- فتوی نمبر: 4-99
- تاریخ: 03 جون 2011
- عنوانات: حظر و اباحت > علاج و معالجہ
استفتاء
موضوع: سائیٹرک ایسڈ ( Citric Acid ) کے شرعی احکامات:
سائیٹرک ایسڈ ایک نباتاتی مادہ ہے جس کے بارے میں ضروری معلومات درج ذیل ہیں۔ یہ سفید، شفاف اور ٹھوس ہوتا ہے جس کا ذائقہ تیز ( ترش ) ہوتا ہے۔ یہ ایک کمزور درجہ کا تیزاب ہوتا ہے جو کہ ترش ذائقہ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہ لیمو ، مالٹے ، انناس اور دیگر پھلوں سے حاصل ہوتا ہے۔ نیز ( Molasses ) مولیسیس ( یعنی چینی بنانے کے عمل کے دوران آخر میں تہہ میں جو محلول ناقابل استعمال بچ جاتا ہے ) اس سے بھی حاصل کیا جاتا ہے۔اس کا حصول( عمل تخمیر / سڑنے ) Fermentation کے نتیجے میں ہوتا ہے۔
آج کل تجارتی دنیا میں اس کا حصول زیادہ تر پھلوں کے بجائے مولیسیس سے ہی کیا جاتا ہے کیونکہ یہ نسبتا لاگت میں کم ہوتا ہے۔ Fermentation کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ مذکورہ بالا پھلوں کے رس یا مولیسیس کو ہائی ٹمپریچر پر گرم کر کے اس میں سے تمام خودر و خورد نامیاتی اجسام ( جراثیم ) کا خاتمہ کر کے ایک ٹینک میں اسٹور کر لیا جاتا ہے اس کے بعد اس میں پہلے سے تیار کردہ کچھ مائیکرو آرکینیزم Microorganism (خورد نامی اجسام ) Aspergillums Niger ڈالے جاتےہیں۔( Aspergillums Niger ایک قسم کے Micro Organism کا نام ہے جو کہ مٹی ، ہوا، شوگر سے حاصل کیا جاتا ہے اورا س کو مخصوص ماحول میں پروان چڑھایا جاتا ہے۔۔ مطلوبہ مقدار میں تیار ہوجانے پر اس کو استعمال کر لیتے ہیں۔)۔ اور پھر 7 دن تک اس کو ٹینک میں رکھا جاتا ہے اس حال میں اس کے درمیان سے جراثیم سے پاک کردہ ہوا گزرتی رہتی ہے۔ 7 دن بعد جوس /شیرہ سائٹرک ایسڈ میں تبدیل ہوجات ہے اور کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔ اس پورے Process کے دوران کہیں بھی اس میں نشہ آور کیفیت پیدا نہیں ہوتی۔ اور نہ تیار ہونے کے بعد ہوتی ہے۔ یعنی کمیکل کی اصطلاح میں الکحل ( شراب ) کی جو کیمیائی ترکیب ہوتی ہے ( C2- H5-OH ) وہ اس میں نہیں ہوتی بلکہ اس کا فارمولا (C6-H8-O7 ) ہوتا ہے۔
اس کا استعمال :
1۔ کھانے پینے کی اشیاء ( مثلاً تمام مشروبات، جو سز، بچوں کے کھانے کے انڈے، ٹافیاں وغیرہ) میں ترش ذائقہ پید ا کرنے کے لیے تیار ہوتا ہے۔
2۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال کھانے کے تیل میں سے بو کو ختم کرنے کے لیے بھی ہوتا ہے۔
سوالات:
۱۔ کیا سائٹرک ایسڈ حلال ہے؟
۲۔جن چیزوں میں سائٹرک ایسڈ استعمال ہوتا ہے ان کے کھانے میں کوئی قباحت تو نہیں؟
۳۔ سائٹرک ایسڈ اگر غیر مسلم ممالک سے درآمد کردہ ہو یا جس کھانے کی چیزمیں وہ استعمال ہو وہ غیرمسلم ملک درآمد کردہ ہو تو اس کے استعمال کا کیا حکم ہوگا؟
۴۔ سائٹرک ایسڈ کی طرح ایسے کیمکل جو کہ نباتاتی ذرائع سے حاصل ہوں اور جن کی تیاری میں حیوانی اجزاء شامل نہ کیے جائیں نیز ان کے اندر نشہ آور صلاحیت پیدا نہ ہو ایسے تمام کیمکل کی حلت و حرمت کے بارے میں کیا حکم ہوگا؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
آپ کے سوالات کا جوابات درج ذیل ہیں:
۱۔سائٹرک یسڈ حلال ہے۔
۲۔ نہیں۔
۳۔ سائٹرک ایسڈ چونکہ صرف نباتات سے حاصل ہوتا ہے اس لیے مسلمان ممالک سے درآمدہو یاغیر مسلم ممالک سے اس حوالے سے کوئی فرق نہیں۔ دونوں طرح حلال ہے۔
۴۔ ایسے کیمکلز حلال ہیں۔
نوٹ: یہ جوابات اصل چیز اور نفس مسئلہ کے اعتبار سے ہیں۔ اگر تیاری کے پراسس میں کوئی ناجائز چیز شامل ہو تو اس صورت میں ضروری نہیں کہ مذکورہ حکم ہی برقرار رہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved