• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر

متحیرہ

  • فتوی نمبر: 5-22
  • تاریخ: 26 اپریل 2012

استفتاء

ایک عورت جس کی عمر تقریباً 30 سال ہے اور تقریباً چھ سال سے ماہواری ہورہی ہے شروع میں تو کبھی 18 دن بعد کبھی 22 دن بعد اور کبھی 25دن بعد ماہواری ہوتی تھی ۔ اب تقریباً ایک سال سے صورت حال یہ ہے کہ کبھی 8 دن پاک تو کبھی دس دن پاک رہتی ہے۔ پاکی ناپاکی کے ایام مخصوص نہیں ہیں۔

اور سابقہ ایام عادت بھی بھول چکی کہ کتنے تھے اور وہ زمانہ بھی یاد نہیں کہ اول تھا یا درمیان۔ اب اس صورت حال میں اس کو چند امور سے آگاہی مطلوب ہے:

1۔ صورت مذکورہ میں کون سے ایام حیض کے شمار   کیے جائیں گے جبکہ دم مستمر ہوچکا اور سابقہ ایام عادت اور ماہ کے دوران آٹھ یا دس دن پاک رہتی ہے صرف۔

2۔ صورت مذکورہ میں نمازوں کے حکم کی تفصیل ارشاد فرما دیں۔

3۔ یہ عورت چونکہ تقریباً ایک سال سے اسی کیفیت میں ہے تو جو فرائض اور  ادا کیے  اور جو ترک کیے ان سے متعلق شریعت مطہرہ اس مسئلہ کا کیا حکم دیتی ہے؟

4۔ اس طور پر جب دم مستمر ہوں تو درمیان میں چند ایام جو پاکی کے گذریں ان کا حکم کیا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1-2-3- مذکورہ صورت میں اولاً عورت سوچے اور غور کرے اور حیض و طہر کے بارے میں اپنے گمان غالب کے مطابق عمل کرے۔ لیکن اگر کسی طرف گمان غالب نہ ہوسکے تو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے قول کے مطابق چاند کے حساب سے ہر مہینہ کے شروع میں چھ یا سات دن حیض شمار کرے اور باقی ایام میں ایک دفعہ غسل کر کے نمازیں پڑھے۔

جبکہ امداد الاحکام (1/ 370 ) اور احسن الفتاویٰ ( 10/ 175 ) میں ہر نماز کے وقت غسل کی مشقت کی وجہ سے امام احمد رحمہ اللہ کے قول پر عمل کی اجاز ت دی ہے۔

4۔ جب دو  دموں کے درمیان پندرہ دن سے کم وقفہ ہو تو دونوں دموں کو مسلسل سمجھا جاتا ہے اور  طہر کالعدم ہوتا ہے۔

حنابلہ کے قول کی تفصیل یہ ہے:

فالناسيةلهما ( أي للوقت و العدد ناقل ) هي  التي ذكر الخرقي حكمها و  أنها تجلس في كل شهر ستة أيام أو سبعة يكون ذلك حيضها ثم تغتسل و هي فيما بعد ذلك مستحاضة.( المغني لابن قدامه : 1/ 236)

و لا تخلو الناسية من أن تكون جاهلة بشهرها أ عالمة به فإن كانت جاهلة بشهرها  رددناها إلى الشهر الهلالي. أيضاً 238. فقط و الله تعالیٰ اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved