• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

تمہیں تین طلاقیں اگر تم میرے ساتھ نہ گئیں

استفتاء

میں  زید اپنی بیوی کو لینے کے لیے اپنے سسرال چلا گیا وہاں پر کسی بات پر ان کے بھائیوں کے ساتھ جھگڑا ہوا۔اس دوران میں نے  بیوی  کو یہ کہا کہ  ” آپ کو تین طلاق ”  میں نے اس جملہ کو مشروط کرنا تھا لیکن ابھی میں نے جملہ پورا نہیں  کیا تھا کہ اس نے مجھے کہا کہ تین کا اختیار تو آپ کے پاس ہے ہی نہیں( کیونکہ ایک طلاق میں پہلے بھی دے چکا تھا ) ۔ اس پر میں نے دوبارہ یوں کہا :”  تمہیں دو یا تین یا ایک طلاق جتنے بھی الفاظ  باقی ہیں  اور آپ میری زندگی سے بے دخل ہو۔ میرا اور تمہارا راستہ الگ ہے اگر تم میرے ساتھ ابھی نہ گئیں اور میں تمہیں چھوڑ کر چلا گیا ۔اور تم یہاں رہ گئی تو پھر تمہارے ساتھ یہ معاملہ ہے جو  میں نے کہا ہے اور پھر تم ہمیشہ ہمیشہ اپنے بھائیوں کے ساتھ رہو گی  “۔پھر بیوی نے کہا کہ میں جانے یا نہ جانے کا اختیار اپنے باپ کے ہاتھ میں  دیتی ہوں ۔تو اس کے باپ نے کہا کہ تم یہاں سے نکل جاؤ اب اگر یہ کہے گی بھی تب بھی ہم نہیں جانے دیں گے ۔میں اس بات کو سن کر ابھی نکلا نہیں تھا وہاں  انتظار میں کھڑا  تھا کہ معاملہ درست ہو جائے اور یہ میرے ساتھ آجائیں ۔اس دوران اس کے  بھائیوں کے ساتھ لڑائی بڑھ گئی جس کی وجہ سے میں  نے ان  سے کہا کہ تم باہر آ جاؤ لڑنے کے لیے ۔میں پھر باہر چلا گیا اور  اپنے گھر واپس آگیا ۔ مہربانی فرما کر قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائیں کہ یہ طلاق ہوئی ہے یا نہیں ؟ اور اس صورت میں یہ شرط پائی گئی ہے یا نہیں؟

بیوی کا بیان :

دارالافتاء کے نمبر سے بیوی سے رابطہ کیاگیا تو اس نے درج ذیل بیان دیا ۔

میرے شوہر مجھے لینے آئے تھے ۔ پہلے میرے والد کو انہوں نے تین مرتبہ یہ جملہ کہا کہ اگر یہ میرے ساتھ نہ گئی تو میں اسے طلاق دے دوں گا ۔پھر مجھے مخاطب کرکے کہا کہ آپ سن رہی ہیں میں کیا کہہ رہا ہوں ؟میں نے کہا سب سن رہی ہوں ۔ مجھے کہا  کہ آپ کو سمجھ آرہا ہے میں کیا کہہ رہا ہوں ؟ اگر آپ ابھی میرے ساتھ اس دروازے سے باہر نہ گئیں  اور میں اکیلا چلا گیا تو  آپ کو تین طلاق  ۔آپ میری طرف سے فارغ ہوگی اور آپ کے اور میرے راستے الگ ہوں گے ۔ میں نے اس پر کہا کہ تین کا اختیا ر تو آپ کے پاس ہے ہی نہیں  تو انہوں نے کہا چلو جتنی بھی ہیں۔  پھر میرے بھائی سے جھگڑنے لگے کہ باہر آؤ تو تمہیں بتاتا ہوں ، ہم نے  بھائی کو روک دیا ۔ تو یہ باہر نکلے اور چلے گئے ۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں  طلاق کے حالیہ واقعہ سے  دو مزید طلاقیں واقع ہوگئی ہیں جو پہلی طلاق کے ساتھ مل کر  تین ہوگئی ہیں لہٰذا  بیوی شوہر پر حرام ہوچکی ہے  اور  اب نہ صلح ہوسکتی ہے اور نہ رجوع کی کوئی گنجائش ہے ۔

توجیہ : شوہر نے   تین میں  سے بقیہ(دو ) طلاقوں کو   بیوی کے اپنے  ساتھ    نہ جانے   اور اپنے تنہا اس گھر سے چلے جانے پر معلق کیا تھا   جس کے بعد بیوی اس کے ساتھ وہاں سے نہیں  گئی اور شوہر اکیلا واپس چلا گیا ۔ لہٰذا جس شرط پر طلاق کومعلق کیا تھا وہ  شرط پائی گئی  اور بقیہ دو طلاقیں بھی واقع ہوگئیں  اور پہلی طلاق کے ساتھ ملکر  تین طلاقیں پوری ہوگئیں ۔

ہدایہ (1/ 244) میں ہے:

«” وإذا أضافه إلى شرط ‌وقع ‌عقيب ‌الشرط مثل أن يقول لامرأته إن دخلت الدار فأنت طالق ” وهذا بالاتفاق»

فتاوی ہندیہ(2/411)میں ہے:

وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا في الهداية.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved