• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

کیا  لیزچپس  میں موجودE 631 سورسے حاصل کردہ ہے؟

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ لیزچپس  کے اجزاء ترکیبی میں ایک کوڈ E 631   ہے، جس کو اگر ہم گوگل میں سرچ کریں تو اس سے یہ معلوم ہوتا ہے  کہ اس میں سور کی چربی شامل ہے جبکہ لیز چپس  کے پیکٹ پر حلال لکھا ہوتا ہے اور حلال کہہ کر لوگوں کو بیچتے ہیں۔ آپ حضرات سے درخواست ہے اس کے بارے میں وضاحت فرمائیں کہ حقیقت کیا ہے؟لیز چپس  کھانا حلال ہے یا حرام؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

لیز چپس کے اجزاء ترکیبی میں شامل E 631سوڈیم آئنوسنیٹ (Sodium Inosiate) ہے۔ یہ جزء نباتات اور حیوانات دونوں سے نکالا جاتا ہے۔ نباتات میں  سے  ’’ٹے پیوکا‘‘  نامی  پودے کے نشاستہ سے  حاصل کيا جاتا ہے۔ نباتات چونکہ حلال اور پاک ہیں، اس لیے ’’ٹے پیوکا‘‘ پودے سے حاصل کردہ E 631   بھی حلال اور پاک ہے۔

حیوانات سے حاصل کردہ  E 631  مچھلی کے گوشت سے بھی نکالا جاتا ہے اور دیگر جانوروں کے گوشت سے بھی نکالا جاتا ہے۔ مچھلی میں چونکہ ذبح کرنے کا مسئلہ نہیں ہے اس لیے مچھلی کے گوشت سے حاصل کردہ E 631   بھی حلال ہے، بشرطیکہ مچھلی اپنی طبعی موت سے نہ مری ہو۔

مچھلی کے علاوہ دیگر جانوروں کے گوشت سے حاصل کردہ E 631  اگر شرعی طریقہ سے ذبح کردہ حلال جانور مثلاً گائے بکری وغیرہ سے نکالا جائے تو حلال ہوگا، اگر حرام جانور مثلاً سور یا پھر غیر شرعی طریقہ سے ذبح کئے گئے گائے بکری وغیرہ حلال جانوروں سے لیا گیا ہو تو حرام ہوگا۔

خلاصہ یہ ہے کہ E 631  صرف سور کی چربی سے ہی حاصل نہیں ہوتا بلکہ حلال مآخذ سے بھی حاصل ہوتا ہے۔

لیز چپس بنانے والوں نے مستند علماء کے ادارے سنہا(SANHA) سے حلال کا سرٹیفیکیٹ لے رکھا ہے اور سنہا نے اس بات کی تصریح کی ہے کہ لیز میں موجود E 631    ’’ٹے پیوکا ‘‘ نشاستہ  سے حاصل کیا جاتا ہے حیوانی جز سے نہیں۔ اس لیے لیز چپس میں شامل E 631  کے بارے میں سور سے حاصل کردہ ہونے کا دعوی وہم کے درجہ کا ہے۔ جس کا شرعاً اعتبار نہیں ہے۔  تاہم اگر کوئی شخص اپنے طور پر لیز چپس سے احتیاط کرے تویہ الگ بات ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved