• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

طلاق کی گواہی میں تاخیر

استفتاء

اپنے شوہر کے بارے میں مشورہ کرنا چاہتی ہوں۔ در اصل مفتی صاحب بات یہ  ہے کہ میرے شوہر غصے کے بہت تیز ہیں اور انہوں نے ایک دفعہ ٹینکی کا پانی ختم ہونے پر غصے میں آکر ایک بار (ایک بار میں تین طلاق کا لفظ کہا) طلاق کا لفظ کہہ دیا جو کہ میری والدہ نے سنا ہے اور میں نے نہیں سناہے اور اس کے باوجود ہم دونوں میاں بیوی میں صلح رہی ہے اور یہ بات میری والدہ نے اب بتائی ہے جس کو کئی ماہ  گذر گئے ہیں، اور ایسے نہیں کہا کہ ” میں تمہیں طلاق دیتا ہوں” مطلب تین بار الگ الگ نہیں کہا ہے۔ اب آپ سے یہ گذارش ہے کہ اس مسئلے کا کیا حل ہے؟ شریعت کے لحاظ سے کیونکہ میری والدہ محترمہ اور میں بہت پریشان ہوں، کیونکہ میرا ایک بیٹا بھی ہے ۔ گذارش ہے کہ اس مسئلہ کا جلد جواب دے دیں، تاکہ ہم اپنی زندگی کو شریعت اور بنی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق گذار سکیں۔ اس بات کا ذکر میری والدہ نے اب کیا ہے اور میں ناراض ہو کر اپنی  والدہ کے گھر آگئی ہوں اور میرے شوہر مجھے واپس لے جانا چاہتے ہیں۔ لیکن میں شریعت کے مطابق اپنا فیصلہ چاہتی ہوں تاکہ میں اپنی زندگی شرع کے مطابق گذار سکوں۔

اگر وہ مجھے کبھی کبار یہ بھی کہہ دیں غصے میں کہ "تم مجھے اچھی نہیں لگتی، تم میری طرف سے فارغ ہو”یا کبھی ایسا کہہ دیں کہ "تم مجھ پر حرام ہو” تو اس سے رشتے میں کوئی خرابی تو نہیں آجاتی؟ یہ بھی بتائیں کہ اس میں شریعت کے مطابق کوئی مسئلہ تو نہیں؟

نوٹ: اوپر کے الفاظ کبھی کہے نہیں ویسے سوال کیا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں آپ کی والدہ کا قول معتبر نہیں، کیونکہ اس نے اتنےعرصے تک بات کو چھپائے رکھا، لہذ ا اگر شوہر طلاق سے انکار کرتا ہے تو اس سے اس کی بات پر قسم لے لی جائے، اگر وہ اس بات پر قسم کھالے کہ اس نے طلاق کا لفظ نہیں بولا تھا تو اس کے بعد میاں بیوی اکٹھے رہ سکتے ہیں۔ شامی میں ہے:

و في الظهيرية: إذا شهد اثنان على امرأة أن  زوجها طلقها ثلاثاً أو على عتق أمة و قالا  كان ذلك في العام الماضي جازت شهادتهما و تأخيرهما لا يوهن شهادتهما. قيل و ينبغي ألا يكون ذلك وهناً في شهادتهما إذا علما أنه يمسكها إمساك الزوجات و الإماء لأن الدعوى ليست شرطاً لقبول هذه الشهادة. فإذا أخروها صاروا فسقة. (5/ 463 )۔ فقط و اللہ تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved