• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سونے کی زکوٰۃ سے متعلق مختلف سوالات

استفتاء

مفتی صاحب، میرا زکوٰۃ کے متعلق ایک اہم مسئلہ ہے۔ براہِ کرم میری مکمل صورتِ حال کو سمجھ کر فقہِ حنفی کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔میری شادی 2 مارچ 2024 کو ہوئی تھی۔ شادی کے وقت میری اہلیہ کے پاس تقریباً 4.5 تولہ سونا تھا۔

2 مارچ 2025 کو اس سونے پر ایک سال مکمل ہوا۔اسی دن میں نے سنار سے سونے کی قیمت معلوم کی۔ اس وقت سونے کا ریٹ تقریباً 285,000 روپے فی تولہ تھا۔اس حساب سے4.5 × 285,000 = 1,282,500 روپے کی 2.5% زکوٰۃ = 32,062.50 روپے بنتی تھی۔یعنی 2 مارچ 2025 کو پہلے  سال کی زکوٰۃ 32,062.50 روپے بنتی تھی۔اس وقت میرے مالی حالات ایسے نہیں تھے کہ میں پوری زکوٰۃ ادا کر سکتا۔ میں کوشش کرتا رہا کہ ہر ماہ کچھ نہ کچھ رقم زکوٰۃ کی مد میں نکالتا رہوں، لیکن باقاعدگی سے ادا نہ کر سکا۔ البتہ ستمبر 2025 میں 2,700 روپے زکوٰۃ کی مد میں ادا کیے تھے۔

فروری 2026 میں ایک ضرورت کی وجہ سے میری اہلیہ نے اپنے 1.72 تولہ سونا مجھے بطور ہبہ دے دیا۔اس موقع پر میری اہلیہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ اگر بعد میں میرے پاس مالی گنجائش ہوئی تو میں اس سونے کی مالیت اسے واپس دے سکتا ہوں، لیکن اگر میں واپس نہ کر سکوں تو بھی یہ میری طرف سے ہبہ ہی رہے گا اور مجھ پر اس کی مالیت واپس کرنا لازم نہیں ہوگی۔

میں نے بھی اس وقت اس سونے کو قرض یا ادھار کے طور پر نہیں لیا تھا بلکہ ہبہ کے طور پر قبول کیا تھا اور  وہ سونا میرے قبضے میں آ گیا تھا۔ البتہ میں نے اپنی استطاعت ہونے پر اس کی مالیت اپنی اہلیہ کو واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا۔بعد میں اس 1.72 تولہ سونے کو فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم سے ایک شخص کا قرض واپس کیا گیا۔جس وقت یہ 1.72 تولہ سونا فروخت کیا گیا، اس وقت سونے کا ریٹ تقریباً 485,026 روپے فی تولہ تھا۔

فروخت کے بعد4.5 – 1.72 = 2.78 تولہ سونا میری اہلیہ کے پاس باقی رہ گیا۔میری اہلیہ کے پاس سونے کے علاوہ کچھ نقد رقم بطور جیب خرچ اور روزمرہ کے اخراجات بھی رہتی ہے۔

اس رقم  کی کوئی مقررہ مقدار نہیں ہوتی بلکہ ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ ہوتی رہتی ہے۔ عموماً میرے اندازے کے مطابق تقریباً  3,000 سے 5,000 روپے کے درمیان ہو سکتی ہے، لیکن کبھی اس سے کم یا زیادہ بھی ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ اس رقم میں سے روزمرہ کے چھوٹے اخراجات کرتی رہتی ہیں اور ضرورت کے مطابق مزید رقم بھی رکھ لیتی ہیں۔مجھے اس رقم کی ہر وقت صحیح مقدار معلوم نہیں ہوتی۔

2 مارچ 2026 کو مزید ایک سال مکمل ہوا۔اس وقت میری اہلیہ کے پاس تقریباً 2.78 تولہ سونا باقی تھا۔اگر میں اپنے موجودہ اندازے کے مطابق فروری 2026 کے 485,026 روپے فی تولہ  والے ریٹ کو استعمال کروں تو 2.78 × 485,026 = 1,348,372.28 روپےاور اس کی 2.5% زکوٰۃ1,348,372.28 × 2.5% = 33,709.31 روپے یعنی میرے موجودہ حساب کے مطابق دوسری سال کی زکوٰۃ تقریباً 33,709.31 روپے بنتی ہے۔اس وقت میری سمجھ کے مطابق میں نے یوں حساب کیا ہے:

2 مارچ 2024 تا 2 مارچ 2025۔  4.5 تولہ × 285,000 × 2.5%  ( 32,062.50 روپے )

2 مارچ 2025 تا 2 مارچ 2026 ۔ 2.78 تولہ × 485,026 × 2.5% (33,709.31 روپے)

دونوں سالوں کی کل زکوٰۃ   :65,771.81 روپے

ستمبر 2025 میں ادا شدہ:2,700 روپے میرے حساب کے مطابق باقی    :63,071.81 روپے

یعنی میری موجودہ سمجھ کے مطابق 2 مارچ 2026 تک 63,071.81 روپے زکوٰۃ باقی بنتی ہے۔لیکن مجھے یقین نہیں کہ یہ طریقۂ حساب شرعاً درست ہے۔

1۔کیا 2 مارچ 2025 کی پہلے  سال کی زکوٰۃ 32,062.50 روپے  ہی واجب ہوئی تھی، اور اب بھی یہی رقم ادا کرنی ہوگی، یا تاخیر کی وجہ سے آج کے سونے کے ریٹ سے دوبارہ حساب ہوگا؟

2۔ستمبر 2025 میں ادا کیے گئے 2,700 روپے کیا پہلے سال کی زکوٰۃ میں منہا ہوں گے؟

3۔1.72 تولہ سونا جو میری اہلیہ نے مجھے واضح طور پر ہبہ کیا تھا، کیا شرعاً میری ملکیت بن گیا تھا؟ کیا بعد میں اس کی مالیت واپس کرنے کا میرا وعدہ اسے قرض بنا دیتا ہے یا وہ ہبہ ہی رہتا ہے؟

4۔چونکہ 1.72 تولہ سونا ہبہ کے بعد میری ملکیت میں آیا اور پھر اسے فروخت کرکے ایک قرض ادا کیا گیا، تو اس سونے/رقم کو میری اہلیہ کی زکوٰۃ میں شمار کیا جائے گا یا میری زکوٰۃ میں؟

5۔2 مارچ 2026 کو کیا صرف باقی 2.78 تولہ سونا زکوٰۃ کے حساب میں شامل ہوگا، یا اس کے ساتھ اہلیہ کے پاس موجود نقد جیب خرچ بھی شامل کیا جائے گا؟

6۔چونکہ جیب خرچ کی رقم مقرر نہیں بلکہ روزمرہ اخراجات کی وجہ سے کبھی 3,000، کبھی 5,000 یا اس سے کم/زیادہ  ہوتی رہتی ہے، تو زکوٰۃ کی تاریخ پر موجود رقم کس طرح شمار ہوگی؟

7۔2 مارچ 2026 کو دوسرے سال کی زکوٰۃ نکالتے وقت سونے کی قیمت کس ریٹ  سے معلوم کی جائے گی؟ کیا 2 مارچ 2026 کے دن کا سونے کا ریٹ لینا ضروری ہے؟

8۔کیا میرا موجودہ حساب درست ہے کہ:

پہلا سال = 32,062.50 روپے

دوسرا سال = تقریباً 33,709.31 روپے

کل = 65,771.81 روپے

منہا پہلے ادا شدہ 2,700 روپے

باقی = 63,071.81 روپے

یا فقہِ حنفی کے مطابق اس میں کوئی تبدیلی ہوگی؟

9۔آخر میں براہِ کرم  2 مارچ 2025 سے 13 اگست 2026 تک کی مکمل واجب الادا زکوٰۃ کا حتمی حساب  فرما دیں، تاکہ میں پوری رقم ادا کرکے اپنے ذمے سے زکوٰۃ ادا کر سکوں۔

مفتی صاحب، میں اس معاملے کو لے کر کافی پریشان رہتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میری اہلیہ کے مال اور متعلقہ تمام رقم کی زکوٰۃ شرعی طریقے کے مطابق صحیح طور پر ادا ہو جائے اور میرے ذمے کوئی زکوٰۃ باقی نہ رہے۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔زکوٰۃ کی ادائیگی میں چونکہ  اسلامی تاریخ کا اعتبار ہوتا ہے  اس لیے  آپ نے جو گزشتہ سال 2 مارچ 2025ء کے سونے کی قیمت کے اعتبار سے  زکوٰۃ کی رقم بنائی ہے اس کا اعتبار نہیں ۔

مذکورہ صورت میں بہتر یہ ہے کہ سونے کے موجودہ ریٹ کے لحاظ سے حساب کرکے زکوٰۃ ادا کریں۔ تاہم اگر سونے کے موجودہ ریٹ کے لحاظ سے زکوٰۃ کا ادا  کرنا مشکل ہو تو 2 مارچ 2024 کو جو اسلامی تاریخ بنتی ہو وہ معلوم کرکے اگلے سال (2025)  میں اسی اسلامی تاریخ کے مطابق دوبارہ حساب کرکے  زکوٰۃ ادا کرنے کی بھی گنجائش ہے۔

2۔پہلے سال کی زکوٰۃ میں منہا ہوں گے۔

3۔یہ ہبہ ہی رہے گا۔ واپسی کے وعدے کی وجہ سے یہ قرض نہیں بنے گا۔

4۔جب بیوی نے آپ کو یہ سونا ہدیہ کر دیا تھا تو وہ آپ کی ملکیت میں آ گیا تھا۔ لیکن اب جب آپ نے وہ سونا فروخت کرکے رقم قرض میں ادا کر دی ہے تو اس سونے کی رقم نہ آپ کی زکوٰۃ میں شمار ہوگی اور نہ ہی آپ کی بیوی کی زکوٰۃ میں۔ البتہ 2025ء کی زکوٰۃ کے حساب میں یہ سونا بیوی کی زکوٰۃ میں شمار ہوگا۔

5۔جیب خرچ کو بھی نصاب میں شامل کیا جائے گا، یعنی سونے کے ساتھ ملایا جائے گا۔

6۔سال پورا ہونے پر جو رقم موجود ہے، اس کو نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ جو خرچ ہو گئے ہیں، ان کو نہیں شامل کیا جائے گا۔

7۔بہتر یہ ہے کہ 2 مارچ 2026ء کو جو اسلامی تاریخ اور مہینہ بنتا ہو اس کی  زکوٰۃ موجودہ ریٹ کے حساب سے ادا کی جائے۔ لیکن اگر گنجائش نہ ہو تو  2026 میں اسلامی تاریخ کے لحاظ سے جو تاریخ بنتی ہو اس تاریخ کے ریٹ کے حساب سے بھی زکوٰۃ ادا کرنے کی گنجائش ہے۔

8۔چونکہ آپ نے   انگریزی تاریخ کے  ریٹ کے مطابق حساب لگایا ہے وہ  درست  نہیں ہے، اسلامی تاریخ کے مطابق دوبارہ حساب کرنا ہوگا  لیکن اگر گنجائش ہو تو بہتر یہ ہے کہ دونوں سالوں کی زکوٰۃ موجودہ ریٹ کے مطابق ادا کریں۔

9۔گزشتہ قیمت کے اعتبار سے اگر زکوٰۃ ادا کی جائے تو جو حساب آپ نے لگایا ہے وہ چونکہ اسلامی تاریخ کے مطابق نہیں اس لیے  وہ درست  نہیں اس  لیے دوبارہ گذشتہ اسلامی تاریخ کے مطابق حساب کرنا ضروری  ہوگا۔ موجودہ ریٹ کے حساب سے زکوٰۃ ادا کریں گے تو چونکہ ہر روز سونے کی قیمت تبدیل ہوتی رہتی ہے، اس لیے ہم ایک حساب کرکے آپ کو بنا دیں، یہ ممکن نہیں۔ لہٰذا جس دن آپ زکوٰۃ ادا کرنا چاہیں ، اس دن سونے کا ریٹ معلوم کرکے اسی کے مطابق زکوٰۃ ادا کریں۔

نوٹ:زکوٰۃ کی ادائیگی میں اسلامی سال اور تاریخ ومہینے  کا اعتبار ہوتا ہے۔ اس لیے 2 مارچ 2024ء کو اسلامی تاریخ  اور مہینہ کیا تھا ، اسے معلوم کرکے اسی تاریخ  اور مہینے کے مطابق اپنی زکوٰۃ کا حساب کیا کریں۔

شامی (3/251) میں ہے:

‌وتعتبر ‌القيمة ‌يوم الوجوب، وقالا يوم الأداء

فتح القدیر (2/167) میں ہے:

‌ولو ‌كان ‌في ‌مفازة تعتبر قيمته في أقرب الأمصار إلى ذلك الموضع، وكذا في الفتاوى.ثم قول أبي حنيفة فيه: إنه تعتبر القيمة يوم الوجوب وعندهما يوم الأداء

شامی (2/271) میں ہے:

(قوله وافتراضها عمري) قال في البدائع وعليه عامة المشايخ، ففي أي وقت أدى يكون مؤديا للواجب، ويتعين ذلك الوقت للوجوب، وإذا لم يؤد إلى آخر عمره يتضيق عليه الوجوب، حتى لو لم يؤد حتى مات يأثم واستدل الجصاص له بمن عليه الزكاة إذا هلك نصابه بعد تمام الحول والتمكن من الأداء أنه لا يضمن، ولو كانت على الفور يضمن كمن أخر صوم شهر رمضان عن وقته فإن عليه القضاء.

ہندیہ  (4/396) میں ہے:

وهب له دارا أو تصدق عليه بدار على أن يرد عليه شيئا منها أو يعوضه شيئا منها فالهبة جائزة والشرط باطل، كذا في الكافي والأصل في هذا أن كل عقد من شرطه القبض فإن الشرط لا يفسده كالهبة والرهن، كذا في السراج الوهاج

شامی (3/234) میں ہے:

(و) يضم (الذهب إلى الفضة) وعكسه بجامع الثمنية (قيمة) وقالا بالإجزاء، فلو له مائة درهم وعشرة دنانير قيمتها مائة وأربعون تجب ستة عنده وخمسة عندهما فافهم.

فتاویٰ رحیمیہ، ( 7 /  154 )  میں ہے :

سوال: میرے بھائی کی شادی کو ایک برس ہو گیا ہے۔ انہوں نے شادی کے وقت اپنی بیوی کو آٹھ تولہ سونا دیا تھا، اور دو تولہ سونا لڑکی کو اس کے والد نے دیا تھا۔ تو اس سونے کی زکوٰۃ کس پر واجب ہوگی؟

الجواب: آپ کے بھائی کی بیوی کو جو سونا یا سونے کے زیورات بطورِ نجشش یا مہر کے بدلے میں ملے ہیں، ان کی وہ خود مالک ہے، لہٰذا ان کی زکوٰۃ بھی اسی پر واجب ہوگی۔اور اگر زیورات عاریتاً، یعنی صرف پہننے کے لیے دیے گئے ہیں، تو ان کا مالک وہ شخص ہے جس نے زیورات دیے ہیں۔ جس کو صرف پہننے کے لیے دیے گئے ہیں، وہ ان کا مالک نہیں ہے۔

لہٰذا جس شخص کی ملکیت میں سونا یا زیورات ہوں، زکوٰۃ ادا کرنے کا ذمہ دار بھی وہی ہوگا، بشرطیکہ وہ صاحبِ نصاب ہو۔

فتاویٰ مفتی محمود، (  3، /  205 )  میں ہے:

سوال: سال کے دوران مختلف رقومات مختلف اوقات، یعنی مہینوں میں، کسی شخص کو از قسم  تنخواہ یا پنشن ملتی ہیں اور ساتھ ہی خرچ ہوتی رہتی ہیں۔ سال کے آخر میں زکوٰۃ کی ادائیگی کا کیا حکم ہے؟ اور کچھ رقم بچ جائے، اور یہ بھی معلوم نہ ہو کہ کس ماہ کی آمدنی سے یہ رقم بچت ہوئی ہے، تو کیا حکم ہے؟

الجواب: اگر سال کے آخر میں بقدرِ نصاب مال موجود ہے تو زکوٰۃ واجب ہے، خواہ وہ مال کسی بھی آمدنی کا ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved