• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

والد کا مکان صرف ایک بیٹے  کے نام کردینے سے اس کا  نہیں ہوتا

استفتاء

میں مسمی  مختار احمد  ایک مسئلہ دریافت کرنا چاہتا ہوں وہ مسئلہ یہ ہے کہ میرے والد صاحب کا ایک مکان تھا  ،انہوں نے وہ مکان ہمارے کہنے پر  ہمارے بڑے بھائی ممتازاحمد کے نام کردیا تھا ، کیونکہ ہمیں اعتماد تھا کہ ہمارا بڑا بھائی ہمارے ساتھ دھوکہ نہیں کرےگا ۔ہم پانچ بھائی تھے  ،ایک بھائی کا بغیر شادی     کے انتقال ہوگیا تھا ،باقی چار بھائی رہ گئے ہیں ۔پھر ہم دو بھائیوں نے یعنی مختار احمد اور امتیاز احمد نےدوسرے دو بھائیوں کو یعنی محمد الیاس اور ممتازاحمد کوان  کا حصہ  (یعنی 40۔40ہزار روپے) دے دیاتھا،کیونکہ ہماری بہن کوئی نہیں تھی ۔اس وقت مکان کی قیمت ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے تھی  ،اسی طرح اس مکان میں دوبھائی یعنی مختار احمد اور امتیاز احمد رہتے ہیں ،دوسرے دو بھائی محمد الیاس اور ممتاز احمد جس کے نام یہ مکان تھا اپنا حصہ لیکر علیحدہ  ہوگئے تھے،  اور ممتاز احمد نے حصہ لیکر اسٹام لکھ دیا تھا کہ اب میر ااس مکان میں کوئی حصہ نہیں ہے ،اور وہ اسٹام ہمارے پاس موجود ہے، ممتاز احمد کا اسٹام لکھنے کے بعد انتقال ہوگیا تھا ۔اب اس کا بیٹا محمد کاشف  حصے کا دعوی کررہا ہے کہ اس مکان میں  میر ا    حصہ بنتا ہے جبکہ اس کا والد اپنی زندگی میں اسٹام لکھ کر دنیا سے رخصت ہوا  کہ میر ا اس مکان میں کوئی حصہ نہیں بنتا ۔ پوچھنا یہ تھا کہ آیا ممتاز احمد کے بیٹے محمدکاشف کا اس میں حصہ بنتا ہے یا نہیں بنتا؟

سائل: مختار احمد

نوٹ:  امتیاز احمد اور الیاس احمد سے فون پر رابطہ ہوا ،انہونے مذکورہ سوال سے اتفاق کیا، اور الیاس  احمد کا کہنا ہے کہ یہ سب میں نے اپنے ہاتھوں کروایا ہے ۔لہذا ممتاز احمد  کے بیٹے محمد کاشف کا اس  مکان میں کوئی حصہ نہیں بنتا ۔ نیز دوسرے فریق یعنی ممتازاحمد  کے بیٹے محمدکاشف  سے بات ہوئی   لیکن وہ اپنا بیان دینے پر رضامند نہیں ہے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں چونکہ وہ مکان بڑے بھائی ممتازاحمد کے نام بطور ہدیہ کے نہیں کیا گیا تھا نیز ممتازاحمد نے خود بھی اپنا حصہ لے کر اسٹام لکھ دیا تھا کہ اب میر ااس مکان میں حصہ نہیں ہے اس لیے اس کے بیٹے  محمد کاشف کا اب اس مکان  کے بارے میں دعوی کرنا جائز نہیں ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved