- فتوی نمبر: 37-148
- تاریخ: 18 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تین طلاقوں کا حکم
استفتاء
کچھ دن قبل میری بیوی اور میری والدہ کے درمیان لڑائی ہوئی ، بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ۔ مجھے جب اس کا علم ہوا تو میں اس معاملے کو دیکھ کر شدید پریشان ہوا ۔ کوشش کی کہ معاملہ مزید نہ بڑھے ۔والدہ سے بھی بات کی ، بیوی سے بھی کی ، مگر دونوں غصے میں تھیں تو میں نے سوچا کہ ان سے وقتا فوقتاً آرام سے بات کی جائے ۔میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ وہ کچھ دن اپنے میکے چلی جائے میں کسی الگ گھر کا انتظام کرکے اسے وہاں شفٹ کردوں گا تا کہ دونوں آرام و سکون سے رہیں ۔ بہر حال بیوی آمادہ نہ ہوئی ۔اس معاملے میں ساری رات میں نہ سو سکا تھا فجر کے بعد میں نے 4 یا 5 گھنٹوں کے لیے آرام کیا ۔اٹھا تو دماغ میں وہی ڈپریشن چل رہا تھا ۔ اس کے علاوہ کچھ مالی معاملات بھی میرے دماغ میں چل رہے تھے ۔ اس پر بیوی نے مجھے کچھ سامان لا کر دینے کا کہا مگر میں اس حالت میں نہیں تھا کہ سامان لا کر دوں نہ ہی میرا بازار جانے کو دل کررہا تھا ۔پھر میری بیوی کہتی ہے کہ میں خود لے آتی ہوں اسے دو بار روکا کہ ٹھہر کے لا دوں گا تم نے اکیلے نہیں جانا مگر وہ بضد تھی کہ تم بیٹھومیں چلی جاتی ہوں ۔ وہ منع کرنے کے باوجود جانے لگی تو مجھے شدید غصہ آگیا، میری طلاق کی نیت نہیں تھی لیکن غصہ اس قدر تھا کہ پاس میرے بچے بھی بیٹھے تھے مجھے ان کی پرواہ بھی نہ ہوئی میں نے بلا ساختہ کہا کہ” ندا میں نے تمہیں طلاق دی” جس کا فورا ہی مجھے احساس ہوا کہ کیا بول دیا ہے میں نے، ایسا محسوس ہوا کہ سب آوازیں خاموش ہو گئی ہیں اب کچھ نہیں باقی رہا ۔اس پر آپ کی قرآن و سنت کی روشنی میں رائے درکار ہے۔ نیز یہ طلاق بغیر گواہوں کے ، طہر میں ملاپ کے بعد ، اور شدید ذہنی دباؤ میں دی تھی۔اور دوسرا یہ بھی پوچھنا ہے کہ اگر ایک مجلس میں تین طلاقیں اکٹھی دی جائیں تو ایک ہی ہوتی ہیں یا تین؟
وضاحت مطلوب ہے: 1۔مذکورہ الفاظ بولتے وقت آپ کو معلوم تھا کہ آپ کیا بول رہے ہیں؟ غصے میں کوئی توڑ پھوڑ کی تھی؟2۔طلاق کے الفاظ صرف ایک مرتبہ بولے ہیں؟3۔بیوی کا رابط نمبر ارسال کریں۔
جواب وضاحت: 1۔غصہ شدید تھا مجھے میرے الفاظ پر اختیار نہیں تھا پاس بچے بیٹھے تھے میں ان کا بھی خیال نہیں رکھ رہا تھا، مجھے معلوم تھا کہ میں کیا کہہ رہا ہوں اور کیا کررہا ہوں اور کوئی توڑ پھوڑ بھی نہیں کی۔2۔طلاق کے الفاظ دو مرتبہ بولے تھے۔3۔*****
دارالافتاء کے نمبر سے بیوی سے رابطہ کیا گیا تو اس نے بتایا کہ میرے شوہر نے ابھی ایک دفعہ طلاق دی ہے لیکن اس سے پہلے دو دفعہ الگ الگ مواقع پر صریح الفاظ سے طلاق دے چکے ہیں جس کے الفاظ یہ تھے کہ “طلاق دیتا ہوں” اور دونوں مرتبہ عدت کے اندر رجوع ہوگیا تھاکیونکہ ہم اکٹھے رہتے رہے۔
