- فتوی نمبر: 13-152
- تاریخ: 05 اپریل 2019
استفتاء
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بھائی جان پوچھنا تھا دوران اذان کسی بھی شخص کا کسی بھی قسم کی گفتگو کرنا جائز ہے ؟اگر جائز ہے تو کون سے موضوع ایسے ہیں جن پر گفتگو کی جائے تو کوئی حرج نہیں اور کن شخصیات کو اجازت ہے وقت اذان میں کلام ووعظ یا تقریر کرنے کی ۔
تفصیل یہ ہے کہ میں ایک عالم ہوں اور لوگوں کی اصلاح کاکام بھی کرتا ہوں (کہہ لیں کہ میں ایک شیخ ہوں )میں اپنے دوستوں میں یا مریدوں میں بیٹھا اصلاح کی بات بتا رہا ہوں اور اذان ہوئی میں نے خاموشی نہ اختیار کی اوربات کو جاری رکھا ۔کیا اس صورت میں جائز ہے کہ میں دوران اذان اپنا وعظ بند نہ کروں اوراللہ کی بات کو جاری رکھوں اور اذان ہو رہی ہو؟اور ایک صورت یہ ہے کہ میں ایک عام آدمی ہوں بہت دین دار نہیں ہوں اور لوگوں میں دین کی بات کررہا ہوں تو کیا یہ جائز ہے؟دونوں صورتوں میں دین کی بات سے مراد درس حدیث ،قرآنی آیات کا مفہوم ،عشق خدا کی باتیں اور اصلاح کی باتیں ہیں ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
راجح قول کے مطابق اذان کا زبانی جواب دینا واجب نہیں بلکہ صرف مستحب ہے اور وہ بھی تب ہے جبکہ دینی یا دنیوی گفتگو ایسی ہو کہ جو اذان کا جواب دینے میں مشغول ہونے کی وجہ سے فوت نہ ہوتی ہو لیکن جو گفتگو ایسی ہو کہ اذان کا جواب دینے میں مشغول ہونے کی وجہ سے فوت ہو جائے گی یعنی اسے بعد میں مکمل کرنامشکل ہو گا تو ایسی گفتگو کو بغیر کسی حرج کے جاری رکھ سکتے ہیں ۔وعظ ونصیحت کی گفتگو بھی عموما ایسی ہی ہوتی ہے کہ جسے بعد میں مکمل کرنا مشکل ہوتا ہے لہذا مذکورہ صورت میں دونوں طرح کے آدمیوں کے لیے دوران اذان دینی گفتگو کو جاری رکھنے میں کچھ حرج نہیں ۔
چنانچہ عالمگیری (57/1)میں ہے:
ويجب علي السامعين عندالاذان الاجابة ۔۔۔ولاينبغي ان يتکلم السامع في خلال الاذان والاقامة ولايشتغل بقراء ة القرآن ولابشئي من الاعمال سوي الاجابة۔
وفي الشامية(396/1)
قوله (وتعليم علم )اي شرعي فيما يظهر ولذاعبرفي الجوهرة بقراء ة الفقة قوله (بخلاف القرآن)لانه لايفوت بخلاف التعلم ۔۔۔۔فعلي هذا لو يقرأ تعليما وتعلما لايقطع۔
وايضافيه وفي الدرالمختار(367-8/1)
ويجيب وجو با وقال الحلواني ندبا والواجب الاجابة بالقدم من سمع الاذان ولو جنبا لاحائضا ونفساء وسامع خطبة الخ
قوله:(وقال الحلواني ندبا)اي قال الحلواني ان الاجابة باللسان مندوبة والواجبة هي الاجابة بالقدم
© Copyright 2024, All Rights Reserved