- فتوی نمبر: 20-326
- تاریخ: 26 مئی 2024
- عنوانات: عبادات > قسم اور منت کا بیان
استفتاء
میرے ماموں کی بیٹی ہے اس کا اپنے گھر والوں سے جھگڑا ہوا اور اس نے غصے میں قسم اٹھائی کہ قرآن کی قسم میں آج کے بعد اپنی ماں کے گھر نہیں جاؤں گی ۔اس کا حل بتائیں ؟ابھی تک وہ اپنے ماں باپ کے گھر نہیں گئی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں قسم کھانے والی اپنی قسم کو توڑ دے اور والدہ کے گھر چلی جائے اور قسم کا کفارہ ادا کرے۔
توجیہ:
جس کام پر قسم کھائی گئی ہواس کی چند قسمیں ہیں (۱)جس کام کی قسم کھائی وہ گناہ کا کام ہو ،اس صورت میں قسم کا توڑنا واجب ہے(۲)جس کام کی قسم کھائی وہ کام پہلے سے واجب ہو، اس صورت میں قسم کا پورا کرنا واجب ہے (۳)جس کام کی قسم کھائی وہ کام اپنے مقابل کام سے اولی ہو، اس صورت میں قسم کا پورا کرنا واجب ہے (۴)جس کام کی قسم کھائی وہ کام ایسا ہو کہ اس کا مقابل کام اولی ہو ،اس صورت میں قسم کا توڑنا اولی ہے(۵)جس کام کی قسم کھائی وہ کام اور اس کا مقابل کام دونوں برابر ہوں ، اس صورت میں قسم کا پورا کرنا واجب ہے۔ مذکورہ صورت چوتھی قسم میں داخل ہے یعنی جس میں قسم کاتوڑنا اولی ہے کیونکہ عورت کا والدین سے ملنا اور ان کے گھر جانا نہ جانے سے اولی ہےلہذا قسم کھانے والی اپنی قسم کو توڑ دے اور والدہ کے گھر چلی جائے اور قسم کاکفارہ ادا کرے۔قسم کا کفارہ یہ ہے کہ دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلا دے یا کچا اناج دے دے۔ اور ہر فقیر کو پونے دو کلو گندم دینا چاہیے یا دس فقیروں کو کپڑا پہنا دے ہر فقیر کو اتنا بڑا کپڑا دے جس سے بدن کا زیادہ حصہ ڈھک جائے۔اگر کوئی ایسا غریب ہو کہ نہ تو کھانا کھلا سکتا ہے اور نہ کپڑا پہنا سکتا ہے تو لگاتار تین روزے رکھے اگر الگ الگ کر کے تین روزے پورے کیے تو کفارہ ادا نہیں ہوا تینوں لگاتار رکھے۔
شامی (3/527)میں ہے:
وحاصله أن المحلوف عليه إما فعل أو ترك وكل منهما إما معصية وهي مسألة المتن أو واجب
كحلفه ليصلين الظهر اليوم وبره فرض أو هو أولى من غيره أو غيره أولى منه كحلفه على ترك وطء زوجته شهرا ونحوه وحنثه أولى أو مستويان كحلفه لا يأكل هذا الخبز مثلا وبره أولى.
بحر الرائق (4/2120میں ہے:
ان لها الخروج الي زيارة الابوين والمحارم فعلي الصحيح المفتي به تخرج للوالدين في كل جمعة باذنه وبغير اذنه.
مسائل بہشتی زیور (2/161)میں ہے:
وہ کام ایسا ہے کہ اس کا مقابل کام اولی ہے مثلاًقسم کھائی کہ ایک یا دو ماہ تک بیوی سے بات نہ کروں گا تو قسم کو توڑنا اولی ہے۔
مسائل بہشتی زیور (2/157)میں ہے:
مسئلہ:قرآن کی قسم ،کلام اللہ کی قسم،کلام مجید کی قسم کھا کر کوئی بات کہی تو قسم ہوگئی۔
© Copyright 2024, All Rights Reserved