نوٹ: شوہر نے بیوی کے بیان کی تصدیق کی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں تینوں طلاقیں واقع ہو گئی ہیں جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی ہے لہذا اب نہ رجوع ہو سکتا ہے اور نہ ہی دوبارہ نکاح ہو سکتا ہے۔
توجیہ: مذکورہ صورت میں شوہر نے پہلے دو مرتبہ صریح الفاظ سے طلاق دی اور دونوں مرتبہ عدت میں رجوع بھی کرلیا اس لیے نکاح باقی رہا پھر تیسری مرتبہ اگرچہ شوہر نے غصے میں طلاق دی ہے لیکن چونکہ غصے کی کیفیت ایسی نہیں تھی کہ اسے علم ہی نہ ہو کہ وہ کیا کہہ رہا ہے اور کیا کر رہا ہے اور نہ ہی اس سے خلاف عادت کوئی کام سرزد ہوا ہے اور غصے کی ایسی حالت میں دی گئی طلاق واقع ہو جاتی ہے لہذا مذکورہ صورت میں تین طلاقیں واقع ہو گئی ہیں۔
نوٹ:مذکورہ صورت اکٹھی تین طلاقوں کی نہیں تاہم تین طلاقیں چاہے اکھٹی(ایک مجلس میں) دی جائیں یا الگ الگ دی جائیں بہر صورت تین ہی واقع ہوتی ہیں اور یہ صرف فقہ حنفی کا مسئلہ نہیں بلکہ جمہور (تقریباً تمام)صحابہ کرام رضی اللہ عنھم وتابعین ؒ اور ائمہ اربعہ ؒ کا یہی مذہب ہے۔تاہم آپ کی صورت ایک مجلس میں تین طلاقوں کی نہیں بنتی اگر کوئی ایک مجلس میں تین طلاقیں دے تو وہ تین ہی ہوتی ہیں۔
مسلم شریف (2/962 حدیث نمبر 1471 ط بشری ) میں ہے:
عن نافع عن ابن عمر رضي الله تعالى عنهما قال ……… اما انت طلقتها ثلاثا فقد عصيت ربك فيما امرك به من طلاق امرأتك وبانت منك
’’نافع رحمہ اللہ سے روایت ہے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے (اکٹھی تین طلاقیں دینے والے سے کہا ) تم نے اپنی بیوی کو (اکٹھی )تین طلاقیں دی ہیں تو بیوی کو طلاق دینے کے بارے میں جو تمہارے رب کا حکم (بتایا ہوا طریقہ) ہے اس میں تم نے اپنے رب کی نافرمانی کی ہے اور تمہاری بیوی تم سے جدا ہوگئی۔‘‘
ابو داؤد شریف(1/666 حدیث نمبر 2197 ط بشری) میں ہے:
عن مجاهد قال: كنت عند ابن عباس رضي الله عنهما فجاءه رجل فقال: انه طلق امراته ثلاثا. قال: فسكت حتى ظننت انه رادها اليه.ثم قال: ينطلق احدكم فيركب الحموقة ثم يقول يا ابن عباس يا ابن عباس وان الله قال (ومن يتق الله يجعل له مخرجا ) وانك لم تتق الله فلا اجد لك مخرجا عصيت ربك وبانت منك امراتك
’’مجاہد رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا کہ ایک شخص ان کے پاس آیا اور کہا کہ اس نے اپنی بیوی کو(اکٹھی) تین طلاقیں دے دی ہیں تو (کیا گنجائش ہے اس پر) عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ اتنی دیر تک خاموش رہے کہ مجھے یہ خیال ہونے لگا کہ (حضرت کوئی صورت سوچ کر ) اسے اس کی بیوی واپس دلا دیں گے پھر انہوں نے فرمایا تم میں سے ایک شروع ہوتا ہے تو حماقت پر سوار ہو جاتا ہے اور (تین طلاقیں دے بیٹھتا ہے ) پھر آکر کہتا ہے اےابن عباس اےابن عباس (کوئی راہ نکالیئے کی دہائی دینے لگتا ہے ) حالانکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے ومن یتق الله یجعل له مخرجا(جو کوئی اللہ سے ڈرے تو اللہ اس کے لیے خلاصی کی راہ نکالتے ہیں۔)
تم نے اللہ سے خوف نہیں کیا (اور تم نے اکٹھی تین طلاقیں دے دیں جو کہ گناہ کی بات ہے) تو میں تمہارے لئے کوئی راہ نہیں پاتا (اکٹھی تین طلاقیں دے کر) تم نے اپنے رب کی نافرمانی کی اور تمہاری بیوی تم سے جدا ہوگئی۔
علامہ بدرالدین العینی رحمہ اللہ صحیح بخاری شریف کی شرح عمدۃ القاری (جلد1 صفحہ232 )میں تحریر فرماتے ہیں :
مذهب جماهير العلماء من التابعين ومن بعدهم من الاوزاعي والنخعي والثوري و ابو حنيفه واصحابه ومالك واصحابه والشافعي واصحابه واحمد واصحابه و اسحاق وابو ثور وابو عبيدة واخرون كثيرون على ان من طلق امراته ثلاثا يقعن ولكنه ياثم
مرقاۃ المفاتيح شرح مشكاۃ المصابيح ( جلد6صفحہ436) میں ہے:
قال النووي اختلفوا في من قال لامراته انت طالق ثلاثا فقال مالك والشافعي واحمد وابوحنيفه والجمهور من السلف والخلف يقع ثلاثا…
وفيه أيضاً:وذهب جمهور الصحابة والتابعين ومن بعدهم من أئمة المسلمين إلى أنه يقع ثلاثا(6/437)
ہدایہ (409/2)میں ہے:
وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة أو ثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها والأصل فيه قوله تعالى { فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره }
در مختار (4/442)میں ہے :
(صريحة ما لم يستعمل الا فيه) ولو بالفارسية ( كطلقتك و أنت طالق و مطلقة )
عالمگیریہ (1/470) میں ہے:
وإذا طلق الرجل امرأته تطليقة رجعية أو تطليقتين فله أن يراجعها في عدتها رضيت بذلك أو لم ترض كذا في الهداية.
شامی (439/4) میں ہے:
وللحافظ ابن القيم الحنبلي رسالة في طلاق الغضبان قال فيها: إنه على ثلاثة أقسام: أحدها أن يحصل له مبادئ الغضب بحيث لا يتغير عقله ويعلم ما يقول ويقصده، وهذا لا إشكال فيه. والثاني أن يبلغ النهاية فلا يعلم ما يقول ولا يريده، فهذا لا ريب أنه لا ينفذ شيء من أقواله. الثالث من توسط بين المرتبتين بحيث لم يصر كالمجنون فهذا محل النظر، والأدلة تدل على عدم نفوذ أقواله. اه
(وبعد أسطر) فالذي ينبغي التعويل عليه في المدهوش ونحوه إناطة الحكم بغلبة الخلل في أقواله وأفعاله الخارجة عن عادته، وكذا يقال فيمن اختل عقله لكبر أو لمرض أو لمصيبة فاجأته: فما دام في حال غلبة الخلل في الأقوال والأفعال لا تعتبر أقواله وإن كان يعلمها ويريدها لأن هذه المعرفة والإرادة غير معتبرة لعدم حصولها عن إدراك صحيح كما لا تعتبر من الصبي العاقل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved