• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

چندے کی رقم سے مدرسہ کے لیے بنائی گئی جگہ کو خود خریدنے کا حکم

استفتاء

میں نے لوگوں کے چندے سے ایک جگہ مدرسہ کی نیت سے خریدی پھر اس کو بیچ کر ایک ڈیڑھ مرلے کا مکان لیا اس مکان میں اوپر میری رہائش ہے اور نیچے مدرسہ ہے  جس میں دوپہر کو بچیاں اور شام کو بچے قرآن  پڑھتے ہیں  ۔میں اور میری بیوی پڑھاتے ہیں ۔اب عمر کے تقاضے کے پیش نظر یہ خیال آیا ہے کہ میرے بچے اسے وراثت سمجھ کر تقسیم نہ کر لیں  اس لیے میں نے سوچا ہے کہ اس کی قیمت لگوا کر اس کو خرید لوں اور پیسے کسی ادارے میں جمع کروا دوں۔ کیا ایسا کرنا جائزہے ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں  مدرسہ کے لیے لی گئی جگہ کو  خریدنا  جائز نہیں ہے ۔کیونکہ  جو جگہ مدرسے کے نام پر چندہ کرکے خریدی جائے وہ خریدتے ہی وقف ہوجاتی ہے اور وقف جگہ کی خرید وفروخت جائز نہیں اس لیے مذکورہ صورت میں اول تو جو جگہ  مدرسہ کی نیت سے خریدی تھی اس کی خرید وفروخت جائز نہ تھی لیکن جب اس کی خرید وفروخت کرلی ہے تو اب کم از کم  اس مکان کی خرید وفروخت نہ کی جائے ۔باقی رہا یہ خدشہ کہ بچے اسے وراثت سمجھ کر تقسیم نہ کرلیں تو اس کا ایک حل یہ ہے کہ آپ اس جگہ کے وقف کے کاغذات بنوا لیں اور اس پر چند لوگوں کو گواہ  بھی بنا لیں  ۔ اور دوسرا حل یہ ہے کہ آپ اپنے لیے الگ مکان خرید لیں اور یہ جگہ کسی اور ادارے کے حوالے کردیں۔

فتاویٰ شامی(4/445) میں ہے :

“على أنهم صرحوا بأن مراعاة غرض الواقفين واجبة.”

در مختار (6/665) میں ہے:

شرط الواقف كنص الشارع أى فى المفهوم والدلالة

شامی (4/352) میں ہے:

(‌فإذا ‌تم ‌ولزم لا يملك ولا يملك ولا يعار ولا يرهن)

(قوله: لا يملك) أي لا يكون مملوكا لصاحبه ولا يملك أي لا يقبل التمليك لغيره بالبيع ونحوه لاستحالة تمليك الخارج عن ملكه

ہدایہ مع فتح القدیر (6/205) میں ہے:

وإذا صح الوقف لم يجز بيعه ولا تمليكه

(لم يجز بيعه ولا تمليكه) هو بإجماع الفقهاء

مسائل بہشتی زیور (187/2) میں ہے:

اگر مسجد کی کمیٹی یا انتظامیہ نے کسی جگہ مسجد بنانے کی نیت سے چندہ کی رقم سے کوئی جگہ خرید کر قبضہ کر لی ہو تو اس کو تبدیل نہیں کر سکتے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved