• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

(1)دو طلاقناموں کے ذریعہ طلاق دینے کے بعد میاں بیوی کا رجوع (2) لفظ طلاق کہہ کر اپنے حق زوجیت سے آزاد کررہا ہوں کہنے کا حکم (3)”طلاق دوم کہنے کے بعد لکھ بھی دی ہے ” لکھنے کا حکم

استفتاء

میرا نام زید  ہے میں نے آج سے  تقریبا 11 سال پہلے اپنی  بیوی  کو چھوڑ دیا تھا ،دو طلاقیں تحریرا ً دی تھیں۔میں نے   دو طلاقنامے بنوائے تھے جنہیں میں نے پڑھ کر دستخط کردیے تھے ۔اب  ہم دوبارہ نکاح کرنا چاہ رہے ہیں۔ میں نے یونین کونسل سے پتہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ نے موثر طلاق  کا سرٹیفیکیٹ لیا ہوا ہے ۔حالانکہ میں نے  تو دو طلاقیں  دی تھیں ۔وہ  کہتے  ہیں  کہ چاہے آپ نے دو دی ہوں یا تین  ،  ہمارے سسٹم میں تین ماہ بعد طلاق  خود ہی  موثر ہو جاتی  ہے  اور تینوں  طلاقیں تصور کی جاتی ہیں ۔ آپ ہماری راہنمائی  فرمادیں ہم اب صلح کرنا چاہ رہے ہیں  ۔

پہلے نوٹس  کی متعلقہ عبارت :

طلاق اول  منکہ زید ولد خالد ساکن ۔۔۔  یہ کہ میری شادی ہمراہ ۔۔۔مورخہ 23/8/13 کو بطریق شریعت محمدی  طے پائی ۔۔۔۔۔۔۔۔میں نے بہت سوچ سمجھ کر اور بہت غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ مندرجہ ذیل گواہان کی موجودگی میں اپنی بیوی کو بیک لفظ  ”  ط  “طلاق دے دی ہے۔ لکھ بھی دی ہے تاکہ سند رہے ۔

 العبد زید                                                          تاریخ:  2015/08/26

دوسرے نوٹس کی متعلقہ عبارت :

طلاق دوم ۔۔۔ منکہ زید بمطابق شریعت محمدی  مسماۃ ۔۔۔ کو دوبارہ لفظ  ط (طلاق )کہہ کر اپنے حق زوجیت اور اپنی زندگی سے سابقہ گواہان کی موجودگی میں آزاد کررہا ہوں ۔ طلاق دوم کہنے کے بعد لکھ  کر بھی دے دی ہے تاکہ  شریعت اور ملکی قانون کے تقاضے پورے ہوسکیں ۔ طلاق اول مورخہ 2015/8/26 کو بذریعہ رجسٹری بھیج چکا ہوں ۔ 

العبدزید                                    تاریخ :           2015/10/4

بیوی کا بیان :

میرے شوہر نے دو طلاقیں ہی  بھیجی تھیں ۔دونوں طلاقوں کے درمیان تقریبا ً    ایک ماہ کا  وقفہ تھا اور مجھے اس  دوران ایک ماہواری آئی تھی ۔ اس کے علاوہ  زبانی طلاق کبھی نہیں دی ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں سائل کا یہ کہنا کہ “یونین کونسل سے اگر طلاق  کے دو نوٹس بھی بھیجے جائیں تب بھی وہ تین ماہ بعد تین طلاقیں تصور کی جائیں گی” درست نہیں اس لیے کہ ہماری معلومات کے مطاق جو ہم نے یونین کونسل کے دفتر  سے لی  ہیں  اگر ایک طلاق یا دو طلاق کا نوٹس بھیجا جائے تو تین ماہ بعد وہی بھیجے گئے نوٹس مؤثر ہوں گے اور یونین کونسل کی طرف سے مؤثر طلاق کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے گا نیز سائل نے جو سرٹیفکیٹ فراہم کیا ہے اس میں بھی تین طلاقوں کا ذکر نہیں ہے  لہٰذا اگر واقعی شوہر نے طلاق کے صرف دو نوٹس ہی بھیجے ہیں  ان کے علاوہ کوئی اور تحریری یا زبانی طلاق نہیں دی تو مذکورہ صورت میں  دو بائنہ طلاقیں واقع ہوگئی ہیں  جن کی وجہ سے سابقہ نکاح ختم ہوگیا ہے تاہم  میاں بیوی دوبارہ اکٹھے رہنا چاہیں تو نئے مہر کیساتھ گواہوں کی موجودگی میں نکاح کرکے  رہ سکتے ہیں۔

نوٹ: آئندہ شوہر کو صرف ایک طلاق کا حق حاصل ہوگا ۔

توجیہ : مذکورہ صورت میں پہلے طلاقنامہ کے اس جملہ  سے کہ ”  مندرجہ ذیل گواہان کی موجودگی میں میں نے  اپنی بیوی کو بیک لفظ  (ط) طلاق دے دی ہے” ایک رجعی طلاق واقع ہوگئی تھی ۔نیز اس جملہ سے کہ ” لکھ بھی دی ہے تاکہ سند رہے “مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی  کیونکہ اول تو شوہر نے  اس سے پہلے کوئی زبانی طلاق نہیں دی تھی جس کو وہ اب لکھ رہا ہے اور اگر اس سے پہلے کوئی زبانی طلاق دی بھی ہو تو چونکہ اس جملہ میں  شوہر  اسی پہلے دی گئی طلاق کی خبر دے رہا ہے لہذا ان الفاظ سے نئی طلاق واقع نہ  ہوگی ۔ پہلے طلاقنامہ کے بعد عدت  کےدوران(جیسا کہ بیوی کے بیان سے معلوم ہورہا ہے )  شوہر  نے دوسرا طلاقنامہ  لکھوا کر بھیجا۔اس کے اس جملہ  سے کہ ” مسماۃ   ۔۔۔۔کو دوبارہ لفظ  ( ط )طلاق کہہ کر اپنے حق زوجیت اور اپنی زندگی سے سابقہ گواہان کی موجودگی میں آزاد کررہا ہوں”   دوسری  رجعی طلاق واقع ہوگئی ۔نیز اس جملہ میں ان الفاظ سے کہ ” اپنے حق زوجیت اور اپنی زندگی سے سابقہ گواہان کی موجودگی میں آزاد کررہا ہوں ” مزید کوئی  طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ یہ  سابقہ جملہ  “لفظ طلاق کہہ کر ” ہی کی تکمیل اور اسی  کی توضیح ہے ۔اسی طرح اس جملہ سے کہ “طلاق دوم کہنے کے بعد لکھ کر بھی دے دی ہے ” مزید کوئی طلاق واقع نہ  ہوگی کیونکہ اس جملہ میں قرینہ موجود ہے کہ یہ اسی پچھلے جملہ میں دی گئی  طلاق کی خبر ہے ، نئی طلاق کا انشاء  نہیں ہے۔لہٰذا  عدت گزرنے کے بعد دونوں رجعی طلاقیں دو بائنہ طلاقوں میں بدل گئیں ۔

شامی(4/442)میں ہے:

وفي التاترخانية: … ولو استكتب من آخر كتابا بطلاقها وقرأه على الزوج فأخذه الزوج وختمه وعنونه وبعث به إليها فأتاها، وقع إن أقر الزوج أنه كتابه.

بدائع الصنائع (3/ 283) میں ہے:

أما الطلاق الرجعي فالحكم الأصلي له هو نقصان العدد فأما زوال الملك وحل الوطء فليس بحكم أصلي له لازم حتى لا يثبت للحال وإنما يثبت في الثاني بعد انقضاء العدة فإن طلقها ولم يراجعها بل تركها حتى انقضت عدتها بانت

فتاوی شامی (4/528)میں ہے:

(الصريح يلحق الصريح و)يلحق(البائن)بشرط العدة.

المحیط البرہانی (3/ 235) میں ہے:

«ولو قال بيك طلاق دست بازداشتم ترا أو قال رها ‌كردم بيك طلاق فهي واحدة رجعية»

المحیط البرہانی (4/393) میں ہے:

وفي «الواقعات» : إذا طلق امرأته ثم قال لها: ‌قد ‌طلقتك أو قال بالفارسية: طلاق دادم تر ا  دادم ترا طلاق يقع تطليقة ثانية، ولو قال: قد كنت طلقتك أو قال بالفارسية طلاق داده ام ترا لا يقع شيء بالكلام الثاني .

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved