- فتوی نمبر: 31-343
- تاریخ: 07 اپریل 2026
- عنوانات: حظر و اباحت > سونا چاندی اور دیگر زیورات کے احکام
استفتاء
مرد کے لیے سونا حرام ہے، مگر آج کل وائٹ گولڈ چل رہا ہے جو کہ چاندی نہیں ہے البتہ وائٹ گولڈ سونے کی قیمت سے قدرے سستا اور چاندی کی قیمت سے مہنگا ہے۔ کیا وہ مرد کے لیے پہننا جائز ہے؟ اگر جائز ہے تو کتنی مقدار تک پہن سکتے ہیں؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
انٹر نیٹ پردستیاب معلومات کے مطابق وائٹ گولڈسونا، چاندی اور پلاڈیئم ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ اس میں اگرچہ مختلف سنار مختلف شرح سے سونا رکھتے ہیں تاہم سونا غالب ہوتا ہے۔وائٹ گولڈ کا یہ مطلب عام ہے۔
بعض اوقات وائٹ گولڈ کامطلب یہ بھی لیا جاتا ہے کہ سونے پر پلاڈیئم کی پالش کردی جائے جس سے وہ سونا سفید نظر آتا ہے۔
مذکورہ بالا تمہید کے بعد آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ مردکے لیے وائٹ گولڈ کی مذکورہ بالا دونوں صورتوں میں انگوٹھی جائز نہیں ہے۔
توجیہ: پہلی صورت میں (جس میں سونے کے ساتھ چاندی اور پلاڈیئم ملاکروائٹ گولڈ تیار کیا جاتا ہے) انگوٹھی درحقیقت سونے کی ہے صرف سونے نے اپنا قدرتی رنگ چھوڑ دیا ہے اور مرد کے لیے سونے کی انگوٹھی پہننا جائز نہیں ہے۔
اور دوسری صورت میں پلاڈیئم کی پالش پلاڈیئم کی تمویہ (ملمع کرنا ) ہے اور تمویہ کے باوجود بھی انگوٹھی سونے کی رہتی ہے اس لیے مردکے لیے جائز نہیں ہے۔ نیز اس میں سونا غالب نہ بھی ہو پھر بھی اس میں چاندی غالب نہیں ہوتی لہٰذا یہ چاندی کے حکم میں نہ ہوگا اور مرد کے لیے چاندی کے علاوہ کی انگوٹھی جائز نہیں چاہے وہ سونے کے علاوہ کسی اور دھات کی ہو۔
سنن ابی داؤد(رقم الحدیث: 4057)میں ہے:
عن عبد الله بن زرير يعني الغافقي، أنه سمع علي بن أبي طالب رضي الله عنه، يقول: إن نبي الله صلى الله عليه وسلم: أخذ حريرا فجعله في يمينه، وأخذ ذهبا فجعله في شماله ثم قال: «إن هذين حرام على ذكور أمتي
فتاوی ہندیہ(5/335)میں ہے:
ولا بأس بأن يتخذ خاتم حديد قد لوي عليه فضة أو ألبس بفضة حتى لا يرى كذا في المحيط ثم الحلقة في الخاتم هي المعتبرة؛ لأن قوام الخاتم بها، ولا معتبر بالفص حتى أنه يجوز أن يكون حجرا أو غيره، كذا في السراج الوهاج. ولا بأس بسد ثقب الفص بمسمار الذهب كذا في الاختیار شرح المختار ذكر في الجامع الصغير وينبغي أن تكون فضة الخاتم المثقال، ولا يزاد عليه وقيل: لا يبلغ به المثقال وبه ورد الأثر، كذا في المحيط
فتاوی شامی(6/359)میں ہے:
(ولا يتختم) إلا بالفضة لحصول الاستغناء بها فيحرم (بغيرها كحجر) وصحح السرخسي…… (وذهب وحديد وصفر) ورصاص وزجاج وغيرها
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved