• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

1۔مسبوق کا سہواً امام کیساتھ سلام پھیرنا2۔ نماز شروع کرنے کے بعد نیت تبدیل کرنا

استفتاء

1۔اگر کسی  مسبوق نے  امام کے  ساتھ سہوا ایک طرف سلام پھیر دیا  پھر اس کو یاد آیا اور اس نے کھڑے ہو کر اپنی نماز مکمل کر لی، تو اس کے ذمہ سجدہ سہو آئے گا یا  نہیں؟

2۔اگر امام کے ذمہ سجدہ سہو ہو اور کوئی مسبوق شخص امام کے سجدہ سہو کا سلام پھیرتے وقت غلطی سے امام کے ساتھ  سلام پھیر لے تو کیا اس کے ذمہ سجدہ سہو ہوگا؟

3۔کیا نماز کے دوران نیت تبدیل کر سکتے ہیں؟ مثلاً نفل کی نیت سے نماز شروع کرلی تو خیال آیا کہ قضا نماز پڑھ لوں کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ چونکہ عموماً مقتدی امام کے سلام کے بعد سلام پھیرتے ہیں اور امام کے سلام پھیرنے کے بعد مقتدی منفرد ہو جاتا ہے اور منفرد کے بھول کر سلام پھیرنے سے سجدہ سہو آتا ہے، اس لیے  اس مسبوق پر اپنی نماز کے آخر میں سجدہ سہو آئے گا۔

2۔ اگر ان کو مسئلہ معلوم ہے کہ ایسی صورت میں امام کے ساتھ سلام نہیں پھیرتے، پھر بھی بھولے سے امام کے ساتھ سلام پھیر دیا  تو نماز فاسد نہیں ہوگی اور سجدہ سہو بھی نہیں آئے گا، کیونکہ ابھی وہ مقتدی ہے اور مقتدی کے بھول کر سلام پھیرنے سے نہ نماز فاسد ہوتی ہے اور نہ سجدہ سہو آتا ہے۔ اور اگر مسئلے کا علم نہ ہو اور   اس نیت سے امام کیساتھ سلام پھیرے کہ مسبوق  کے ذمہ بھی امام کیساتھ سجدہ سہو کا سلام پھیرنا ہے  تو ایسی صورت میں چونکہ بھول کر سلام پھیرنا نہیں ہے بلکہ عمداً (جان بوجھ کر) سلام پھیرنا ہے اور مقتدی کے عمداً سلام پھیرنے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے اس لیے ایسی صورت میں نماز فاسد ہوجائے گی۔

3۔ صرف نیت تبدیل کرلینے سے نماز تبدیل نہیں ہوتی بلکہ جس نماز کی نیت کی ہے اس کے لیے دوبارہ تکبیر تحریمہ  کہیں گے تو نماز  تبدیل ہوگی ۔ لہٰذا مذکورہ صورت میں قضا نماز کی نیت کے ساتھ ساتھ تکبیر تحریمہ  کہیں گے تو نماز تبدیل ہوگی اور قضا نماز درست ہوگی  ، نیز اس صورت میں دو نفل کی قضا بھی لازم ہوگی۔تاہم ایسا کرنا جائز نہیں کیونکہ یہ  ایک عمل کو  باطل کرنا ہے جوکہ ناجائز ہے۔

الدر المختار مع ردالمحتار (2/82) میں ہے:

(والمسبوق يسجد مع إمامه مطلقا)

(قوله والمسبوق يسجد مع إمامه) قيد بالسجود لأنه لا يتابعه في السلام، بل يسجد معه ويتشهد فإذا سلم الإمام قام إلى القضاء، فإن سلم فإن كان عامدا فسدت وإلا لا، ولا سجود عليه إن سلم سهوا قبل الإمام أو معه؛ وإن سلم بعده لزمه لكونه منفردا حينئذ بحر

الدر المختار (2/82) میں ہے:

ولو سلم ساهيا إن بعد إمامه لزمه السهو وإلا لا.

ہندیہ (1/98) میں ہے:

ولو سلم المسبوق مع الإمام ينظر إن كان ذاكرا لما عليه من القضاء فسدت صلاته وإن كان ساهيا لما عليه من القضاء لا تفسد صلاته؛ لأنه سلام الساهي فلا يخرجه عن حرمة الصلاة. كذا في شرح الطحاوي في باب سجود السهو.

الدر المختار مع ردالمحتار (1/441) میں ہے:

ولا تبطل بنية القطع ما لم يكبر بنية مغايرة،

(قوله ولا تبطل بنية القطع) وكذا بنية الانتقال إلى غيرها ط (قوله ما لم يكبر بنية مغايرة) بأن يكبر ناويا النفل بعد شروع الفرض وعكسه، أو الفائتة بعد الوقتية وعكسه، أو الاقتداء بعد الانفراد وعكسه.

حلبۃ المجلی شرح منیۃ المصلی (1/673) میں ہے:

أما مجرد النية بالقلب من غير تكبير باللسان فغير مخرج من الأولى

ہندیہ (1/66) میں ہے:

ولو افتتح الظهر ثم نوى التطوع أو العصر أو الفائتة أو الجنازة وكبر يخرج عن الأول ويشرع في الثاني والنية بدون التكبير ليس بمخرج.

الدر المختار مع ردالمحتار (2/29) میں ہے:

(ولزم نفل شرع فيه) بتكبيرة الاحرام أو بقيام الثالثة شروعا صحيحا (قصدا)

(قوله ولزم نفل إلخ) أي لزم المضي فيه، حتى إذا أفسده لزم قضاؤه أي قضاء ركعتين، وإن نوى أكثر على ما يأتي

البحر الرائق (2/78) میں ہے:

الأصل أن نقض العبادة قصدا بلا عذر حرام لقوله تعالى {ولا تبطلوا أعمالكم}

فتاویٰ محمودیہ(6/553) میں ہے:

سوال: ایک آدمی مسبوق ہے اور امام کو سجدۂ سہو لاحق ہو گیا، امام نے سجدۂ سہو کے لیے سلام پھیرا، تو مسبوق کو یہ بات یاد نہ رہی کہ میں مسبوق ہوں، یا مسئلہ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے امام کے ساتھ سلام پھیر دیا۔ ان تمام صورتوں میں مسبوق کی نماز ہوئی یا نہیں؟ اگر بھول کر سلام پھیرا ہو تو کس صورت میں جائز ہے اور کس صورت میں نہیں؟

جواب: اگر مسبوق نے بھول کر سلام میں امام کی اتباع کی ہے تو اس سے اس کی نماز میں نقصان نہیں آیا۔ اگر جان بوجھ کر قصداً اتباع کیا ہے تو اس کی نماز فاسد ہوگئی۔

( تنبیہ) یہ یاد ہوتے ہوئے کہ مسبوق ہوں، مسئلہ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے سلام پھیرنا، سہو میں داخل نہیں ہے۔

فتاوی محمودیہ(6/556) میں ہے:

سوال: زید کی نماز جماعت میں مسبوق ہے اور امام کو سجدۂ سہو کرنا پڑا۔ زید نے بھی سہوا امام کے ساتھ دائیں طرف سلام پھیر دیا اور امام کے ساتھ سجدۂ سہو کیا۔ بعد ازاں امام نے نماز ختم کر دی، زید نے کھڑے ہو کر اپنی بقیہ رکعت پوری کر لی۔ آیا زید کو دوبارہ سجدۂ سہو کرنے کی ضرورت تھی یا نماز کا اعادہ کرنا چاہیے تھا یا نہیں؟

جواب: صورتِ مسئولہ میں زید کی نماز صحیح ہوگئی، اعادے کی ضرورت نہیں۔ ایسی حالت میں مسبوق کو امام کے ساتھ سجدۂ سہو کرنا تو ضروری ہے، لیکن سجدۂ سہو کے لیے سلام میں امام کا اتباع کرنا جائز نہیں۔ اگر قصداً امام کے ساتھ سلام پھیرے گا تو مسبوق کی نماز فاسد ہوجائے گی، اور سہواً سلام پھیرے گا تو نماز فاسد نہیں ہوگی۔اور زید نے صورتِ مسئولہ میں سہواً سلام پھیرا ہے، اس لیے نماز فاسد نہیں ہوئی۔ اور  بحالتِ اقتدا سہواً سلام پھیرا ہے ، اور مقتدی کے سہو سے سجدۂ سہو لازم نہیں آتا، اس لیے بقیہ نماز پوری کرنے میں سجدۂ سہو لازم نہیں آتا اس لیے بقیہ نماز پوری کرنے میں سجدہ سہو لازم ہے۔

(والمسبوق يسجد مع إمامه) قيد بالسجود لأنه لا يتابعه في السلام، بل يسجد معه ويتشهد فإذا سلم الإمام قام إلى القضاء، فإن سلم فإن كان عامدا فسدت وإلا لا

عمدۃ الفقہ(2/77)میں ہے:

ظہر کی نماز شروع کی پھر نفل نماز کی یا عصر کی نماز یا جنازہ کی نماز کی نیت کر لی اور تکبیر کہی تو پہلی نماز سے نکل گیا اور دوسری نماز شروع ہو گئی اور اگر تکبیر نہ کہے صرف دل میں نیت کر لے تو پہلی نماز سے نہیں نکلتا اس میں اصول یہ ہے کہ نماز توڑنے یا بدلنے کی نیت سے وہ نماز باطل نہیں ہوتی جب تک دوسری نماز کی نیت سے تکبیر نہ کہے یا کوئی اور نماز کو توڑنے والا عمل نہ کرے۔اگر شروع کی ہوئی نماز میں پھر اسی نماز کی نیت سے تکبیر کہی تو پہلی ہی نیت برقرار رہے گی مثلا اگر ظہر کی ایک رکعت پڑھ لی پھر ظہر ہی کی نماز کی نیت سے تکبیر کہی تو وہ نماز اسی طرح رہے گی اور وہ پڑھی ہوئی رکعت جائز ہو جائے گی اور شمار کی جائے گی اور یہ فعل لغو ہو جائے گا پس اگر اس رکعت کو شمار نہ کرے اور اس کے علاوہ چار رکعت اور پڑھ کر قاعدہ اخیرہ کرے تو نماز فاسد ہو جائے گی کیونکہ قاعدہ اخیرہ چوتھی رکعت کے بعد ادا نہیں ہوا بلکہ پانچویں کے بعد ادا ہوا ہے اور اگر پہلی رکعت کو شمار کر کے چوتھی پر قاعدہ اخیرہ کیا تو نماز ہو گئی یہ حکم اس وقت ہے جبکہ نیت صرف دل سے کرے لیکن اگر اس نے زبان سے بھی کہا کہ میں ظہر کی نماز پڑھتا ہوں یا ظہر کی نماز کی نیت کرتا ہوں تو وہ پہلی نماز ٹوٹ جائے گی اور وہ رکعت جائز نہ ہوگی اور شمار میں نہ آئے گی بلکہ نئے سرے سے نماز شروع ہو جائے گی اور یہ حکم سب صورتوں کے لیے برابر ہے خواہ وہ دونوں نیتیں فرض نماز کی ہوں یا پہلی فرض کے لیے نیت کی ہو اور پھر نفل کی نیت کی ہو یہ پہلی نیت نفل کی ہو اور دوسری فرض کی ہو پس اگر نفل نماز کی نیت سے تکبیر کہی پھر نئی تکبیر کے ساتھ فرض نماز کی نیت کی تو فرض نماز شروع ہو جائے گی اور نفل فاسد ہو جائیں گے اس لیے ان کی قضا کرے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved