• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

“آدھی زمین اپنی نواسی کو دوں گا” کہنے سے ہبہ کا حکم

استفتاء

کیا فرماتے ہیں علمائے دین  و مفتیان کرام ، اس مسئلہ کے بارے میں کہ تین بھائی (زید ،خالد ،بکر )  ہیں، ان میں سے زید کی صرف دو بیٹیاں (خدیجہ،فاطمہ ) ہیں ، بیٹا نہیں ہے لہذا زید نے اپنے بھائی خالد کے بیٹے عبداللہ کو اپنا لے پالک بنا لیا ۔زید کی دونوں بیٹیاں شادی شدہ ہیں، ان میں سے خدیجہ زید کی زندگی میں  فوت ہوگئی  ہیں جس سے ایک بیٹی (زینب ) ہے،سن 2009میں زید نے اپنے لے پالک  عبداللہ کی شادی اپنی نواسی زینب کے ساتھ کردی ، زید کے پاس پانچ مرلے کا رہائشی گھر ہے،زید نے انہی پانچ مرلے میں اپنے لے پالک  عبداللہ کا مکان بنوایا،اور اپنی نواسی کو بیاہ کر اسی گھر میں رہائش دی سن 2019میں زید کی بیوی فوت ہو گئی، اور سن 2021 میں وہ خود فوت ہوگیا، اور زید اپنی صحت کے زمانے میں اکثر و بیشتر کہتا تھا کہ “آدھی زمین میں اپنی نواسی  زینب کو دوں گا اور بقیہ آدھی فاطمہ کو ” یہ الفاظ اس نے بارہا کہے لیکن وصیت لکھوائی نہیں،اہل علاقہ بھی اس کی گواہی دیتے ہیں۔اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ متروکہ زمین میں سے زینب کو حصہ ملے گا یا نہیں؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ نہیں ملے گا، زید کے ورثاء میں دو بھائی اور ایک بیٹی ہے۔براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں اس کا مکمل اور مدلل جواب عنایت فرمائیں،

نوٹ: زید کے والدین اس کی  زندگی میں ہی فوت ہوگئے تھے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں آدھی زمین زینب کو نہیں ملے گی بلکہ زید کے ورثاء میں ان کے  شرعی حصوں کے مطابق  اس طرح تقسیم ہوگی کہ 2 حصے (50 فیصد) بیٹی  کو ملیں گے  اور 1 حصہ  (25 فیصد) ہر ایک  بھائی کو ملے گا۔

تاہم اگر زید کے تمام ورثاء یا بعض ورثاء اپنے حصے میں سے زینب کو کچھ یا آدھی زمین  دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں۔

توجیہ: زید نے اپنی  زندگی میں جو یہ کہا تھا کہ ” آدھی زمین میں اپنی نواسی  زینب کو دوں گا ” یہ وعدہ کے الفاظ ہیں جن سے ہبہ نہیں ہوتا نیز یہ الفاظ وصیت کے بھی نہیں ہیں کیونکہ وصیت میں اپنی موت کے بعد کا تذکرہ  ہوتا ہے  لہٰذا مذکورہ زمین زید کی وفات کے وقت اس کی ملکیت تھی جوکہ اس کی وفات کے بعد اس کے ورثاء میں شرعی حصوں کے مطابق تقسیم ہوگی۔

صورت تقسیم درج ذیل ہے:

2×2=4

بیٹی2بھائی
2/1عصبہ
11
2×12×1
21+1

سراجی (ص:03) میں ہے:

ثم يقسم الباقي بين ورثته بالكتاب والسنة وإجماع الامة فيبدأ بأصحاب الفرائض …. ثم بالعصبات …. ثم الرد (أى عند عدم من تقدم ذكره من العصبات على ذوي الفروض النسبية بقدر حقوقهم ثم ذوي الأرحام)

درر الحکام شرح مجلۃ الاحکام (2/397) میں ہے:

لا تنعقد الهبة بوعد الهبة مثلا لو وعد شخص آخر قائلا له: إنني سأهبك ما في ذمتك من الدين لي إلا أنه لم يهبه إياه فلا يجبر ذلك الشخص على الهبة للوعد الذي وقع منه إذ ليس للوعد من حكم

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved