• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

رضاعی بھائی کی نسبی بہن سے نکاح کا حکم

استفتاء

زید نے عمر کی والدہ فاطمہ  کا دودھ پیا تو کیا زید کی حقیقی بہن سلمیٰ کا نکاح عمر کے حقیقی بھائی (راشد) سے ہوسکتا ہے اور عمر کی حقیقی بہن (نورین) کا نکاح زید کے حقیقی بھائی (بکر) سے ہوسکتا ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں زید کی حقیقی بہن سلمی کا نکاح عمر کے حقیقی بھائی راشد  سے ہوسکتا ہے۔اور عمر کی حقیقی بہن نورین کا نکاح زید کے حقیقی بھائی بکر سے  ہوسکتا ہے۔

توجیہ:مذکورہ صورت میں چونکہ زید نے عمر کی والدہ  فاطمہ کا دودھ پیا ہے۔ اس لیے فاطمہ کی اولاد زید کے دودھ شریک بہن بھائی ہیں لیکن زید کے باقی بہن بھائیوں سے فاطمہ کی اولاد  کا رضاعت کا رشتہ نہیں ہے اس لیے زید کے  حقیقی بہن ، بھائی بکر اور سلمی کا نکاح زید کے رضاعی بہن بھائی سے  ہوسکتا ہے۔

در مختار(4/398)میں ہے:

‌وتحل ‌أخت ‌أخيه رضاعا كما تحل نسبا

ہندیہ(1/343)میں ہے:

‌وتحل ‌أخت ‌أخيه رضاعا كما تحل نسبا

فتاوی رحیمیہ (8/251)میں ہے:

سوال :رفیق کے بھائی نے ایک عورت کا دودھ پیا تھاوہ تو مر گیا ہے اب رفیق کی شادی اس دودھ پلانےوالی عورت کی لڑکی کے ساتھ ہوسکتی ہے یا نہیں؟ جو اس کے بھائی کی دودھ شریک بہن ہوتی ہے۔

الجواب :صورت مسئولہ میں رفیق کی شادی اپنے بھائی کی دودھ شریک بہن سے درست ہے۔

خیر الفتاوی(4/509)میں ہے:

سوال: گزارش ہے کہ ایک لڑکی نے ایک لڑکے کے ساتھ دودھ پیا ہے اور اس لڑکے کا جس نے دودھ پیا ہے ایک بڑا بھائی ہے یہ لڑکی اس بڑے لڑکے کے نکاح میں آسکتی ہے یا نہیں ؟اگر آسکتی ہے تو لکھ دیں اگر نہ آتی ہو تو بھی فتوی لکھ دیں۔

الجواب :صورت مسئولہ میں لڑکی کا نکاح اپنے رضاعی بھائی کے نسبی بھائی سے جائز ہے۔

کفایت المفتی (5/165)میں ہے:

سوال:  اگر کسی نے ایک عورت کا دودھ پیاتو پینے والے کے لئے اس کی لڑکی حرام ہو گی یا پینے والے کے اور بھائی،بہن کے لئے بھی حرام ہوگی ؟

جواب: پینے والے کے لئے اس کی لڑکی حرام ہو گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved