- فتوی نمبر: 37-125
- تاریخ: 11 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تین طلاقوں کا حکم
استفتاء
میری ازدواجی زندگی میں کچھ عرصہ قبل شدید گھریلو اور ذہنی کشیدگی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں میری اہلیہ اپنے والدین کے گھر چلی گئی اور کافی عرصے سے ہمارے درمیان علیحدگی ہے۔ ہمارے درمیان دو مرتبہ طلاق کا واقعہ پیش آیا ، میری اہلیہ کا موقف ہے کہ طلاق ہو چکی ہے، جبکہ میرا موقف یہ ہے کہ پہلے واقعہ میں، میں نے جان بوجھ کر اور باقاعدہ ارادے سے اپنی اہلیہ کو طلاق نہیں دی تھی۔ اور دوسرے واقعہ میں مجھے یقینی طور پر یاد نہیں کہ میں نے طلاق کے الفاظ بولے تھے یا نہیں؟ اور صریح الفاظ کہے تھے یا نہیں؟
اس سلسلے میں پہلا واقعہ یہ ہے کہ ایک رات میری اہلیہ سے میری لڑائی ہو رہی تھی۔ اس دوران میری بہن نے مجھے برا بھلا کہا اور طعنے دئیے جس پر مجھے شدید غصہ آیا۔ پھر اس نے مجھ سے کہا کہ “اگر تم مرد ہو تو اپنی بیوی کو طلاق دو، اس پر میں نے دو مرتبہ صرف ”طلاق“ کا لفظ بولا تھا مجھے اپنے الفاظ کا علم تھا لیکن میری طلاق کی نیت نہیں تھی، اور اس موقع پر میں نے کوئی توڑ پھوڑ بھی نہیں کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد ہم اکٹھے رہتے رہے۔
دوسرا واقعہ تقریباً 16 ستمبر 2025ء کے آس پاس کا ہے۔ میری اہلیہ کا کہنا ہے کہ میں نے گاڑی چلاتے ہوئے انہیں تین مرتبہ طلاق کے الفاظ کہے، جبکہ میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا کہ میں نے انہیں طلاق دی تھی۔ میری طرف سے کوئی باقاعدہ تحریری طلاق نامہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔اس وقت میں شدید ذہنی دباؤ، پریشانی اور گھریلو تنازعات سے گزر رہا تھا۔ اس وقت کی میری ذہنی کیفیت درست نہیں تھی اس سے متعلق میڈیکل ریکارڈ بھی موجود ہے، جسے میں ضرورت پڑنے پر پیش کرنے کے لیے تیار ہوں۔اس مبینہ طلاق کے واقعے کے وقت کوئی ایسا عینی گواہ موجود نہیں تھا جو یہ گواہی دے سکے کہ میں نے اپنی اہلیہ کو طلاق کے الفاظ کہے تھے۔ان دو واقعات کے علاوہ میں نے کبھی طلاق کے الفاظ نہیں بولے۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ جب یہ معاملہ پیش آیا تو اس کے بعد اس مسئلے کے بارے میں میری بیوی نے مجھ سے کوئی تفصیلی گفتگو یا باقاعدہ مشورہ نہیں کیا۔ نہ میری رائے معلوم کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش کی اور نہ ہی اس واقعے کی حقیقت جاننے کی کوشش کی، اور نہ یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا ہمارا رشتہ بچانے کی کوئی گنجائش موجود ہے؟معاملے کو میری رائے اور موقف معلوم کیے بغیر ہی ختم شدہ سمجھ لیا گیا،اگر اس وقت کسی نے مجھ سے تفصیل سے بات کی ہوتی، میرے موقف کو سمجھنے کی کوشش کی ہوتی اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی ہوتی کہ اگر رشتہ بچ سکتا ہے تو اسے کیسے بچایا جائے، تو شاید معاملہ مختلف انداز میں حل ہو سکتا تھا۔ میں نے اپنی اہلیہ کے سامنے کئی مرتبہ اپنا موقف واضح کیا اور اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کر اپنی بات بیان کی، لیکن وہ میرے موقف کو قبول نہیں کر رہی ہیں۔ اس وقت میری اہلیہ اس معاملے میں اپنا باقاعدہ اور تفصیلی بیان دینے، میرے ساتھ بیٹھ کر اس واقعے کی تفصیلات واضح کرنے یا اس حوالے سے مزید ثبوت فراہم کرنے پر آمادہ نہیں ہیں، میں ہر قسم کے مطلوبہ ثبوت، دستاویزات، میڈیکل ریکارڈ، پیغامات یا دیگر معلومات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔ اگر دارالافتاءکوکسی خاص دستاویز یا مزید وضاحت کی ضرورت ہو تو براہِ کرم مجھے بتا دیا جائے۔میرے بنیادی سوالات یہ ہیں۔
1۔ مذکورہ صورت میں کتنی طلاقیں واقع ہوئی ہیں؟
2۔ میں چونکہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور طبی کیفیت سے متاثر تھا، مجھے یاد نہیں کہ میں نے طلاق کے الفاظ کہے تھے یا نہیں؟ اور میرا جان بوجھ کر طلاق دینے کا ارادہ بھی نہیں تھا تو کیا اس کیفیت کا طلاق کے شرعی حکم پر کوئی اثر پڑے گا یا نہیں؟ اس سلسلے میں موجود میڈیکل ریکارڈ کا شرعاً اعتبار ہوگا یا نہیں؟
3۔ اگر طلاق واقع ہو گئی ہے تو کیا رجوع یا صلح کی کوئی گنجائش باقی ہے؟
بیوی کا بیان:
پہلے بھی دو تین مرتبہ مختلف مواقع پر پورے ہوش وحواس میں طلاق دی ہے، پہلے دو مرتبہ طلاق دی تھی پھر اس کے بعد کبھی ایک دفعہ اور کبھی دو دفعہ دی، الفاظ یہ ہوتے تھے “طلاق دیتا ہوں” اس کے بعد اکٹھے بھی رہتے رہے ہیں، اس مرتبہ گاڑی میں تین مرتبہ “طلاق دیتا ہوں” کے الفاظ سے طلاق دی ہے اور ان کا کوئی بہت بڑا میڈیکل مسئلہ نہیں ہے اور گاڑی میں تین مرتبہ طلاق دینےسے پہلے کوئی ایسا کام سرزد نہیں ہوا جس سے پتہ چلے کہ وہ ہوش میں نہیں تھے اور اس سے پہلے بھی انہوں نے ہوش و حواس میں بالکل نارمل حالت میں طلاقیں دی ہیں، اب میں ان کے ساتھ رہنا بھی نہیں چاہتی چاہے فتوے کے رو سے گنجائش موجود بھی ہو۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
3،2،1۔مذكورہ صورت میں شوہر اگر اپنے بیان میں سچا ہے تو اس کے بیان کی رو سے صرف دو طلاقیں ہوئی ہیں جن کے بعد رجوع بھی ہو چکا ہے لہٰذا شوہر کے بیان کے مطابق بیوی ابھی بھی شوہر کے نکاح میں ہے اور اس کے لیے آگے نکاح کرنا جائز نہیں۔ تاہم بیوی اگر اپنے بیان میں سچی ہے تو بیوی کے حق میں اپنے بیان کے مطابق تینوں طلاقیں واقع ہو چکی ہیں، جن کی وجہ سے بیوی شوہر پر حرام ہو گئی ہے اور بیوی کے لیے اب صلح یا رجوع کی گنجائش باقی نہیں۔ یعنی بیوی اگر صلح یا رجوع کرنا بھی چاہے تو وہ اپنے بیان کے پیشِ نظر صلح یا رجوع نہیں کر سکتی۔
توجیہ :مذكورہ صورت میں پہلے واقعہ میں شوہر نے دو مرتبہ طلاق کے الفاظ بولنے کا خود اقرار کیا ہے اور اس موقع پر شوہر سے کوئی خلافِ عادت کام بھی سرزد نہیں ہوا لہٰذا شوہر کے حق میں دو طلاقیں واقع ہو گئیں پھر چونکہ میاں بیوی اکٹھے رہتے رہے، اس لیے رجوع ہو گیا۔ اس کے بعد شوہر مزید طلاقیں دینے کو تسلیم نہیں کرتا،اور بیوی کے پاس ان مزید طلاقوں کو ثابت کرنے کے لیے گواہ بھی نہیں ہیں اس لیے شوہر کے حق میں مزید طلاقیں واقع نہیں ہوئیں لیکن چونکہ بیوی کے بیان کے مطابق شوہر نے مزید طلاقیں اپنے ہوش و حواس میں دی ہیں اور بیوی اپنے سنے ہوئے پر عمل کرنے کی شرعاً پابند ہے اس لیے بیوی کے حق میں تینوں طلاقیں واقع ہوگئی ہیں۔
البحر الرائق (3/ 277) میں ہے:
والمرأة كالقاضي إذا سمعته أو أخبرها عدل لا يحل لها تمكينه
بدائع الصنائع (3/ 187) میں ہے:
«وأما الطلقات الثلاث فحكمها الأصلي هو زوال الملك، وزوال حل المحلية أيضا حتى لا يجوز له نكاحها قبل التزوج بزوج آخر؛ لقوله عز وجل {فإن طلقها فلا تحل له من بعد حتى تنكح زوجا غيره} وسواء طلقها ثلاثا متفرقا أو جملة واحدة؛
فتح القدير (4/ 73) میں ہے:
«أن المرأة كالقاضي لا يحل لها أن تمكنه من نفسها إذا علمت منه ما ظاهره خلاف مدعاه،»
فتاوی محمودیہ (13/29) میں ہے:
جب عورت نے تین مرتبہ طلاق دینا خود اپنے کان سے سنا ہے، تو پھر اس کے لئے زید کو اپنے اوپر قدرت دینا جائز نہیں جو جائز صورت بھی عورت کے قبضہ میں زید سے بچنے کی ہو اختیار کی جاوے۔
المرأة کالقاضی لا یحل لها ان تمكنه اذا سمعت منه ذلک أو شهد به شاهد عدل عندها.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved