• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : صبح آ ٹھ تا عشاء

زیور جومہراورمہرکےعلاوہ دیا جائے وہ کس کی ملکیت ہوگا

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

ایک مرد کی شادی اس کی خالہ زاد سے ہوئی ان کے ہاں کوئی اولاد پیدا نہ ہوئی ،عورت کینسر کے مرض میں مبتلاہوگئی اس کا میاں اس کو اس کے بھائی کے گھر چھوڑ کرچلاگیا پھر اس بیمار کی کوئی خبر نہ لی ۔بھائی نے بہن کا علاج شروع کیا اور آپریشن بھی کروایا ،بیمار بہن نے بھائی سے کہا کہ اس کا کچھ زیوربیچ کر کچھ بیماری اورمیرے دوسرے اخراجات کیے جائیں ۔کچھ رقم ساتھ ہی ایک مسجد زیر تعمیر تھی ،مسجد کودے دی جائے ،باقی زیورات بھائی کی بچیوں کودیتی ہوں اس نے دے دیا ۔

دو سال کی بیماری کے دوران مرد (میاں)نے دوسری عورت سے شادی کرلی اوربیمار(1985میں) اللہ کو پیاری ہوگئیں ۔چار پانچ سال بعد اس کے میاں نے کہاکہ میرے زیورات واپس کریں اس کو تمام صورت حال سے آگاہ کیا کہ مرحومہ کی خواہش اورمرضی کے مطابق ہم نے کردیا ہے ۔20سال بعد پھر اس نے وہی مطالبہ کیا ہم نے وہی جواب دیا۔اب  میری گزارش ہے کہ دین کے مطابق بتایا جائے کہ زیورات جو کہ میاں اپنی بیوی کو شادی کے موقع یا بعد میں تحفہ جیسے دیتاہے ہے وہ کس کی ملکیت ہے ؟بیوی کےتمام اخراجات کس کی ذمہ دار ی ہے؟کیا عورت ایسی حالت میں اپنی مرضی کرسکتی ہے یعنی حق ملکیت کا استعمال ؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1.شادی کے موقعہ پرشوہر یا اس کے گھر والوں کی طرف سے بیوی کو مہر کے علاوہ جوزیور دیا جائے اس کے بارے میں مندرجہ ذیل تفصیل ہے:

(الف) اگر ہدیہ کہہ کردیا جائے تو وہ بیوی کی ملکیت ہوگا۔

(ب) صرف استعمال کا کہہ کر دیا جائے تو وہ شوہر کی ملکیت ہوگا۔

(د)نہ ہدیہ کہہ کردیا ،نہ استعمال کا کہہ کر دیا تو اس صورت میں شوہر کے خاندان کا عرف دیکھا جائے گا ۔اگر عرف بیوی کی ملکیت کاہو تووہ بیوی کا ہوگا ورنہ شوہر کا ہوگا۔

2.جن صورتوں میں زیور شوہر کا شمار ہوگا ان میں کل زیورکی واپسی لازمی ہوگی اور جن صورتوں میں بیوی کی ملکیت شمار ہوگا ان میں جو زیور بیوی کے علاج پر خرچ ہوگیا اس میں کسی کا کچھ حق نہیں اور جو باقی بچا اس میں سے ایک تہائی (3/1) تک مسجد میں دینا یا بھائی کی بچیوں کو دینا درست تھا اور باقی ورثاء کی رضامندی پر موقوف تھا، لہذا اس باقی میں سے اگر شوہر اپنا حصہ جو کہ آدھا (2/1)بنتا ہے لینا چاہتا ہے تو اسے دینا ضروری ہے،بشرطیکہ خاوند کو بیوی کے ترکہ میں سے کچھ نہ ملاہو،اگر اس کو ترکہ میں سے دوسری چیزیں مل گئی تھیں تو ان کی تفصیل لکھیں۔

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved