- فتوی نمبر: 36-68
- تاریخ: 18 جولائی 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > مسافر کی نماز کا بیان
استفتاء
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں ہمارا گاؤں 19 ایس پی، شہر سے ایک ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اس کی آبادی تقریبا شہر کے ساتھ متصل ہو رہی ہے درمیان میں ایک دو ایکڑ کا فاصلہ ہے، نیز شہر کی جو سبزی منڈی ہے حکومتی کاغذوں کے اندر جہاں پر وہ موجود ہے وہ 19 ایس پی کی جگہ ہے اور اسی طریقے سے جو اب نئی غلہ منڈی بن رہی ہے وہ بھی آدھی 19 ایس پی کی زمین کے اندر ہی بن رہی ہے،بلکہ جہاں ڈی پی اوآفس اور ڈی سی او آفس ہے یہ بھی کاغذات میں 19 ایس پی کی زمین ہے، تو اب سوال یہ ہے کہ:
1۔ 19 ایس پی یہ فناء مصر کے اندر داخل ہے یا داخل نہیں؟ یعنی اس کی علیحدہ سے شناخت ہے اور اس کا حکم علیحدہ ہے یا یہ شہر میں داخل ہے؟
2۔ اور اسی طرح اس گاؤں میں رہنے والا جب شرعی سفر سے واپس شہر میں داخل ہو گا تو مسافر ہی رہے گا یا مقیم بن جائے گا؟
وضاحت مطلوب ہے: گاؤں اور شہر کے درمیان جو فاصلہ ہے اس کی صحیح پیمائش کیا ہے؟
جواب وضاحت: اس حوالے سے گزارش یہ ہے کہ شہر کی جو سبزی منڈی ہے وہ 19 ایس پی کی زمین کے اندر ہے 19 ایس پی کا جو چوک ہے اس کو شہر میں شمار کیا جاتا ہے اور وہاں آبادی بھی ہے تقریبا ڈیڑھ، دو سو گھر ہیں اور یہ شہر کے ساتھ بالکل متصل ہے ، البتہ گاؤں 19 ایس پی کی جو بڑی آبادی ہے اس کے اور 19 ایس پی چوک کے پاس جو آبادی ہے اس کے درمیان ڈیڑھ ، دو ایکڑ کے رقبہ پر کھیت ہیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔گاؤں کی بڑی آبادی فناء مصر میں داخل نہیں ہے البتہ 19 ایس پی چوک والی آبادی فناء مصرمیں داخل ہے۔
2۔گاؤں کی بڑی آبادی کا رہائشی اگر شرعی سفر سے واپسی پر شہر میں داخل ہو تو وہ مقیم نہیں کہلائے گا البتہ 19 ایس پی چوک کی آبادی میں رہنے والا شخص اگر شرعی سفر سے واپسی پر شہر میں داخل ہو تو وہ مقیم بن جائے گا۔
توجیہ:مذکورہ صورت میں گاؤں 19 ایس پی کی جو بڑی آبادی ہے وہ نہ فناء مصر میں داخل ہے کیونکہ شہر کی سبزی منڈی اور غلہ منڈی تو شہر کے لیے فناء ہو سکتی ہے لیکن سبزی منڈی اور غلہ منڈی گاؤں 19 ایس پی کی حدود میں ہونے کی وجہ سے پورا گاؤں شہر کے لیے فناء نہیں بن سکتا اور نہ ہی وہ (گاؤں 19 ایس پی) شہر کے ساتھ متصل ہے کیونکہ درمیان میں دو ایکڑ کے رقبے پر کھیت ہیں جو کہ اتصال سے مانع ہیں ، لہذا گاؤں کی بڑی آبادی میں رہنے والا شخص جب شرعی سفر سے واپس آ کر بغیر گاؤں میں داخل ہوئے شہر میں داخل ہوگا تو وہ مسافر ہی رہے گا مقیم نہیں کہلائے گا ، البتہ گاؤں 19 ایس پی والا جو چوک ہے اس کی آبادی چونکہ شہر کے ساتھ متصل ہے اس لیے اس کو شہر کا حصہ شمار کیا جائے گا لہذا جو شخص 19 ایس پی کے چوک میں رہتا ہے وہ اگر شرعی سفر سے واپسی پر شہر میں داخل ہوگا تو مقیم ہو جائے گا۔
نوٹ: مذکورہ صورت میں 19 ایس پی بالفرض شہر کے لیے فناء بن بھی جائے تب بھی مسئلہ پر فرق نہیں پڑے گا کیونکہ فناءمصر اور مصر کے درمیان اگر اتصال نہ ہو تو سفر اور اقامت کے مسائل میں وہ الگ الگ شمار ہوتے ہیں ۔
شامی (2/ 121) میں ہے:
(من خرج من عمارة موضع إقامته) من جانب خروجه وإن لم يجاوز من الجانب الآخر. وفي الخانية: إن كان بين الفناء والمصر أقل من غلوة وليس بينهما مزرعة يشترط مجاوزته وإلا فلا.
(قوله من خرج من عمارة موضع إقامته) أراد بالعمارة ما يشمل بيوت الأخبية لأن بها عمارة موضعها……………وأما الفناء وهو المكان المعد لمصالح البلد كركض الدواب ودفن الموتى وإلقاء التراب، فإن اتصل بالمصر اعتبر مجاوزته وإن انفصل بغلوة أو مزرعة فلا كما يأتي، بخلاف الجمعة فتصح إقامتها في الفناء ولو منفصلا بمزارع لأن الجمعة من مصالح البلد بخلاف السفر كما حققه الشرنبلالي في رسالته وسيأتي في بابها، والقرية المتصلة بالفناء دون الربض لا تعتبر مجاوزتها على الصحيح كما في شرح المنية.
مراقى الفلاح (ص: 423 ) میں ہے:
[وإن انفصل البناء بمزرعة أو] فضاء [قدر غلوة] وتقدم أنها من ثلاثمائة خطوة إلى أربعمائة [لا يشترط مجاوزته] أي الفناء وكذا لو اتصلت القرية بالفناء لا بالربض لا يشترط مجاوزتها بل مجاوزة الفناء كذا في قاضيخان.
و فى حاشيته :قوله: “وتقدم أنها من ثلثمائة الخ” فإذا تحقق أقلها لا يشترط مجاوزته وفي البحر الغلوة أربعمائة ذراع في الأصح ولعله بيان لنهايتها قال التمرتاشي إن هذا التفصيل هو الأشبه.
احسن الفتاوی (4/73) میں ہے :
اگر بستی سے شہر تک مسلسل عمارات نہیں بلکہ بقدر غلوۃ ( 137.16میٹر )یا اس سے زائد خلا ہے یا درمیان میں زرعی اراضی ہیں تو یہ مستقل آبادی شمار ہوگی اس کے مکانات سے نکلنے پر قصر کا حکم شروع ہو جائے گا ………… عبارات فقہ میں اتصال آبادی کا کوئی معیار نظر سے نہیں گزرا بظاہر اس کا معیار رؤیت ظاہرہ پر ہے یعنی دیکھنے میں اتصال نظر آئے مگر وجود مزارع یا قدر غلوۃ بہر کیف موجب انقطاع ہے کیونکہ فناء مصر صحت جمعہ میں اگرچہ مطلقا بحکم مصر ہے مگر حکم قصر میں وجود مزارع یا قدر غلوۃ الحاق بالمصر سے مانع ہے حالانکہ فناء متعلقات مصر سے ہے تو قریہ مستقلہ میں یہ فصل بطریق اولی مانع الحاق ہوگا البتہ فصل مذکور کے باوجود اگر عام عرف میں دو مقام ایک ہی شہر کے دو محلے سمجھے جاتے ہوں تو حکم اتحاد ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved