- فتوی نمبر: 37-109
- تاریخ: 09 نومبر 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > جمعہ کی نماز کا بیان
استفتاء
کماچ گاؤں کی صورتحال:
کمیت: جغرافیائی حدود:
کماچ جو کہ (UC) نصرت خیل کا مرکزی مقام ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ویلج کا بھی مرکزی مقام ہے، بلکہ ویلج اسی نام سے موسوم ہے، جانبِ شمال اس کی آخری حد شاہی تنگے ہے اور جانبِ جنوب آخری حد خرو میرہ ہے اور مشرق کی طرف ساحلِ سمندر ہے اور جانبِ مغرب اس کی آخری حد ٹس میدان ہے۔
خانہ جات (گاؤں کماچ کے ذاتی خانہ جات):
گاؤں کماچ کے ذاتی خانہ جات یعنی شادی شدہ حضرات کے مطبخ ہائے کل 212 ہیں، جبکہ خانہ جات تقریباً 170 ہیں، کل ذاتی مردم شماری 2300 ہیں۔
کماچ کے محلہ جات:
1۔ خرو میرہ: اس کے خانہ جات 25 ہیں اور اس کے کل افراد (مردم شماری) 300 ہیں۔
2۔ تورو گٹو: اس کے خانہ جات 93 اور کل افراد 700 ہیں۔
کماچ کی کیفیت:
ایک تھانہ، ایک ہائی سیکنڈری سکول، ایک پرائمری سکول، تین مکاتب، کماچ بازار کی متصل دوکانیں 26 ہیں، ان میں کپڑے، جوتے، اشیاء خوردونوش، سیلون، دودھ کی دوکان، مرغی کی دوکانیں ہیں، چکی مشین آٹھ ہیں، آرے والی مشین دو ہیں، لوہار، ترکان، اور موچی ایک ایک ہے۔
صحت کے مراکز:
ایک سرکاری ہسپتال، پانچ عدد کلینک ہیں۔
متفرق دوکانیں کل 31 ہیں۔
دوکانوں کی مجموعی تعداد (متصل و متفرق) 55 ہیں۔
عرف میں کماچ کا گاؤں بڑا گاؤں شمار کیا جاتا ہے اور اس پر بڑے گاؤں کا اطلاق کیا جاتا ہے اور آس پاس کی چھوٹی چھوٹی بستیوں والے کماچ بازار کی طرف اپنے حوائج کے لیے آتے ہیں۔
نوٹ: اگر اس بازار پر کماچ بازار کا اطلاق کیا جائے تو لوگ اس کی تکذیب نہیں کرتے۔
سوال یہ ہے کہ زیر بحث (کماچ) گاؤں میں جمعہ کی نماز پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟
وضاحت مطلوب ہے: کیا اس گاؤں میں پہلے سے نمازِ جمعہ ہورہا ہے یا نہیں؟ نیز، جب جمعہ کی تقریباً تمام شرائط موجود ہیں اور سوال کرنے والے حضرات بھی علماء ہیں، جو نمازِ جمعہ کی ضروری شرائط سے واقف ہیں، تو پھربھی سوال کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟
جواب وضاحت: نہیں ہو رہا لیکن اب سہولیات میسر آگئی ہیں لوگ بار بار اس مسئلے کے بارے میں پوچھتے ہیں جس کی وجہ سے علماء کرام کو اس مسئلے کی فکر ہوئی چنانچہ انہوں نے اس بارے میں استفتاء لکھا کہ جب یقینی بات سامنے آجائے گی تو اس پر عمل کیا جائے گا لیکن لوگوں کا رجحان شروع کرنے کی طرف ہے اس وجہ سے استفتاء لکھا ہے۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
کماچ گاؤں کی جو صورتِ حال، سوال میں مذکور ہے،اس کے پیشِ نظر یہ مصر(شہر) یا کم از کم قریہ کبیرہ (بڑی بستی) کی تعریف میں داخل ہے؛ لہٰذا اس گاؤں میں نمازِ جمعہ پڑھنا نہ صرف جائز بلکہ ضروری ہےاور مذکورہ شرائط پائے جانے کے بعد اب تک جو جمعہ ادا نہیں کیاگیا اس پر توبہ و استغفار کرنا ضروری ہے۔
بدائع الصنائع (1/179) میں ہے:
وأما الشرائط التي ترجع إلى غير المصلي فخمسة في ظاهر الروايات، المصر الجامع، والسلطان، والخطبة، والجماعة، والوقت.
أما المصر الجامع فشرط وجوب الجمعة وشرط صحة أدائها عند أصحابنا حتى لا تجب الجمعة إلا على أهل المصر ومن كان ساكنا في توابعه وكذا لا يصح أداء الجمعة إلا في المصر وتوابعه فلا تجب على أهل القرى التي ليست من توابع المصر ولا يصح أداء الجمعة فيها
البنایہ شرح الہدایہ (2/381) میں ہے:
شرائط لزوم الجمعة اثنا عشر، ستة في نفس المصلي …….. وستة في غير نفس المصلي وهي: المصر الجامع، والسلطان، والجماعة، والخطبة، والوقت، والإظهار
بدائع الصنائع(1/585)میں ہے:
وروي عن أبي حنيفة أنه بلدة كبيرة فيها سكك وأسواق ولها رساتيق وفيها وال يقدر على إنصاف المظلوم من الظالم بحشمه وعلمه أو علم غيره والناس يرجعون إليه في الحوادث وهو الأصح.
ردالمحتار(3/6) میں ہے:
والحد الصحيح ما اختاره صاحب الهداية أنه الذي له أمير وقاض ينفذ الأحكام ويقيم الحدود وتزييف صدر الشريعة له عند اعتذاره عن صاحب الوقاية حيث اختار الحد المتقدم بظهور التواني في الأحكام مزيف بأن المراد القدرة على إقامتها على ما صرح به في التحفة عن أبي حنيفة أنه بلدة كبيرة فيها سكك وأسواق ولها رساتيق وفيها وال يقدر على إنصاف المظلوم من الظالم بحشمته وعلمه أو علم غيره يرجع الناس إليه فيما يقع من الحوادث وهذا هو الأصح۔
المبسوط للسرخسی (2/35) میں ہے:
والإذن العام من شرائطها حتى أن السلطان إذا صلى بحشمه في قصره فإن فتح باب القصر وأذن للناس إذنا عاما جازت صلاته شهدها العامة أو لم يشهدوها وإن لم يفتح باب قصره ولم يأذن لهم في الدخول لا يجزئه لأن اشتراط السلطان للتحرز عن تفويتها على الناس ولا يحصل ذلك إلا بالإذن العام وكما يحتاج العامة إلى السلطان في إقامتها فالسلطان يحتاج إليهم بأن يأذن لهم إذنا عاما بهذا يعتدل النظر من الجانبين
(قال) فإن صلى الإمام بأهل المصر الظهر يوم الجمعة أجزأهم وقد أساءوا في ترك الجمعة أما الجواز فلأنهم أدوا أصل فرض الوقت ولو لم نجوزها لهم أمرناهم بإعادة الظهر بعد خروج الوقت والأمر بإعادة الظهر عند تفويتها في الوقت وما فوتوها وأما الإساءة فلتركهم أداء الجمعة بعد ما استجمعوا شرائطها
امداد الاحکام (1/757) میں ہے:
سوال: حنفیہ کے نزدیک ایسے گاؤں میں جمعہ جائز ہے یا نہیں جس کی تعریف حسب ذیل ہے آبادی ۱۹۴۸ہے جس میں مسلمانوں مختلف قومیں آباد ہیں، شیخ، مغل، پٹھان، زمیندار، راجپوت، نومسلم، لوہار، بڑھئی، نائی، دھوبی، قصائی، تیلی، منہیار، درزی، تیرگر، ڈوم،خرادی، نداف، جولاہا، سقہ،عطار، پنساری، بزاز وغیرہ وغیرہ،وسط گاؤں میں مسلسل دوطرفہ تقریباً چالیس دکانیں، ایک ڈاک خانہ ہے، ایک ہی مسجد ہے، مع حوض نہایت عالیشان ہے پہلے سے جمعہ ہوتاآتا ہے، اب اختلاف ہوا ہے۔
الجواب: اصل یہ ہے کہ گاؤں میں جمعہ صحیح نہیں، اور شہروقصبات میں صحیح ہے، قصبہ کی تعریف ہمارے عرف میں یہ ہے کہ جہاں آباد چار ہزار کے قریب یا اس سے زیادہ ہو اورایسا بازار موجود ہو جس میں دکانیں چالیس پچاس متصل ہوں، اور بازار روزانہ لگتا ہو، اور اس بازار میں ضروریات روز مرہ کی ملتی ہوں، مثلاً جوتے کی دکان بھی ہو، اور کپڑے کی بھی، عطار کی بھی ہو بزاز کی بھی، غلہ کی بھی اور دودھ گھی کی بھی، اور وہاں ڈاکٹر یاحکیم بھی ہوں معمارومستری بھی ہوں وغیرہ وغیرہ اور وہاں ڈاکخانہ بھی ہو، اور پولیس کا تھانہ یا چوکی بھی ہو، اور ا س میں مختلف محلے مختلف ناموں سے موسوم ہوں پس جس بستی میں یہ شرائط موجود ہوں گے وہاں جمعہ صحیح ہوگا، ورنہ صحیح نہ ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved