- فتوی نمبر: 36-378
- تاریخ: 10 نومبر 2026
- عنوانات: عقائد و نظریات > حدیث و سنت
استفتاء
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نےفرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےارشادفرمایا جوشخص میری امت میں خرابی پیدا ہونےکےوقت میری سنت پرعمل کرےگا،اسکو 100 شہیدوں کا ثواب ملےگا۔[مشکوةالمصابیح،جلد1صفحہ55،رقم الحدیث:176]
سنت کی دوقسمیں ہیں: (1) سنت مؤکدہ(2) سنت غیرمؤکدہ [التعریفات صفحہ88۔ نورالانوار، صفحہ171]
سوال یہ ہےکہ درج بالاحدیث میں جوسوشہیدوں کی فضیلت بیان کی گئی ہےیہ سنت مؤکدہ کےمتعلق ہےیا سنت غیرمؤکدہ بھی اس فضیلت میں شامل ہے؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
ہر سنت اس فضیلت میں شامل ہے خواہ وہ مؤکدہ ہو یا غیر مؤکدہ ہو اسی طرح وہ سنن ہدیٰ میں سے ہو یا سنن زوائد میں سے ہو البتہ جس سنت کے مقابلے میں کوئی دوسری سنت ہو وہ اس سے مراد نہیں۔
بریقہ محمودیہ فی شرح طریقۃ محمدیہ ، لمحمد الخادمی ،ت: ۱۱۵۶ھ (1/74) میں ہے:
«من تمسك» أي اعتصم وتحفظ «بسنتي» اعتقادا وفعلا وقولا لفظ السنة مطلق فيجري على إطلاقه فيشمل الهدي والرواتب والزائد والظاهر إضافته للاستغراق إذ لا قرينة للعهد ولا دليل للجنس فالأجر الموعود إنما هو لإتيان الجميع إذ قدر الأجر على قدر الأعمال نعم قوله «عند فساد أمتي» يلائم اختصاصه بسنة يوجب تركها الفساد إلا إن اتسع في الفساد ويعم من اتباع الهوى والبدع إلى ارتكاب مكروه ولو تنزيها أو ترك أولى فتأمل
ملفوظات حکیم الامت(3/311)میں ہے:
فرمایا :مولانا اسماعیل شہیدؒ نے جب دہلی میں آمین بالجہر اور رفع یدین پر عمل کرانا شروع کیا تو لوگوں کی شکایت کی وجہ سے ان کو حضرت شاہ عبدالقادر صاحبؒ نے بلا کر کہا : ایسا کیوں کرتے ہو ؟ کہا : میں سنت ِمردہ کو زندہ کرتا ہوں اور ایسی سنت کے احیاء سے سو شہیدوں کا ثواب ملتا ہے ـ فرمایا اسماعیل تم سمجھے نہیں ، یہ ثواب اس سنت میں ہے جس کے مقابل بدعت ہو اور جس کے مقابل دوسری سنت ہو وہاں احیاء سنت بہر صورت بدستور قائم رہتا ہے ـ مولانا شہیدؒ بالکل خاموش ہو گئے ـ حضرت والا نے فرمایا عجیب تحقیق غامض ہے ـ
فقہی مضامین مولفہ ڈاکٹر مفتی عبد الواحد صاحبؒ (ص 224) میں ہے:
سو شہیدوں کا ثواب اس سنت کو زندہ کرنے میں ملتا ہے جس کے مقابلے میں بدعت رائج ہو گئی ہو اور جہاں ایک حدیث کی جگہ دوسری حدیث پر عمل ہو رہا ہو یا حدیث کی ایک احتمالی صورت کی جگہ دوسری احتمالی صورت پر عمل ہو رہا ہو تو وہ موقع اس فضیلت کا محل نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved