- فتوی نمبر: 37-139
- تاریخ: 16 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > تحریری طلاق کا بیان
استفتاء
زوج حاضر کی طلاق بالکتابۃ واقع ہوتی ہے یا نہیں ؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
اگرچہ بعض اہل علم نے بعض عبارات فقہ کے پیش نظر زوج حاضر کی طلاق بالکتابۃ کو معتبر نہیں مانا (دیکھیے عبارت نمبر 4)تاہم ہماری اور اکثروبیشتر اہل علم کی تحقیق میں بھی زوج حاضر کی طلاق بالکتابۃ معتبر ہے بشرطیکہ عدم اعتبار کی کوئی اور وجہ نہ ہو۔
توجیہ : جن حضرات نے زوج حاضر کی طلاق بالکتابت کو معتبر نہیں مانا ان کے استدلال کی بنیاد فتاوی شامی اورالبحر الرائق کی کتاب الاکراہ کی یہ عبارت ہے
وقيدنا بكونه على النطق لأنه لو أكره على أن يكتب طلاق امرأته فكتب لا تطلق لأن الكتابة أقيمت مقام العبارة باعتبار الحاجة ولا حاجة هنا كذا في الخانية، وفي البزازية أكره على طلاقها فكتب فلانة بنت فلان طالق لم يقع .(شامي 236/3)(البحر الرائق 264/3)
اس عبارت سے انہوں نے یہ استدلال کیا ہے کہ کتابت حاجت کے وقت نطق کے قائم مقام ہوتی ہے اور یہاں چونکہ شوہر بول کر طلاق دینے پر قادر ہے اس لیے کتابت کی حاجت نہیں لہذا یہ کتابت نطق کے قائم مقام بھی نہیں ہوگی اور اس کی تحریری طلاق بھی واقع نہیں ہوگی جبکہ خط کشیدہ عبارت سے یہ استدلال درست نہیں اس لیے کہ :
اس خط کشیدہ عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ اکراہ کی حالت میں طلاق بالکتابۃ واقع نہیں ہوگی کیونکہ طلاق بالکتابۃ نطق کے قائم مقام اس وقت ہوتی ہے جب حاجتِ طلاق ہو یعنی شوہر کا مقصد اس تحریر سے طلاق دینا ہو اور وہ حالت رضا میں ہوتا ہے ۔اور اکراہ چونکہ معدم ِ رضا ہے اس لیے اس صورت میں حاجت طلاق نہیں ہے بلکہ شوہر کا مقصد صرف دفع مضرت ہوتا ہے ۔ لہٰذا ایسی تحریر نطق کے قائم مقام نہیں ہوگی ۔ لہذا بحر کی اس عبارت لأن الكتابة أقيمت مقام العبارة باعتبار الحاجة ولا حاجة هنا میں حاجت سے حاجت کتابت مراد لینا درست نہیں بلکہ اس سے مراد حاجت طلاق ہے۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ خود صاحب بحر اور علامہ شامی کے نزدیک بھی مستین مرسوم تحریر غائب و حاضردونوں کے حق میں مطلقا ً نطق کی طرح ہے ۔اور وہاں حاضر و غائب کا کوئی فرق نہیں ہے ۔
چنانچہ البحر الرائق(8/544) میں ہے :
بل يدل على كونها حجة في الحدود أيضا إذا كانت مستبينة مرسومة وهو بمنزلة النطق في الغائب والحاضر على ما قالوا، فإنه إذا كان بمنزلة النطق في حق الحاضر أيضا لم يكن حجة ضرورة فينبغي أن يكون حجة في الحدود أيضا كما كان النطق حجة فيها فليتأمل في المخلص.
نیز فتاوی شامی (737/6)میں ہے :
الكتاب على ثلاث مراتب: مستبين مرسوم وهو أن يكون معنونا: أي مصدرا بالعنوان، وهو أن يكتب في صدره من فلان إلى فلان على ما جرت به العادة فهذا كالنطق فلزم حجة. ومستبين غير مرسوم كالكتابة على الجدران وأوراق الأشجار أو على الكاغد لا على الوجه المعتاد فلا يكون حجة إلا بانضمام شيء آخر إليه كالنية والإشهاد عليه والإملاء على الغير حتى يكتبه لأن الكتابة قد تكون للتجربة ونحوها ……
نیز ان حضرات نے حوالہ میں فتاوی شامی کی یہ عبارت بھی نقل کی ہے :
لكن في الدر المنتقى عن الأشباه أنه في حق الأخرس يشترط أن يكون معنونا وإن لم يكن لغائب اهـ. وظاهره أن المعنوي من الناطق الحاضر غير معتبر.(737/6)
اس کا جواب یہ ہے کہ اولا تو اس پر علامہ رافعی نے استدراک کرتے ہوئے لکھا ہے :
(قوله وظاهره ان المعنون من الناطق الحاضر غير معتبر )لم يظهر وجه ظهوره من عبارة الاشباه
اور ثانیا ً یہ بات خود علامہ شامی کی اپنی مندرجہ بالا عبارت اور دیگر فقہاء کی تصریحات کے بھی خلاف ہے۔
(1)ہدایہ (4/ 549)میں ہے :
«ثم الكتاب على ثلاث مراتب: مستبين مرسوم وهو بمنزلة النطق في الغائب والحاضر على ما قالوا. ومستبين غير مرسوم كالكتابة على الجدار وأوراق الأشجار، وينوي فيه لأنه بمنزلة صريح الكتابة فلا بد من النية.»
(2)کفایت المفتی (6/256) میں ہے :
سوال : زید اور اس کی زوجہ ہندہ کا خانگی امور میں نزاع رہتا تھا نوبت یہاں تک پہنچی کہ زید تنگ آگیا اور غصہ اور بے بسی کی حالت میں عورت کے روبرو خط تحریر کرکے ہندہ کو دیدیا کہ ہندہ بنت بکر کو تینوں طلاق ساتھ دیتا ہوں اور اپنے دستخط کرکے ہندہ کو دے دیا اور خویش و اقارب سے مذاکراۃً کہا کہ میں نے ہندہ کو طلاق دے دی ۔۔۔۔۔ اور عورت کے روبرو ہوتے ہوئے تحریر طلاق معتبر ہے یا نہیں؟
الجواب : تینوں طلاقیں یکدم دینا ناجائز اور مکروہ ہے لیکن اگر کوئی اس مکروہ فعل کو عمل میں لے آئے تو تینوں طلاقیں پڑ جاتی ہیں اور شخص مذکور خلاف ہدایت عمل کرنے کا مواخذہ دار ہوتا ہے تینوں طلاقوں کا پڑ جانا اور طلاق مغلظ ہوجانا امام ابو حنیفہ ‘ امام مالک ‘ امام شافعی اور امام احمد بن حنبل ؒ یعنی چاروں اماموں اور جمہورامت محمدیہ کا مذہب ہے غصہ کی حالت کی طلاق پڑ جاتی ہے لفظ بے بسی سے کیا مراد ہے ؟ اگر اس سے مراد اکراہ ہو تو حالت اکراہ کی تحریر طلاق واقع نہیں ہوتی بشرطیکہ زبان سے تلفظ نہ کیا ہو صرف کسی کے جبر و اکراہ سے قلم سے لکھ دی ہو۔
(3)مقالات حکیم الامت (26/24) میں ہے:
فائدہ فقہیہ متعلقہ بالطلاق بالکتابۃ
از بندہ عزیزالرحمٰن عفی عنہ بملاحظہ حضرت مخدومی مکرمی مولانا محمد اشرف علی صاحب مدفیضہ ۔ عبارات کتب متعلقہ کتاب طلاق سے یہ ہی ظاہرا ً ثابت ہوتا ہے کہ حضور زوجہ فی المجلس کی صورت میں بھی طلاق مکتوب صریح و کنایہ واقع ہوجائے اگر غرض ایقاع طلاق ہو نہ تجربہ خط وغیرہ ۔ نکاح میں چونکہ سماع شہود ایجاب و قبول زوجین کو شرط کیا گیا ہے لہٰذا بصورت امکان سماع مکتوب کو لغو کہا جائے تو ممکن ہے اور طلاق میں اس کی حاجت نہیں ۔ شامی کتاب الاقرار میں طلاق کو بھی دیگر دیون وغیرہ کے اقرار کی مثل باللسان و بالبنان دونوں طرح مساوی قرار دیا ہے ۔ فانه کما یکون باللسان یکون بالبنان [در مختار] اور ظاہر ہے کہ اقرار بالدیون اگر بالبنان ہو اور کاتب کو اقرار ہو کہ یہ تحریر میری ہے تو لزوم دین میں تامل نہ ہوگا ۔ اگرچہ شامی نے مسائل شتی میں ایک عبارت اشباہ و نظائر سے یہ مفہوم ہونا ظاہر کیا ہے کہ کہ ناطق حاضر میں کتابت کا اعتبار نہ ہو ۔ مگر ظاہر اس کا یہ ہے کہ شہود مجرد تحریر و کتابت پر شہادت نہیں دے سکتے کیونکہ مجرد کتابت میں احتمال ہے کہ تجربہ خط کے لیے لکھا ہو ۔ الغرض راجح و محقق یہ معلوم ہوتا ہے کہ حاضرہ فی المجلس کو بھی طلاق بالکتابۃ واقع ہوجاتی ہے اور جانب احتیاط بھی یہی ہے ۔ حضرت مولانا محمود حسن صاحب سلمہ و مولانا انور شاہ کی بھی یہی رائے ہے ۔
(4)فتاوی محمودیہ (12/616)میں ہے :
کتاب بمنزلہ عبارت عند الحاجت ہے اور اگر آدمی کسی غائب کے لیے لکھے تو وہ معتبر ہے یا حاضر کے لیے مگر ایسی حالت میں کہ بول نہ سکے مثلا گونگا یا معتقل اللسان ہے تو وہ بھی معتبر ہے اگر مکرہاً لکھے تو وہ معتبر نہیں ۔ اسی طرح حاضر کے حق میں معتبر نہیں جبکہ اخرس یا معتقل اللسان نہ ہو اس سب کا نتیجہ یہ ہوگا کہ بیوی کی موجودگی میں محض لکھ کر دینے سے بغیر زبان سے کہے ہوئے طلاق نہ ہوگی ………..
فلو اکره علی ان یکتب طلاق امرأته فکتب لا تطلق امرأته لانَّ الکتابة اقیمت مقام العبارة باعتبار الحَاجة ولاحَاجة هنا کذا فی خانية ولو اقر بالطلاق کاذباً او هازلا وقع قضاءً لادیانة ج 1 ص 579، وقال فی المجلد الخامس (مسائل شتٰی) بعد تفصیل انواع الکتابة وظاهره ان المعنون من الناطق الحاضر غیر معتبر الخ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved