• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

زندگی میں بیٹوں کو ہبہ ہوسکتا ہے

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مسئلہ یہ ہے کہ ہماری ایک عزیز خاتون ہیں،ان کی تین بڑی بیٹیاں اور دو چھوٹے بیٹے ہیں، تینوں بڑی بیٹیوں کی شادیاں ہو چکی ہےاور بعد میں دو چھوٹے بیٹوں کی شادی بھی ہوچکی ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ تینوں بڑی بیٹیوں کی شادیاں ہوئیں تو ان کے پاس کوئی نیا گھر،پلاٹ یا جائیداد نہیں تھی اور کرائے کے گھر میں رہتے تھے  اور بیٹے بھی ابھی چھوٹے تھے، تینوں بیٹیوں کی شادیاں آج کل کے رسم و رواج کے مطابق دھوم دھام سے ہوئیں،اورجہیزوغیرہ بھی کافی دیا گیا،یکےبعددیگرے بیٹیوں کی شادیوں کے باعث خاتون کبھی اپنا گھر یا پلاٹ تک نہیں بنا سکی، بیٹیوں کی شادیوں سے فارغ ہوکر کافی سالوں کے بعد اب انھوں نے اپناچھوٹا سا گھر بنایا ہے جس میں شادی شدہ بیٹے اپنی بیوی بچوں کے ساتھ رہ رہے ہیں،یہ خاتون مرنے سے پہلے اپنی بیٹیوں اور بیٹوں کو حصہ دینا چاہ رہی ہیں جبکہ بیٹیاں اپنے اپنے گھر میں خوشحال زندگی گزار رہی ہیں اوراس چھوٹے سےگھرکے حصےکرنے سےان کے دونوں بیٹوں اوران کے بیوی، بچوں کے پاس اتنے پیسے نہیں بچیں گے کہ وہ اپنا کوئی ٹھکانہ یا چھوٹا سا پلاٹ خریدسکیں، رہنمائی فرمائیے گا اس صورتحال میں بیٹیوں کا جائیداد میں حصہ بنتا ہے؟یا وہ خاتون اپنی مرضی سے اپناگھراپنے بیٹوں کو مکمل طور پردے سکتی ہیں؟یاد رہے کہ یہ گھر اس خاتون نے اپنی کمائی سے بنایا ہے، تینوں بیٹیوں کی شادیوں کے کافی سالوں کے بعد بنایا ہے جبکہ ان کے بیٹوں کے بچے بھی اب جوان ہیں اور بیٹیوں کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی وجہ سے ہی پہلے گھر یا پلاٹ تک نہیں بنا سکی تھیں۔

  1. کیااس صورتحال میں بیٹیوں کا اس گھر میں کوئی شرعی حصہ بنتا ہے؟
  2. کیا وہ خاتون اپنی مرضی سے تحفتاً یہ گھر اپنے بیٹوں کو دے سکتی ہیں؟

وضاحت:خاتون سرکاری ملازم تھیں،گھر انہوں نے صرف اپنی کمائی سے بنایا ہے۔اس میں بیٹیوں کے پیسے شامل نہیں کیے گئے۔نیز مذکورہ خاتون کے خاوند زندہ ہیں۔خاتون کے پاس علیحدہ سے کچھ پیسے ہیں۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔جب تک یہ خاتون زندہ ہیں اس وقت تک اس گھر میں کسی بیٹے یا بیٹی کا کوئی شرعی حصہ نہیں۔

2۔مذکورہ صورت میں یہ خاتون اپنا گھر اپنے بیٹوں کو دے سکتی ہےکیونکہ یہ دینابیٹیوں کو محروم کرنے کی غرض سے نہیں بلکہ بیٹوں کی مالی حالت کمزورہونے کی وجہ سے ہے۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved