- فتوی نمبر: 31-175
- تاریخ: 07 اگست 2025
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تعلیق طلاق
استفتاء
ایک مسئلے کے متعلق پوچھنا ہے کہ ہم میاں بیوی کی لڑائی ہو گئی تھی تو میں گھر چھوڑ کر جا رہی تھی۔ میرے شوہر نے مجھے کہا کہ “اگر تو دروازے سے باہر گئی تو میرا تجھے سے تعلق نہیں” اور میں ان کی بات بھول گئی۔ اس ٹائم تو میں رک گئی مگر تھوڑی دیر بعد ویسے ہی باہر چلی گئی دو منٹ کے لیے، تو اب بتا دیں کہ میرے لیے کیا حکم ہے ؟ اب ہم دونوں میاں بیوی راضی ہو گئے ہیں ۔
وضاحت مطلوب ہے: (1) ان الفاظ سے شوہر کی طلاق کی نیت تھی یا نہیں؟ (2) مذکورہ الفاظ بولنے سے پہلے کسی نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کیا تھا؟
جو اب وضاحت: (1،2) شوہر کی طلاق کی نیت بھی نہیں تھی اور طلاق کا مطالبہ بھی نہیں کیا گیا تھا، بس میکے جانے کا پوچھا تھا۔
نوٹ: بیوی سے بذریعہ فون رابطہ کیا تو انہوں نے اس واقعے کی تصدیق کی اور مزید یہ کہا کہ جب شوہر نے یہ الفاظ کہے تو میں رک گئی ۔ میری بہن مجھے سمجھانے لگ گئیں، ان سے باتیں کرتے ہوئے جب وہ باہر جانے لگیں تو بے دھیانی میں میں بھی پانچ یا سات منٹ بعد دروازے سے باہر چلی گئی، جونہی مجھے اپنے شوہر کی بات یاد آئی میں واپس اپنےاندر آ گئی۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔
توجیہ: مذکورہ صورت یمینِ فور کی ہے کیونکہ شوہر کا ہمیشہ کے لیے دروازے سے باہر جانے سے روکنا مقصود نہیں تھا، بلکہ شوہر کا قصد یہی تھا کہ ابھی اس وقت نہ جاؤ ورنہ میں تمہیں تلاش کرنے نہیں آؤں گا۔ مذکورہ صورت میں بیوی نے چونکہ جانے کے ارادے کو ترک کردیا اور اپنی بہن کے ساتھ بات کرنے میں مشغول ہوگئی ، لہذا کوئی طلاق واقع نہ ہوئی کیونکہ جس خروج سے شوہر نے منع کیا تھا وہ خروج پایا نہیں گیا۔
فتاوی شامی(9/578) میں ہے:
(وشرط للحنث في) قوله (إن خرجت مثلا) فأنت طالق أو إن ضربت عبدك فعبدي حر (لمريد الخروج) والضرب (فعله فورا) لأن قصده المنع عن ذلك الفعل عرفا
فتاوی شامی(9/579) میں ہے:
مطلب في يمين الفور:(قوله فورا) سئل السغدي بماذا يقدر الفور؟ قال بساعة، واستدل بما ذكر في الجامع الصغير: أرادت أن تخرج فقال الزوج إن خرجت فعادت وجلست وخرجت بعد ساعة لا يحنث حموي عن البرجندي، ولا يشترط لعدم حنثه إذا خرجت بعد ساعة تغير تلك الهيئة الحاصلة مع إرادة الخروج، يشير إليه قول الفتح تهيأت للخروج، فحلف لا تخرج فإذا جلست ساعة ثم خرجت لا يحنث لأن قصده منعها من الخروج الذي تهيأت له فكأنه قال إن خرجت الساعة، وهذا إذا لم يكن له نية فإن نوى شيئا عمل به شرنبلالية
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved