• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سہرابندی کی رسم اور نوٹوں کے ہار پہنانا

استفتاء

سہرا بندی کی رسم کے بارے میں کیا حکم ہے اور اس میں دولہے  کے پھوپھا دولہے کو پیسے والے ہار پہناتے ہیں اور پھر بعد میں  دولہے والے ان کو اپنی خوشی سے اس سے زیادہ پیسے دیتے ہیں ، تو کیا یہ جائز ہے اگر نہیں تو  کیا کوئی جائز صورت بن سکتی ہے ؟ تفصیلی جواب عنایت فرماکر ممنون فرمائیں ۔ جزاکم اللہ خیرا ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سہرا بندی کی رسم  جائز نہیں کیونکہ سہرا ہندؤں  کی  رسم ہے جس سے اجتناب ضروری ہے ۔

نیز دولہے کو پیسے والے ہار پہنانا اور دولہے  والوں کا  ہار میں لگے ہوئے پیسوں سے زائد پیسے دینا  بھی جائز  نہیں  کیونکہ اس میں ایک تو   تصویریں ہوتی ہیں اور دوسرے ان زائد پیسوں کی کوئی شرعی وجہ نہیں بنتی  بلکہ یہ سود  بنتے ہیں۔

فتاوی محمودیہ (11/213) میں ہے  :

“سہرا  باندھنااصالۃً ہندوانہ رسم ہے،جو کہ ہندوستان کے بے علم اور بے عمل خاندانوں میں بھی ان کے اختلاط سے باقی رہ گئی ،اس کو ترک کرنا لازم ہے۔ہندوستان کے اکابر علماء:مفتی عزیز الرحمان صاحب،حضرت مفتی کفایت اللہ صاحب،حضرت مولانا خلیل احمد صاحب،حضرت مولانا اشرف علی صاحب رحمھم اللہ تعالٰی نے حدیث “من ‌تشبه بقوم فهو منهم”  کی رو سے اس کو منع فرمایا ہے۔

کفایۃ المفتی (9/95) میں ہے:

سوال: بوقت شادی  نوشہ کے سر پر جو سہرا ڈالتے ہیں جائز ہے یا نہیں؟ اور گلے میں سہرہ ڈالا جاسکتا ہے یا نہیں؟

جواب: سہرا سر پر ڈالا جاتا ہے اگر اس کو گلے میں ڈال دیا جائے تو وہ سہرے کے حکم میں نہیں رہتا سر پر سہرا ڈالنا ناجائز ہے کہ ہندؤوں کی رسم ہے، گلے میں ہار ڈالنا جائز ہے۔

خزانۃ الاکمل (3/476) میں ہے:

ولابأس بحمل دراهم عليها تماثيل ويكره أن يعلق في الاعناق

امداد الفتاویٰ (4/135) میں ہے:

سوال: جس  روپے، اٹھنی، چونی وغیرہ میں تصویر ہے جیساکہ ایڈورڈ ہفتم کی تصویر ہے اس کو عورتوں کا گلے میں ڈالنا اس کو گلے یا کمر میں رکھ کر نماز پڑھنا درست ہے یا نہیں؟

جواب: گلے میں ڈالنا درست نہیں اور پاس رکھ کر نماز درست ہے کیونکہ اول میں ضرورت نہیں ، ثانی میں ضرورت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved