- فتوی نمبر: 26-202
- تاریخ: 23 جون 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > نماز کے فضائل کا بیان
استفتاء
تحیۃ الوضواور تحیۃ المسجد کی کیا فضیلت ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
تحیۃ الوضو کی فضیلت درج ذیل ہے:
مسلم شریف (رقم الحدیث:576) میں ہے:
عن عقبة بن عامر قال… قال رسول الله صلى الله عليه وسلم ما من مسلم يتوضأ فيحسن وضوءه ثم يقوم فيصلى ركعتين مقبل عليهما بقلبه ووجهه إلا وجبت له الجنة.
ترجمہ:حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جناب رسول اللہ ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ جو شخص بھی اچھی طرح وضو کرنے کے بعد پورے خشوع وخضوع کے ساتھ دو رکعت تحیۃ الوضو پڑھتا ہے تو اللہ تبارک وتعالی اس کے لئے جنت کو واجب قرار دے دیتے ہیں۔
سنن ترمذی (رقم الحدیث:3689) میں ہے:
عن أبى بريدة قال : أصبح رسول الله صلى الله عليه وسلم فدعا بلالا فقال يابلال بم سبقتني إلى الجنة ؟ مادخلت الجنة قط إلا سمعت خشخشتك أمامى ، دخلت البارحة فسمعت خشخشتك أمامى فأتيت على قصرمربع مشرف من ذهب ، فقلت لمن هذا القصر ؟ قالوا لرجل من العرب ،فقلت أنا عربي لمن هذا القصر ؟ قالوا لرجل من قريش ، فقلت أنا قرشي لمن هذا القصر ؟ قالوا لرجل من أمة محمد صلى الله عليه وسلم فقلت أنا محمد لمن هذا القصر ؟ قالوا لعمر بن الخطاب، فقال بلال يارسول الله ما أذنت قط إلا صليت ركعتين ، وما أصابني حدث قط إلا توضأت عندها ورأيت أن لله على ركعتين ، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم بهما.
ترجمہ: حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ صبح ہوئی تو رسول اللہ ﷺ نے بلال (رضی اللہ عنہ ) کو بلایا اور پوچھا کہ وہ کیا عمل ہے جس کی وجہ سے تم مجھ سے پہلے جنت میں چلے گئے۔ میں (روحانی طور پر) کبھی بھی جنت میں داخل نہیں ہوا مگر یہ کہ میں نے تمہارے چلنے کی آواز اپنے آگے آگے سنی۔ بلال رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ یا رسول اللہ ﷺ میں جب کبھی بھی اذان دیتا ہوں تو اس کے بعد (اس عمل کے شکرانہ کے طور پر) دو رکعت پڑھتا ہوں اور جب کبھی میرا وضو ٹوٹتا ہے تو میں اس وقت وضو کرتا ہوں اور (طہارت کی توفیق پر) ہمیشہ دو رکعت پڑھتا ہوں اور میں خیال کرتا ہوں کہ اللہ کے لئے دو رکعتیں مجھ پر (گویا) لازم ہیں ۔ آپ ﷺنے فرمایا انہی دو باتوں کی وجہ سے (میں نےاپنے آگے آگے تمہارے چلنے کی آواز سنی)۔
تحیۃ المسجد پڑھنے کا آپﷺ نے حکم تو دیا ہےلیکن اس کی کوئی خاص فضیلت ہمیں نہیں ملی۔
سنن ترمذی (رقم الحدیث:315) میں ہے:
عن ابى قتادة قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا جاء احدكم المسجد فليركع ركعتين قبل ان يجلس.
ترجمہ: حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب بھی تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو اس کو چاہیے کہ بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں (تحیۃ المسجد:از ناقل) کی پڑھ لے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved