• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سوتیلی بیٹی کے ساتھ زبردستی کیے گئے نکاح اور ہمبستری کا حکم

استفتاء

میرا نام زید ہے ۔ میری والدہ کا نام  زینب  ہے ۔ میری ایک  بہن  خدیجہ  ہے ۔ میری والدہ نے ہماری پیدائش کے بعد 2010 میں دوسری شادی  بکر  سے  کرلی تھی۔ اس کے بعد ہم اکٹھے رہنے لگے ۔ پھر میں اپنی شادی کے بعد الگ ہوگیا تھا جبکہ میری بہن والدہ کے پاس رہتی تھی ۔  10 ستمبر 2026 کو   بکر میری بہن کو فیصل آبا د اپنے ساتھ لے  گیا ۔ وہاں اس نے میری بہن کو ڈرا دھمکا کر خالی نکاح نامہ پر زبردستی دستخط کروائے اور اس پر قبول ہے کروایا ۔ یہ سب کچھ  بکر نے اپنے دوست وکیل کے ذریعہ  سے اپنی کورٹ میں کروایا ۔ اس کے بعد اس نے میری بہن کے ساتھ خلوت بھی  کی   اور زبردستی صحبت بھی کی ہے ۔ میری والدہ اس  واقعہ کا انکار کرتی ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ۔ واضح رہے کہ  میری والدہ اور سوتیلا باپ دونوں گونگے بہرے ہیں۔ہم دونوں بہن بھائی بولتے سنتے ہیں ۔

1۔ہماری راہنمائی فرمائیں کیا سوتیلی بیٹی کے ساتھ نکاح ہوسکتا ہے  حالانکہ لڑکی  کی ماں اس شخص کے نکاح میں ہے   ؟

2۔ اگر یہ نکاح ہوگیا ہے تو کیا اس نکاح کو ختم کرنے کے بعد عدت  پوری کرنا لازمی ہے ؟

نوٹ : بکر  کے ساتھ میری والدہ  اور میری بہن کا نکاح نامہ ساتھ لف ہے ۔

لڑکی کا بیان :

میرے سوتیلے باپ نے مجھے تین دن تک  قید رکھا ۔ میرا موبائل میرے پاس نہیں تھا  اس لیے کسی سے رابطہ نہیں تھا ۔ مجھے دھمکایا گیا  کہ  نکاح کرلو ورنہ ماردیں گے ۔ اسی طرح زبردستی فیصل آباد لے جا  کر کسی جاننے والے وکیل کے ذریعہ عدالت میں وکیلوں کی موجودگی میں زبانی ایجاب و قبول ہوا اور دستخط بھی کروائے گئے ۔ وہاں بھی سب کچھ دھمکی  دے کر کروایا گیا ۔ 

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

1۔ مذکورہ صورت میں سوتیلی بیٹی سے نکاح نہیں ہوسکتا۔

نوٹ: اگر بکر نے سوتیلی بیٹی کیساتھ ہمبستری بھی کی ہے تو اس کے نتیجے میں اس کی اپنی بیوی  بھی اس پر حرام ہوگئی ہے جس کے حلال ہونے  کی کوئی صورت نہیں۔

توجیہ : سوتیلی بیٹی کی ماں کے نکاح میں ہوتے ہوئے سوتیلی بیٹی سے نکاح جائز نہیں اور اگر ماں کیساتھ ہمبستری یا بوس وکنار بھی ہوگیا ہو تو ماں کے ساتھ نکاح ختم ہونے کے بعد بھی سوتیلی بیٹی کیساتھ نکاح نہیں ہوسکتا اور اگر کسی نے سوتیلی بیٹی کے ساتھ ہمبستری بھی کرلی ہو تو اس سے اس شخص کی بیوی بھی حرمت مصاہرت کی وجہ سے اس شخص پر حرام ہوجاتی ہے جس کے حلال ہونے کی کوئی صورت نہیں ہوتی۔

2۔ مذکورہ صورت میں  خدیجہ  (سوتیلی بیٹی)کو تین ماہواریوں تک عدت پوری کرنا ہوگی ۔

توجیہ : محارم سے نکاح باطل ہے یا فاسد اس میں امام ابوحنیفہ ؒ   اور صاحبین ؒ   میں اختلاف ہے ، صاحبین ؒ   کے نزدیک یہ نکاح  باطل ہےا س لیے اس میں عدت نہیں ہے لیکن  امام صاحب ؒ   کے نزدیک یہ نکاح فاسد ہے اس  لیے اس میں   وطی کے بعد عدت  واجب ہے  ۔ دونوں اقوال کی ترجیح میں بھی اختلاف ہے ۔امام صاحب ؒ کے قول  پر عمل کرنے میں احتیاط ہے  اس لیے ہم نے  اس کو اختیار کیا ہے ۔

سورۃ  النساء (آیت:23) میں ہے :

حُرِّمَت عَلَيكُم أُمَّهَٰتُكُم وَبَنَاتُكُم وَأَخَوَٰتُكُم وَعَمَّٰتُكُم وَخَٰلَٰتُكُم وَبَنَاتُ ٱلأَخِ وَبَنَاتُ ٱلأُختِ وَأُمَّهَٰتُكُمُ ٱلَّٰتِيٓ أَرضَعنَكُم وَأَخَوَٰتُكُم مِّنَ ٱلرَّضَٰعَةِ وَأُمَّهَٰتُ نِسَآئِكُم وَرَبَٰٓئِبُكُمُ ٱلَّٰتِي فِي حُجُورِكُم مِّن نِّسَآئِكُمُ ٱلَّٰتِي دَخَلتُم بِهِنَّ

ترجمہ :حرام ہوئی ہیں تم پر تمہاری مائیں اور بیٹیاں اور بہنیں اور پھوپھیاں اور خالائیں اور بیٹیاں بھائی کی اور بہن کی اور جن ماؤں نے تم کو دودھ پلایا اور دودھ کی بہنیں اور تمہاری عورتوں کی مائیں اور ان کی بیٹیاں جو تمہاری پرورش میں ہیں جن کو جنا ہے تمہاری ان عورتوں نے جن سے تم نے صحبت کی ۔

ہدایہ (1/ 186)میں ہے :

 ‌‌فصل في بيان المحرمات

قال: “لا يحل للرجل أن يتزوج بأمه ولا بجداته من قبل الرجال والنساء ……..ولا ببنت امرأته التي دخل بها” لثبوت قيد الدخول بالنص “سواء كانت في حجره أو في حجر غيره” لأن ذكر الحجر خرج مخرج العادة لا مخرج الشرط ولهذا اكتفي في موضع الإحلال بنفي الدخول.»

فتاوی عالمگیری (1/274)میں ہے :

وتثبت بالوطء حلالا كان أو عن شبهة أو زنا، كذا في فتاوى قاضي خان. فمن زنى بامرأة حرمت عليه أمها وإن علت وابنتها وإن سفلت.وكما تثبت هذه الحرمة بالوطء تثبت بالمس والتقبيل والنظر إلى الفرج بشهوة، كذا في الذخيرة. سواء كان بنكاح أو ملك أو فجور عندنا، كذا في الملتقط. قال أصحابنا: الربيبة وغيرها في ذلك سواء هكذا في الذخيرة.

فتاوی  شامی (199/5)میں ہے :

وعدة المنكوحة نكاحا فاسدا(قوله: نكاحا فاسدا) هي المنكوحة بغير شهود، ونكاح امرأة الغير بلا علم بأنها متزوجة، ونكاح المحارم مع العلم بعدم الحل فاسد عنده خلافا لهما فتح. مطلب في النكاح الفاسد والباطل.

احسن الفتاوی (62/5)میں ہے :

بندہ جہاں تک عبارات میں غور کرنے سے سمجھا ہے وہ یہ ہے کہ اگر بلا لحاظ خصوصیت عاقد  فی  نفسہ محل عقد ہی موجود نہ ہو تو نکاح باطل ہے، کنکاح منكوحة الغير مع العلم بانها متزوجة  كيونکہ آن واحد میں اجتماع  الملکین ناممکن ہے، اور اگر محل عقد تو موجود ہے مگر خصوصیت عاقد  یا فقدان شرط کی وجہ سے ممنوع ہے تو نکاح فاسد ہو گا ، کنکاح المحارم، اس میں منع خصوصیت  عاقد کی وجہ سے ہے، فی نفسہ محل عقد موجود ہے، یہ تعریف بیع باطل و فاسد سے قریب تر ہونے  کے علاوہ عبارات فقہاء رحمہم اللہ تعالیٰ سے بھی مؤید ہے ۔

قال في الشامية في باب العدة  ويمكن الجواب عن السمرقندى أنه حمل المنكوحة نكاحا فاسدا على ماسقط منه شرط الصحة بعد وجو المحلية كالنكاح الموقت او بغير شهود أما منكوحة الغير  فهي غير محل اذ  لا يمكن اجتماع ملكين في آن واحد على شيء واحد الخ (ردالمحتار )

و ايضا في حدود الشامية مدار الخلاف على ثبوت محلية النكاح للمحارم وعدمه فعنده  هي  ثابتة على معنى أنها محل لنفس العقد لا بالنظر إلى خصوص عاقد لقبولها مقاصد ه من التوالد فاورث شبهة ونفياه على معنى انها ليست محلا لعقد هذا العاقد فلم  يورث شبهة .

اس تعریف کی بنا ء پر نکاح المحارم و نکاح الاختین فاسد  ہوگا لہٰذاموجب عدت ہے اور   نکاح منكوحة الغير مع العلم بانها متزوجة   باطل ہے اس لیے موجب عدت نہیں ۔

مسائل بہشتی زیور (57/2)میں ہے :

مرد اگر اپنی بیوی کی بیٹی سے خواہ وہ اس مرد کی اپنی ہو یا سوتیلی ہو زنا کر بیٹھے تو سزا کے طور پر اس کی بیوی اس پر حرام ہوجائے گی ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved