• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

آن لائن ٹریڈنگ کا حکم

استفتاء

آجکل 2139 نام کی ایک ایپ ہے  جس پر  کاپی ٹریڈنگ کر کےعوام پیسے کما رہی ہے اسکے بارے میں آپ حضرات کی کیا رائے ہے کہ وہ جائز ہے یا حرام ہے؟ اصل میں ہوتا یہ ہے کہ اس میں ڈالرز انویسٹ کئے جاتے ہیں اور ایک واٹس ایپ گروپ بنا ہوتا ہے جس میں ایڈمن حضرات دن میں دو بار سگنل دیتے ہیں کہ ٹریڈ لگا دو تو سب لوگ ٹریڈ لگا دیتے ہیں جو کہ کامیاب ہوتی ہے تو جس جس نے ٹریڈ لگائی ہوتی ہے انکو  ہر  دن انکی انویسٹمنٹ کے حساب سے پرافٹ  مل جاتا ہے ۔ کاپی  ٹریڈ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کسی بڑے منجھے ہوئے ٹریڈر کو کاپی کرتے ہوئے اسکی ٹریڈ کو فالو کر کے ٹریڈ لگائی جاتی ہے جو کہ  اکثر کامیاب ہوتی ہے ۔ یہ جائز ہےیا حرام؟

اس طرح کی کمائی کے حوالے سے کچھ رہنمائی فرمادیں۔

تنقیح: اس ایپ  میں اکاؤنٹ بنانے کے بعد مختلف کرپٹو کرنسیز کے ریٹ کے بارے میں پیشگوئی کی جاتی ہے،  جس کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر کے اکاؤنٹ میں کم ازکم 100 ڈالر ہونا ضروری ہے اس کے بعد کام کرنے کے دو طریقے ہیں۔

ایک طریقہ یہ ہے کہ جو لوگ مختلف افراد کو اس ایپلی کیشن میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں انہوں نے واٹس ایپ / ٹیلی گرام گروپس بنائے ہوتے ہیں جن میں وہ اکاؤنٹ  ہولڈر کو  سگنل (Signal) دیتے ہیں اور اکاؤنٹ ہولڈر ان سگنل (Signal)کو فالو کرتے ہیں اور اس کے مطابق اس  ایکسچینج میں مختلف ممالک کی کرنسیوں کے بارے میں یہ پیشگوئی کرتے ہیں جس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ کسی بھی 2 قسم  کی کرنسیوں کا مثلاً امریکی ڈالر اور بٹ کوائن    کا باہم تقابل کیا جاتا ہے کہ آئندہ اتنے اتنے وقت میں  ان دو میں سے ایک کرنسی کا ریٹ بڑھ جائے گا یا کم ہوجائے گا، اس خریدنے یا بیچنے کے عمل کو ٹریڈ (Trade) کہتے ہیں۔ اس ٹریڈ(Trade) میں ٹائم بھی ہوتا ہے یعنی جب اکاؤنٹ ہولڈر  ٹریڈ (Trade) لگاتا ہے تو وہ وقت طے کرتا ہے  کہ یہ ٹریڈ (Trade) اتنی دیر  کے لیے ہے چنانچہ طے کردہ وقت گذرنے کے بعد اگر اس کی متعین کردہ کرنسی کا ریٹ اس کے بتانے کے مطابق کم ہوتا ہے یا  بڑھتا ہے تو  جتنی رقم اس نے لگائی ہوتی ہے اس کو اتنا نفع ہوجاتا ہے اور دوسری صورت میں یعنی اگر اس کی بتائی ہوئی کرنسی کا ریٹ  اس کی پیشگوئی کے مطابق کم یا زیادہ نہیں ہوتا تو جتنی رقم کی ٹریڈ (Trade) اس نے لگائی ہوتی ہے اس کو اتنا نقصان ہوجاتا ہے۔

اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اکاؤنٹ ہولڈر اپنی مرضی سے کسی بھی کرنسی کے ریٹ کے بڑھنے یا کم ہونے کی پیشگوئی کرکے ٹریڈ لگا دیتا ہے اور اگر  مقررہ وقت میں اس کی بتائی  ہوئی کرنسی  کا  ریٹ اس کے اندازے کے مطابق بڑھتا یا کم ہوتا ہے تو یہ اس  ٹریڈ (Trade) کو جیت جاتا ہے اور جتنی رقم اس نے لگائی ہوتی ہے اتنا اس کو نفع مل جاتا ہے اور اگر اس کے اندازے کے خلاف ہوجائے تو اس کو لگائی  ہوئی رقم کے بقدر نقصان ہوجاتا  ہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

سوال میں مذکور طریقے کے مطابق مذکورہ ایپلی کیشن جوے پر مشتمل ہے اس لیے اس میں انویسٹمنٹ کرنا اور کمائی کرنا جائز نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved