• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

تحریم لغیر اللہ اور نذر لغیر اللہ کے جانوروں میں فرق کیوں ہے؟

استفتاء

تحریم لغیر اللہ جیسے بحیرة ، سائبہ  ، وسیلہ   ، حام   ۔یہ جانور  حلال ہیں۔

نذرلغیر اللہ جسے نذرات مشرکین  بھی کہتے ہیں  یہ حرام  ہیں یعنی  کھا پی نہیں سکتے  ۔پوچھنا یہ ہے کہ ان دونوں میں فرق کیوں  ہے  ؟

تنقیح: نذرات مشرکین یعنی بتوں وغیرہ کے نام پر ذبح کرنا اسی طرح درباروں پر پیروں کے نام پر ذبح کرنا حرام کیوں؟ اس میں  اور سائبہ وغیرہ میں فرق کیوں ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

ان دونوں میں  فرق کو سمجھنے کے لیے معارف القرآن کی مندرجہ ذیل عبارت ملاحظہ کریں۔

معارف القرآن(414/1)میں ہے

(ما أهل به لغيرالله)کی تین صورتیں ہیں:

پہلی صورت یہ ہے کہ کسی جانور کو غیر اللہ کے تقرب کے لیے ذبح کیا جائے اور بوقت ذبح اس پر  غیر اللہ کا نام لیا جائے،یہ صورت باتفاق و باجماع امت حرام ہے اور یہ جانور میتہ ہے اس کے کسی جز سے انتفاع جائز نہیں کیونکہ یہ صورت (ما أهل به لغير الله )کا مدلول صریح ہے جس میں کسی کا اختلاف نہیں۔

دوسری صورت یہ ہے کہ کسی جانور کو تقرب الی غیر اللہ کے لیے ذبح کیا جائے یعنی اس کا خون بہانے سے تقرب الی غیر اللہ مقصود ہو،لیکن بوقت ذبح اس پر اللہ ہی کا نام لیا جائے جیسے بہت سے ناواقف مسلمان بزرگوں، پیروں کے نام پر ان کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے بکرے،مرغے، وغیرہ ذبح کرتے ہیں لیکن ذبح کے وقت اس پر نام اللہ ہی کا پکارتے ہیں یہ صورت بھی باتفاق فقہاء حرام اور مذبوحہ مردار ہے

تیسری صورت یہ ہے کہ کسی جانور کا کان کاٹ کر یا کوئی دوسری علامت لگا کر تقرب الی غیر اللہ اور تعظیم غیر اللہ کے لیے چھوڑ دیا جائے، نہ اس سے کام لیں اور نہ اس کے ذبح کرنے کا مقصد ہو بلکہ اس کے ذبح کرنے کو حرام جانیں یہ جانور ( ما أهل به لغير الله)اور( ماذبح على النصب)دونوں میں داخل نہیں بلکہ اس قسم کے جانور کو بحیرہ،سائبہ،وغیرہ کہا جاتا ہے اور حکم ان کا یہ ہے کہ یہ فعل تو بنص قرآن حرام ہے جیسا کہ آیت( ما جعل الله من بحيرة ولا سائبةالخ)میں ہے مگر ان کے اس حرام عمل سے اور اس جانور کو حرام سمجھنے کے عقیدے سے یہ جانور حرام نہیں ہو جاتا بلکہ اس کو حرام سمجھنے میں تو ان کے عقیدہ باطلہ کی تائید و تقویت ہوتی ہے اس لیے یہ جانور عام جانوروں کی طرح حلال ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved