہوا تھا” اس سے مراد ہمبستری ہے ورنہ میاں بیوی کی طرح ہم اکٹھے تو رہتے رہے ہیں، علیحدہ نہیں ہوئے۔(2) یہ بات جھوٹ ہے میں نے ایسا کچھ نہیں کہا۔(3) نہیں، میرے والد نے کچھ نہیں کہا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں اگرچہ شوہر کے بیان کے مطابق طلاق واقع نہیں ہوئی، تاہم بیوی کے بیان کے مطابق بیوی کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہو گئیں ہیں، جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو چکی ہے، لہٰذا اب اس کے لیے شوہر کے ساتھ رہنا جائز نہیں ۔
توجیہ: مذکورہ صورت میں شوہر کے بیان کے مطابق ایک دفعہ اپنے والد کو یہ کہنا کہ” میری طرف سے فارغ کریں” کنایہ الفاظ سے طلاق دینے کی توکیل ہے پھر چونکہ اس کے بعد شوہر کے والد نے بہو کو طلاق کا کوئی جملہ نہیں بولا لہٰذا اس جملے سے کوئی طلاق نہیں ہوئی، اس کے بعد شوہر کا دوسری دفعہ یہ کہنا کہ “طلاق چاہیے تو لے لو طلاق ،میں دے دیتا ہوں طلاق، مگر اپنی بیٹی سے میری جان چھڑوادو”اس جملے سے بھی کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی،کیونکہ شوہر نے جو الفاظ استعمال کیے ہیں وہ انشاء طلاق نہیں بلکہ طلاق کی پیشکش ہے اور طلاق کی پیشکش سے طلاق نہیں ہوتی، لیکن چونکہ بیوی کے بیان کے مطابق شوہر نے ایک دفعہ 25 جولائی کو اپنے والد کی طرف رخ کر کے کچھ کہا تھا، وہ الفاظ بیوی کو یاد نہیں، دوسری دفعہ 9 اگست 2025 کو دو بار یہ جملہ کہا کہ “میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں” اس کے بعد رجوع ہو گیا تھا لہٰذا نکاح باقی رہا ۔تیسری دفعہ بھی دو بار کہا کہ “میں تمہیں طلاق دیتا ہوں، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں” لہٰذا بیوی کے بیان کے مطابق بیوی کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہو گئی ہیں کیونکہ طلاق کے معاملے میں بیوی کی حیثیت قاضی کی طرح ہوتی ہے اور وہ اپنے علم کے مطابق عمل کرنے کی پابند ہوتی ہے۔
درمختار (4/509) میں ہے:
كرر لفظ الطلاق وقع الكل.
(قوله كرر لفظ الطلاق) بأن قال للمدخولة: أنت طالق أنت طالق أو قد طلقتك قد طلقتك أو أنت طالق قد طلقتك أو أنت طالق وأنت طالق.
ہندیہ (1/470) میں ہے:
وإذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض كذا في الهداية.
شامی(526/4) میں ہے:
المرأة كالقاضي لا يحل لها أن تمكنه إذا علمت منه ما ظاهره خلاف مدعاه. فتح
بدائع الصنائع (3/295) میں ہے:
وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} [البقرة: ٢٣٠] ، وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة.
فتاوی دارالعلوم دیوبند(9/294) میں ہے:
سوال:، زید نے اپنے بھائی کو خط لکھا کہ دو ماہ کے بعد میری زوجہ کو فارغ البال کر دے۔ اس خط کو آئے ایک سال ہو گیا ہے، وہ عورت دوسرا نکاح کر سکتی ہے یا نہیں؟
جواب: شوہر نے جو اپنے بھائی کے نام خط لکھا ہے کہ “بعد دو ماہ میری زوجہ کو فارغ البال کر دے” اگر بہ نیت طلاق ایسا لکھا تھا اور اس کے بھائی نے موافق تحریر شوہر کے اس عورت کو فارغ البال کر دیا یعنی طلاق دے دی تو اس صورت پر طلاق واقع ہو گئی۔ بدون نیت شوہر کے طلاق کی اور بدون اپنے بھائی کے طلاق دینے کے طلاق واقع نہ ہوگی۔ پس اگر بھائی نے طلاق دے دی ہے اور شوہر کی نیت بھی یہی تھی تو بعد طلاق دینے کے اگر عدت یعنی تین حیض گزر گئے تو اب وہ عورت دوسرا نکاح جس سے چاہے کر سکتی ہے۔ اور اگر ایسا نہیں ہوا تو نکاح نہیں کر سکتی۔ بھائی کو چاہیے کہ اول شوہر سے دریافت کرے کہ تمہاری نیت اس لفظ سے کیا ہے؟ اس کے بعد جب وہ لکھے کہ میری عرض یہ تھی کہ طلاق دے دو، اس وقت بھائی کو چاہیے کہ طلاق دے دے۔ جب وہ طلاق دے دے گا، اس کے بعد تین حیض عدت کے پورے کر کے عورت دوسرا نکاح کر سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved