- فتوی نمبر: 33-355
- تاریخ: 03 اگست 2025
- عنوانات: خاندانی معاملات > وراثت کا بیان > وراثت کے احکام
استفتاء
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میری والدہ کا انتقال ہوا تو انہوں نے میراث میں ایک مکان، اپنے ذاتی کپڑے اور کچھ نقد رقم چھوڑی، میری والدہ کے والدین اور شوہر پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں، ان کے وارثین میں صرف ان کے تین بیٹے حیات ہیں لہذا صورت مسئولہ میں میراث کیسے تقسیم کی جائے گی؟ یعنی مکان کو کیسے تقسیم کریں اور کپڑوں کو کیسے تقسیم کریں؟ رقم تو سمجھ میں آتی ہے کہ وہ بانٹ دی جائے گی۔ اور یہ بھی وضاحت فرما دیں کہ والدہ کی نمازیں اور روزے بیماری کی وجہ سے چھوٹ گئے تھے اور انہوں نے فدیہ دینے کی وصیت بھی نہیں کی تھی تو ان کا فدیہ والدہ کے ترکے کی رقم میں سے کیسے ادا کیا جا سکتا ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں مرحومہ کی کل میراث کے تین حصے کیے جائیں گے، اور تینوں بیٹوں میں سے ہر بیٹے کو ایک ایک حصہ (33.333فیصدفی کس) دیا جائے گا۔
نیز میت کی وراثت میں جتنی بھی چیزیں ہیں چاہے وہ کپڑے ہوں یا مکان ہو یا رقم ہو سب میراث میں تقسیم ہوں گی۔ رقم کے علاوہ دیگر اشیاء کی تقسیم کی ایک صورت تو یہ ہے کہ ان کو فروخت کر کے ان کے پیسے تقسیم کر لیے جائیں اور یہ صورت بھی ہو سکتی ہے کہ فروخت کرنے کی بجائے کوئی وارث انہیں اپنے پاس رکھ لے اور باقی ورثا کو ان کے حصے کے بقدر یا تو پیسے دے دے یا کسی دوسری چیز میں حصہ دے دے۔
نیز آپ کی والدہ کی جو نمازیں اور روزے رہ گئے ان کا فدیہ ادا کرنا ورثاء پر شرعاً واجب نہیں کیونکہ والدہ نے وصیت نہیں کی تھی البتہ تینوں بیٹے اپنی خوشی سے والدہ کی نمازوں اور روزوں کا فدیہ دینا چاہیں تو وہ وراثت کی رقم میں سے بھی دے سکتے ہیں۔
نوٹ: ایک نماز کا اور اسی طرح ایک روزے کا فدیہ پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت ہے نیز وتر سمیت ایک دن کی چھ نمازیں شمار ہوں گی۔
شرح مشکلات القدوری (1/414) میں ہے:
قوله: (فأوصى) عد الشافعى بدون الوصية لازم وعندنا بدون الوصية غير لازم فاما اذا تبرع الوارث يجوز.
شامی (2/72) ميں ہے:
(ولو مات وعليه صلوات فائتة وأوصى بالكفارة يعطى لكل صلاة نصف صاع من بر) كالفطرة (وكذا حكم الوتر) والصوم، وإنما يعطي (من ثلث ماله).
(قوله وإنما يعطي من ثلث ماله) أي فلو زادت الوصية على الثلث لا يلزم الولي إخراج الزائد إلا بإجازة الورثة.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved