• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

NGR کمپنی میں سرمایہ کاری کر کے منافع کمانے کا حکم

استفتاء

NGR کمپنی میں سرمایہ کاری کرنا کیسا ہے؟

تنقیح: ویب سائٹ اور انٹر نیٹ پر موجود معلوماتی ویڈیوز سے حاصل شدہ معلومات کے مطابقNGR سولر پینل  انرجی کا کام کرنے والی کمپنی ہے جو اسلام آباد کی  ایک کمپنی AZURE STUDIO  (ازیور سٹوڈيو)کی زیر نگرانی کام کرتی ہے۔مذکورہ کمپنی کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد اس اکاؤنٹ میں پیسے (کم از کم 2000 روپے )ڈلوائے جاتے ہیں اور کمپنی کے مختلف پلان میں سے کسی میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔جس پرسرمایہ کاری کی رقم کے مطابق  سرمایہ کار کو فکس فیصدی نفع دیا جاتا ہے اور  پلان کی تکمیل پر اپنی اصل رقم بھی واپس مل جاتی ہے مثلا  Rural PV Station 5KW (رورل پی وی سٹیشن پانچ کے وی)پلان میں 7دن كے لئے  4000 روپے کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے اور روزانہ کا منافع 1.49%  (59.6 روپے )ملتا ہے۔  ایک ہفتہ کا منافع  417.2 روپے بنتا ہے نیز ہفتہ بعد اصل رقم 4000 روپے بھی واپس مل جائے گی۔ اسی طرح    Desrt Power Station 500KW (ڈیزرٹ پاور  سٹیشن پانچ سو كے وی)پلان میں 200000روپے کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے اور روزانہ کا منافع 3.9%  (7800 روپے )ملتا ہے۔  ایک ماہ کا منافع  234000 روپے بنتا ہے نیز ایک ماہ بعد اصل رقم 200000روپے بھی واپس مل جائے گی۔

اکاؤنٹ ہولڈر بذریعہ ریفرل بھی کمائی کر سکتا ہے۔ اس میں اولا تو اگر اکاؤنٹ ہولڈر 5 لوگوں کو انوائٹ کرتا ہے اور وہ 5 لوگ ریچارج کرواتے ہیں  تو انوائٹ کرنے والے کو 1000 روپے  ملیں گے۔ اسی طرح 10 انوائٹ پر 3000 روپے، 30 انوائٹ پر  8000 روپے اور 200 انوائٹ پر 100000 روپے ملتے ہیں۔نیز کمپنی ملٹی لیول مارکیٹنگ کا طریقہ بھی استعمال کرتی ہے کہ اکاؤنٹ ہولڈر کے بلاواسطہ ریفرل   اکاؤنٹ کی کمائی کا 15 فیصد اس کو ملے گا اور بالواسطہ  کی کمائی کا 4 فیصد اس کو ملے گا۔

ہر اکاؤنٹ ہولڈر کو اس کے انوائٹ کیے ہوئے افراد کی تعداد کے مطابق ایک لیول دیا جاتا ہے  اور چند سرمایہ کاری پلان میں تو ہر کوئی سرمایہ کاری کرسکتا ہے لیکن بعض پلان   میں مخصوص  لیول کی شرط ہے مثلاً Urban PV Station 20KW (اربن پی وی سٹیشن  بیس کے وی )پلان میں VIP1-6 لیول  والا ہی سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کاری کر کے نفع لینا جائز نہیں ہے جسکی وجوہات درج ذیل ہیں:

1)  ایک شخص کی رقم ہو اور دوسراا س سے کاروبار کرے اس کے جائز  ہونے کی لیے یہ بھی ضروری ہے کہ آپس میں جو واقعی نفع ہو وہ فیصد کے حساب سے تقسیم ہو جبکہ مذکورہ کمپنی میں سرمایہ کا فیصد ملتا ہے جو کہ ناجائز ہے۔

2)ملٹی لیول مارکیٹنگ جائز نہیں ہے جبکہ مذکورہ کمپنی اس طریقہ کا استعمال کرتی ہے  اس لئے ایسی کمپنی کا حصہ بننا جائز نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved