• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

یکم محرم الحرام کو 113 مرتبہ بسم اللہ لکھنا

استفتاء

سوال: آج کل یہ کہا جا رہا ہے کہ محرم کی پہلی تاریخ کو 113 مرتبہ بسم اللہ لکھ کر گھر پر رکھنےسے ہر آفت اور بلا سے محفوظ رہتے ہیں۔ اس کی کیا حقیقت ہے؟ اس کے بارے میں مولانا شفیع عثمانی صاحب نے جواہرالفقہ میں لکھا ہے؟

جواب: مفتی محمد شفیع عثمانی صاحب رحمہ اللہ  “جواہر الفقہ” میں لکھتے ہیں :

 “جو شخص محرم کی پہلی تاریخ کو ایک سو تیرہ (113)  مرتبہ پوری “بسم اللہ الرحمن الرحیم” کاغذ پر لکھ  کر اپنے  پاس رکھے گا ، ہر طرح  کی آفات ومصائب سے محفوظ  رہے گا، مجرب ہے۔” (جواہر الفقہ: 2/187)

یہ بزرگوں کے تجربات میں سے ہے، سنت یا لازم سمجھے بغیر اس پر عمل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم

آپ حضرات کا اس بارے میں کیا مؤقف ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ہمارا موقف بھی یہی ہے جو مذکورہ فتوے میں مذکور ہے۔ تا ہم فی زمانہ عوام الناس جس طرح اس عمل میں حد درجہ دلچسپی لے رہے ہیں اس کا ترک کر دینا اور اسے نظر انداز کر دینا بہتر معلوم ہوتا ہے ورنہ ذرائع  ابلاغ کی تیز رفتاری کے اس دور میں آئندہ چند سالوں میں عوام الناس اسے یکم محرم الحرام کا ایک لازمی جزو سمجھ لیں گے ویسے بھی امت کے فقہاء  نے کسی مستحب عمل کے متعلق لکھا ہے کہ اگر لوگ اسے ضروری سمجھنے لگیں تو اس کا ترک لازم ہو جاتا ہے جبکہ مذکورہ عمل تو صرف مجرب ہے مستحب بھی نہیں۔ لہذا جب اس میں عوام الناس کا اس درجہ غلو ہونے لگے کہ رسم کی شکل بن جائے اور اسے ضروری سمجھا جانے لگے جو کہ تقریباً ہو رہا ہے تو اس کا ترک کر دینا بدرجہ اولی ضروری ہوگا۔

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح(2/ 755) میں ہے:

قال الطيبي: …‌من ‌أصر ‌على ‌أمر ‌مندوب، وجعله عزما، ولم يعمل بالرخصة فقد أصاب منه الشيطان من الإضلال..

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved