• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

مرحوم شوہر کی بینک میں رکھی رقم بیوی کا سوتیلے بیٹے کو مکان خریدنے کے لیے دینا

استفتاء

میں بیوہ زینب    ہوں، میری دو شادیاں ہوئیں ۔ پہلا شوہر شادی کے دو سال بعد فوت ہوگیا تھا ۔ اس سے میرا ایک بیٹا زید پیدا ہوا تھا۔پھر میری دوسری شادی ہوئی جن صاحب سے ہوئی ان کی پہلی بیوی انتقال کر گئی تھیں  ان صاحب کی دو بیٹیاں تھیں ،  میرا بیٹا زید اور ان صاحب کی دونوں بیٹیاں ہم سب ساتھ رہتے تھے۔ میرے دوسرے شوہر سے میرے  دو بیٹے اور ایک بیٹی ہوئی ۔جب  میرے دوسرے شوہر ریٹائر ہوئے تو انکو   دفتر سے تین  لاکھ روپے ملے وہ  بینک میں رکھ دیے۔ اور پنشن سے گھر کا خرچہ ہوتا  رہا۔ پھر میرے دوسرے شوہر بھی انتقال کرگئے  لیکن مرنے سے پہلے وہ اپنی پہلی بیوی کی بچیوں کی شادی کر گئے اب میرا بڑا بیٹا زید دوبئی میں   نوکری بھی کرنے لگا  پھر کچھ عرصے بعد  میرے بڑے  بیٹے نے گھر لیا اس میں کچھ رقم کم ہو  رہی تھی  تو  میں نے اپنے دوسرے شوہر کے بینک میں رکھے 3لاکھ گھر کی رقم پوری کرنے  کے لیے اس  کو دے دیے ، گھر میرے بڑے بیٹے زید کے نام ہے گھر میں ہم سب رہتے ہیں معلوم یہ  کرنا ہے کہ:

1۔ جو 3 لاکھ میں نے گھر کی رقم پوری کرنے  کے لیے  زید بیٹے کو دیئے تھے کیا وہ رقم وراثت میں میرے  دوسرے شوہر کے  بچوں کو ملے گی یا نہیں  ؟

2۔اور اگر ملے گی تو آج کے حساب سے ملے گی یا 22 سال پہلے کے  حساب سے ملے گی؟

3۔ اور وراثت  تقسیم ہونے  کی صورت میں، میں اُس زیور سے دوسرے شوہر کے بچوں کو حصہ  دے سکتی ہوں  جو کہ میرے پہلے شوہر کے بیٹے زید نے   مجھے بنا کر دیا ہے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔مذکورہ صورت میں یہ رقم (تین لاکھ روپے) آپ کے دوسرے شوہر کے تمام بچوں کو اور آپ کو  وراثت کے طور پر ملے گی جس کی تقسیم کی صورت یہ ہوگی کہ کل مال کے 8 حصے کیے جائیں گے جن میں سے بیوی کو ایک حصہ (12.5 فیصد) یعنی 37500 روپے اور دو بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو دو حصے ( 25 فیصد فی کس )یعنی 75000 روپے اور تین بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو ایک حصہ (12.5فی کس )یعنی 37500 روپے ملیں گے ۔

2۔ دوسرے شوہر کے ورثاء اگر نقد رقم لیں گے تو اتنی ہی ملے گی جتنی تھی اور  اگر وہ چاہیں تو 22 سال پہلے اس رقم کی جتنی چاندی آتی تھی اتنی چاندی لے سکتے ہیں اور اگر وہ اتنی چاندی  کا  مطالبہ کریں   تو آپ کے ذمے اتنی چاندی کی ادائیگی لازمی ہوگی  جتنی ان کے حصوں کے بقدر روپوں کی  22 سال پہلے آتی تھی۔

3۔اس زیور سے بھی دے سکتی ہیں ۔

مجلۃ الاحکام العدلیہ (ص:27) میں ہے:

‌لا ‌يجوز ‌لأحد أن يتصرف في ملك الغير بلا إذنه

شامی (7/55) میں ہے:

وفي الذخيرة عن المنتقى ‌إذا ‌غلت ‌الفلوس قبل القبض أو رخصت. قال: أبو يوسف، قولي وقول أبي حنيفة في ذلك سواء وليس له غيرها، ثم رجع أبو يوسف وقال: عليه قيمتها من الدراهم، يوم وقع البيع ويوم وقع القبض. اهـ. وقوله: يوم وقع البيع أي في صورة البيع، وقوله: ويوم وقع القبض أي في صورة القرض كما نبه عليه في النهر في باب الصرف.

وحاصل ما مر: أنه على قول أبي يوسف المفتى به لا فرق بين الكساد والانقطاع والرخص والغلاء في أنه تجب قيمتها يوم وقع البيع أو القرض لا مثلها، وفي دعوى البزازية، من النوع الخامس عشر، عن فوائد الإمام أبي حفص الكبير استقرض منه دانق فلوس حال كونها عشرة بدانق، فصارت ستة بدانق أو رخص وصار عشرون بدانق يأخذ منه عدد ما أعطى ولا يزيد ولا ينقص. اهـ. قلت: هذا مبني على قول الإمام، وهو قول أبي يوسف أولا، وقد علمت أن المفتى به قوله: ثانيا بوجوب قيمتها يوم القرض، وهو دانق أي سدس درهم سواء صار الآن ستة فلوس بدانق أو عشرين بدانق تأمل

مسائل بہشتی زیور(2/256) میں ہے:

کسی سے ہزار روپے قرض لیے۔ اس وقت چاندی سو روپے تولہ کے حساب سے ایک ہزار روپے کی دس تولہ آتی تھی۔ جب مثلاً سال بعد قرض واپس کرنے لگے تو اس وقت چاندی کےنرخ بڑھے ہوئے تھے اور ایک ہزار کی نو تولہ چاندی ملنے لگی۔ تو قرض خواہ مقروض سے روپوں کے بجائے دس تولہ چاندی  وصول کر سکتا ہے۔ اسی طرح اگر نرخ گر گئے تب مقروض کو حق حاصل ہے کہ وہ قرض خواہ کو صرف دس تولہ چاندی واپس دے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved