• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

زکوٰة اور عشر سے متعلق چند سوالات

استفتاء

1۔  مسجد کو زکوٰة کی رقم لگتی ہے یا نہیں؟

2۔ مسجد کے ساتھ مدرسہ جہاں طالب علم تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ان کے رہن سہن، کھانے پینے کے اخراجات اور تدریس کے اخراجات و مدرسہ سے متعلقہ دیگر اخراجات زکوٰة کی رقم سے ادا کیے جا سکتے ہیں یا نہیں؟

3۔ زکوٰة اور خیرات میں کیا فرق ہے؟

4۔ اگر ایک آدمی کے پاس ایک سے زیادہ کاریں  استعمال  میں ہیں۔ کیا ان پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے؟

5۔ فیکٹری کی زمین کی مالیت پر اس میں لگے ہوئی مشینری کی مالیت پر زکوٰةکا اطلاق  ہوتا ہے یا نہیں؟

6۔ فیکٹری میں موجود کسی بھی قسم کے خام مال پر جو کہ تیار کرکے بیچنے کی نیت سے رکھا  ہو پر زکوٰة کا  اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

7۔ فیکٹری کے اندر تیار شدہ مال جو کہ بیچنے کی نیت سے پڑا ہو، پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

8۔ فیکٹری کے استعمال میں تمام وہیکلز ( گاڑیاں ) جو کہ موجود ہیں۔ ان کی مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

9۔  نقصان کی صورت میں فیکٹری یا کاروبار کے بقایا اثاثہ جات پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

10۔ زرعی زمین جس پر فصل کاشت نہیں کی جاتی لیکن وہ ملکیت میں ہے، کیا اس زمین کی مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

11۔ زرعی زمین جس پر فصل کاشت کی جاتی ہے فصل پر عشر ہے یا  فصل کے منافع پر عشر ہے؟

12۔ عشر کی رقم کتنے فیصد ہوتی ہے؟

13۔ جس زرعی زمین کی فصل پر عشر ادا کیا جارہا ہے، کیا  اس زرعی زمین کی مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

14۔  جس زرعی زمین پر باغ لگا ہو اس کے پھل کی فروختگی قیمت پر عشر کا اطلاق ہوگا یا اس کے منافع پر عشر کا اطلاق ہوگا؟

15۔ زرعی زمین کی فصل پر اخراجات 1000 روپے ہوئے۔ فصل 800 روپے کی فروخت ہوئی، سال کے آخر میں آپ کے پاس 200 روپے نقصان  آیا اور  بقایا 800 روپے نقد واپس آئے۔ اس 800 روپے پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا؟

16۔ موجود سونا پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟ سونا ، چاندی

17۔ مختلف جگہوں پر خالی پلاٹ زمین جو کہ بیچنے کی نیت سے خرید کیے گئے ہوں، ان کی خرید مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا یا موجودہ مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا؟ یا زکوٰة کا  اطلاق نہیں ہوگا؟

18۔ اگر خالی پلاٹ آپ ملکیت ہیں۔ لیکن متنازعہ ہیں۔ پتہ نہیں ملتے ہیں یا نہیں؟ اگر ملتے ہیں تو کتنے ملتے ہیں؟ اس پر زکوٰة کا اطلاق کیسے ہوگا؟

19۔ ایک عدد مکان جو کہ آپ کی ملکیت ہے۔ لیکن آپ رہائش کے علاوہ ہے اور خالی ہے، یا بچوں کے استعمال میں ہے، یا خاندان کے کسی دوسرے فرد کے استعمال میں ہے جس پر کوئی کرایہ وغیرہ وصول نہیں کیا جاتا۔ کیا اس پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

20۔ بینک میں جمع شدہ رقم پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

21۔ ادھار دیئے گئے مال کی صورت میں پارٹیوں کے نام بقایا جات کی شکل میں موجود ہیں۔ اور ان کی واپسی ہو جاتی ہے، پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

22۔ دوکان یا گودام میں بیچنے کی نیت سے رکھا ہوا مال جس پر نفع اور نقصان دونوں کا احتمال ہے۔ زیادہ نفع کا ہی امکان ہے۔ اس کے نفع پر اس کی ٹوٹل مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا؟

23۔ اگر  کوئی پراپرٹی قسطوں پر خرید کی ہے۔  اور جو قسطیں ادا کی جا چکی ہیں۔ ادا شدہ قسطوں پر یا اس کی موجودہ مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا؟

24۔  زکوٰة سال میں ایک دفعہ ہی اکٹھی ادا کرنا لازمی ہے یا سارا سال تھوڑی تھوڑی ادا کرکے آخر میں جمع کر سکتے ہیں اور جو بقایا  بچ جائے ادا کر دی جائے؟

25۔  اگر زکوٰة زیادہ ادا کر دی جائے تو کیا اگلے سال کی زکوٰة میں سے منہا کی جاسکتی ہے یا نہیں؟

26۔ اگر پچھلے سالوں میں زکوٰة  حساب کے ساتھ ادا نہ کی گئی ہو، تو اس کے بارے میں کیا  احکامات ہیں؟

27۔  اگر فوت شدہ بزرگوں نے زکوٰة حساب کے مطابق ادا نہ کی ہو لیکن خیرات کافی کی ہو۔ اس کے بارے میں کیا احکامات ہیں؟ ایسے عمل جن سے ان کے درجات بلند ہو سکیں۔

28۔ ایک کاروبار جس میں پارٹنرز ہوں اور وہ اپنے اپنے طریقے سے زکوٰة ادا کرتے ہوں۔ اس کا حساب کیسے کیا جائے گا؟

29۔ اگر کسی سال کا روبار میں نقصان ہوا ہو۔ لیکن آپ کے پاس نصاب سے زیادہ رقم۔ پراپرٹی یا مشینری موجود ہو تو کیا اس سال بھی زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟

30۔ اگر قرضہ لیا ہو چاہے وہ بینک سے ہو یا کسی اور ادارے سے ہو یا کسی شخص سے ہو اور واجب الادا ہو۔ لیکن اس سال ادا نہ کرنا ہو۔ تو وہ آپ کے اثاثوں کے ٹوٹل میں سے منہا ہوگا یا نہیں؟

31۔  وہ رقوم جو پارٹیوں کو ادا کرنی ہو، وہ ٹوٹل اثاثوں میں سے منہا ہو گی یا نہیں؟

32۔ گذشتہ سال کی زکوٰة کی رقم  جو ادا نہ کی جا سکی ہو، اس کے متعلق کیا احکامات ہیں؟

33۔ کسی شخص کے پاس 52 تولہ چاندی اور نہ اس کی مالیت کے مطابق رقم موجود ہے، لیکن اس کے گھر میں ٹی وی، موٹر سائیکل، فرنیچر کی مالیت نصاب سے زیادہ ہے۔ لیکن کھانے اور گذارے کے لیے رقم موجود نہیں ہے۔ کیا اس کو زکوٰة  دی  جا سکتی ہے؟

34۔ بیوہ جس کی ملکیت میں گھر ہے، فرنیچر ہے۔ لیکن سونا چاندی یا نقدی نہیں ہے۔ بچے چھوٹے ہیں اور کمانے والا کوئی نہیں۔ کیا اس کو زکوٰة  دی جا سکتی ہے؟

35۔ کیا ہسپتال یا کسی تعلیمی رفاہی ادارے ( یتیم خانے، دارالامان ) کو زکوٰة دی  جا سکتی ہے؟

36۔ گھریلو ملازم یا ملازمہ جس کی تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ اور اس کا بمشکل گذارہ ہوتا ہے، لیکن اس کے گاؤں میں گھر ہے، موٹر سائیکل، بائیکل، ٹی وی وغیرہ  ہے۔ لیکن سونا، چاندی یا نقدی نہیں ہے۔ اس کو زکوٰة دی جا سکتی ہے یا نہیں؟

37۔ زکوٰة کے مستحق زیادہ ہیں، ان میں سے لوگوں کو منتخب کر کے کم از کم یا زیادہ سے زیادہ کتنی زکوٰة دی جا سکتی ہے؟

38۔ کیا 52 تولے چاندی کی مالیت سے زائد رقم یا برابر رقم کسی  ایک مستحق کو دی جا سکتی ہے جو کہ خود صاحب نصاب نہیں  ہے۔

39۔ اگر  ایک شخص کے پاس اپنا گھر ہے اور اس میں موجود موٹر سائیکل، فرنیچر، ٹی وی اور دیگر چیزیں نصاب کی قیمت سے زیادہ رقم کی بنتی ہیں، اس کو  زکوٰة دی جا سکتی ہے یا نہیں؟

40۔ کیا زکوٰة دادا، دادی، نانا، نانی، ماں باپ، بیٹا ، بیٹی، پوتا، پوتی، شوہر یا بیوی کو دی جا سکتی ہے یا نہیں؟

41۔  کیا زکوٰة مستحق قریبی رشتہ داروں کو پہلے دینی چاہیے یا نہیں؟

42۔ زکوٰة دیتے ہوئے نیت ( دل میں ) کر لینا کافی ہے یا زبانی سے بھی ادا  کرنا ضروری ہے؟

43۔ زکوٰة دیتے وقت مستحق کو یہ بتانا ضروری ہے  کہ زکوٰة کی رقم ہے؟

44۔ جس گھر میں آپ خود رہائش رکھتے ہوں اور استعمال کرتے ہوں، اس کی مالیت خواہ کچھ بھی ہو اور اس کے ساتھ زمین جو باغیچہ وغیرہ کی شکل میں ہو۔ جس کا رقبہ تقریباً عام گھروں سے زائد ہو۔ کیا اس کی مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوتا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ نہیں لگتی۔

2۔ براہ راست ادا نہیں کیے جاسکتے، تملیک کرانے کے بعد کر سکتے ہیں۔

3۔ زکوٰة صرف فرض ہوتی ہے، اور صدقہ و خیرات نفل بھی ہوتے ہیں۔

4۔ نہیں ہوتا۔

5۔ نہیں ہوتا۔

6۔ ہوتا ہے۔

7۔ ہوتا ہے۔

8۔ نہیں ہوتا۔

9۔ نقصان کے بعد بھی اگر اتنا مال باقی ہے جو نصاب کے بقدر یا زائد ہو تو زکوٰة آئے گی۔

10۔  نہیں ہوتا۔

11۔ فصل پر عشر ہے۔

12۔ عشر بارانی زمینوں میں 10 فیصد اور نہری میں 5 فیصد ہوتا ہے۔

13۔ نہیں ہوتا۔

14۔ عشر کا اطلاق پھل کی فروختگی کی قیمت پر ہوگا۔

15۔ اس  مسئلے کی ہمیں تاحال مکمل تحقیق نہیں ہے۔

16۔ ہوتا ہے، بشرطیکہ نصاب کے بقدر ہو۔

17۔ موجودہ مالیت پر زکوٰة کا اطلاق ہوگا۔

18۔ وضاحت مطلوب ہے کہ پلاٹ آپ کی اپنی ذاتی ملکیت تھے یا خریدے تھے؟ اور اگر خریدے تھے تو کیا تجارت کی نیت سے خریدے تھے یا نہیں؟

19۔ نہیں ہوتا۔

20۔ ہوتا ہے۔

21۔ ہوتا ہے۔

22۔ ٹوٹل مالیت پر سیل ویلیو کے اعتبار سے زکوٰة ہو گی۔

23۔ اگر پلاٹ تجارت کی نیت سے خریدا ہو تو  بقایا واجب الاداء قسطوں کے بقدر رقم منہا کرنے کے بعد اس کی مالیت پر زکوٰة ہوگی۔

24۔ دونوں طریقے جائز ہیں۔

25۔ منہا کی جاسکتی ہے۔

26۔ اس کا حساب کیا جائے، جتنی بنتی تھی اگر اتنی ادا ہوگی ہے تو ٹھیک، ورنہ باقی ادا کریں۔

27۔ اللہ تعالیٰ سے اچھی امید رکھنی چاہیے کہ وہ اس کو قبول فرمالیں۔

28۔ ہر پارٹنر اپنے حصے کی مالیت معلوم کرکے اس کی زکوٰة دینے کا ذمہ دار ہے۔ اجتماعی طور پر بھی زکوٰة دی جاسکتی ہے۔

29۔ قابل زکوٰة مال پر زکوٰة ہوگی۔

30۔ منہا ہوگی۔

31۔ منہا ہوگی۔

32۔ اب ادا کردیں۔

33۔  گھر اور موٹر سائیکل تو ضروریات میں شامل ہیں، باقی ٹی وی اور دیگر ایسا  سامان جو روز مرہ کے استعمال میں نہیں آتا، بلکہ سالہا سال رکھا رہتا ہے۔ اگر ان اشیاء کی قیمت ساڑھے باؤن تولہ چاندی کی مالیت کے بقدر ہو جائے تو ایسے شخص کو زکوٰة نہیں دے سکتے۔ ورنہ دے سکتے ہیں۔

34۔ دے سکتے ہیں۔

35۔ اداروں کو نہ دیں۔ جو مریض مستحق زکوٰة ہوں ان کو زکوٰة کی رقم سے دوائیں خرید کر دے دیں۔

36۔ اس کا جواب نمبر 33 میں ملاحظہ کریں۔

37۔ کوئی تحدید نہیں، البتہ اتنا نہ دے کہ جس سے لینے والا صاحب نصاب بن جائے۔ لیکن اگر ضرورت ہو ( مثلاً مقروض ہو) تو اس کی  ضرورت کے بقدر یکمشت نصاب سے زیادہ بھی دی جا سکتی ہے۔

38۔ اتنا دینا مناسب نہیں، اگر کسی مجبوری سے دیں گے تو زکوٰة ادا ہوجائے گی۔

39۔ اس کا جواب نمبر 33 میں ملاحظہ کریں۔

40۔ نہیں دی جاسکتی ۔

41۔ زکوٰة میں مستحق قریبی رشتہ داروںکو مقدم رکھنابہتر ہے۔

42۔ صرف دل سے کرنا ضروری ہے، زبان سے بتانا ضروری نہیں۔

43۔ ضروری نہیں۔

44۔ نہیں ہوتا۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم

 

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved