- فتوی نمبر: 36-372
- تاریخ: 10 نومبر 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > تصاویر
استفتاء
’’قیامت کے دن جاندار چیزوں کی تصاویر بنانے والوں کو سب سے زیادہ عذاب ہوگا‘‘(بخاری ومسلم)
کیا موبائل فون میں بھی بنانا منع ہے؟ اور ہمارے شناختی کارڈ پر بھی تصویر ہوتی ہے کیا وہ ٹھیک ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ہماری تحقیق میں موبائل فون میں بھی بنانا منع ہے ۔ رہا شناختی کارڈ کا مسئلہ تو اس میں حکومت کی جانب سے مجبور ی کی وجہ سے گنجائش ہے۔
شرح النووی علی مسلم (14/81) میں ہے:
قال أصحابنا وغيرهم من العلماء تصوير صورة الحيوان حرام شديد التحريم وهو من الكبائر لأنه متوعد عليه بهذا الوعيد الشديد المذكور في الأحاديث وسواء صنعه بما يمتهن أو بغيره فصنعته حرام بكل حال لأن فيه مضاهاة لخلق الله تعالى وسواء ما كان فى ثوب أو بساط أودرهم أو دينار أو فلس أو إناء أو حائط أو غيرها
تکملہ فتح الملہم (4/64) میں ہے:
أما اتخاذ الصورة الشمسية لضرورة أو حاجة، كحاجتها في جواز السفر وفي التأشيرة وفي البطاقات الشخصية، أو في المواضع يحتاج فيها إلى معرفة هوية المرء، فينبغي أن يكون مرخصًا فيه، فإن الفقهاء رحمهم الله تعالى استثنوا مواضع الضرورة من الحرمة.
مسائل بہشتی زیور (2/428) میں ہے:
تصویر کشی (یعنی تصویر بنانا )
تصویر کشی صرف اسی کا نام نہیں کہ قلم یا پینسل سے تصویر بنائی جائے یا پتھر وغیرہ کا بت تراشا جائے بلکہ وہ تمام صورتیں تصویر کشی میں داخل ہیں جن کے ذریعہ تصویر یں بنتی ہیں خواہ وہ آلات قدیمہ ہوں یا آلات جدیدہ فوٹو گرافی اور طباعت سے ہوں یا ویڈیو اور سی ڈی وغیرہ سے ہوں۔ وجہ یہ ہے کہ آلات وذرائع کی تخصیص کسی کام میں مقصود نہیں ہوتی اور احکام کا تعلق اصل مقصد سے ہوتا ہے۔ تصویر تصویر ہے، خواہ کسی بھی ذریعہ سے ہو، ویڈیو (Video) اور سی ڈی کے بارے میں بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ ان سے حاصل ہونے والی صورت تصویر نہیں ہے عکس ہے۔ ان کے نزدیک اس کی وجوہات یہ ہو سکتی ہیں:
(1) سکرین پر جو نقش آتا ہے وہ ویڈیو یا سی ڈی میں محفوظ شعاؤں کا عکس ہے۔ اس لیے جب تک ویڈیو اور سی ڈی کو چلا یا جا رہا ہو سکرین پر نقش باقی رہتا ہے اور جب اس کو بند کر دو تو نقش غائب ہو جاتا ہے۔
(۲) آئینہ میں بھی ایسے ہی ہوتا ہے۔ جب تک آدمی اس کے سامنے ہوتا ہے اس کا عکس آئینہ میں رہتا ہے اور جب آدمی ہٹ جائے تو عکس غائب ہو جاتا ہے۔
(۳) جیسے آئینہ میں نقش باقی نہیں رہتا اسی طرح سکرین پر بھی نقش باقی نہیں رہتا۔
اس کا جواب یہ ہے کہ ویڈیو اور سی ڈی میں آدمی کی صورت کی شعائیں محفوظ کی جاتی ہیں۔ اس لیے وہ آدمی کی صورت کا عکس نہیں ہے۔ پھر ویڈیو یا سی ڈی چلانے پر سکرین پر شعاؤں کی وجہ سے جو صورت نظر آتی ہے وہ آئینہ کے عکس سے بہت مختلف ہوتی ہے۔ غرض ویڈیو اور سی ڈی میں دو عمل ہیں۔ ایک صورت کی شعاؤں کو محفوظ کرنا اور دوسرے ان شعاؤں کو صورت میں تبدیل کرنا ۔ علاوہ ازیں عکس جیسا کہ آئینہ میں نظر آتا ہے اسی وقت تک رہتا ہے جب تک اصل صورت آئینہ کے سامنے رہے اگر اصل صورت ہٹ جائے تو عکس جاتا رہتا ہے اس کے برعکس یہاں شعاؤں کی صورت میں نقش کو محفوظ کرلیا جاتا ہے اور جب چاہو سکرین پر اس کوجتنی دیر کے لیے چاہو ظاہر کرو۔ رہی یہ بات کہ سکرین پر نظر آنے والا نقش پائیدار نہیں ہوتا آلہ بند کرنے سے ختم ہو جاتا ہے تو اس سے اس کی تصویر ہونے پر کچھ اثر نہیں پڑتا کیونکہ صورت کو شعاؤں کی شکل میں تو محفوظ کیا ہوا ہے وہ عمل تو ختم نہیں ہوتا اور دوسرا عمل جب چاہو کر لو۔ اگر پھر بھی کسی کا دل اس کے تصویر ہونے پر مطمئن نہ ہوتا ہو تو احتیاط کے پہلو کو اختیار کرنے ہی کو تر جیح حاصل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved