- فتوی نمبر: 37-147
- تاریخ: 16 نومبر 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > نماز میں قراءت کی غلطیوں کا بیان
استفتاء
نماز میں سورت فاتحہ کی آخری آیت میں: “غیر المغضوب عليهم ولا الضالین ” پڑھتے وقت “ولا الضالین ” کے تلفظ میں بعض لوگ “ ولا الذالین” پڑھتے ہیں :
براہ کرم وضاحت فرما دیں کہ:
1۔ ” الضالین ” کو صحیح تلفظ اور تجوید کے ساتھ امام اور مقتدی کے لیے پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟
2۔ اگر کوئی شخص” الضالین “کی جگہ “الذالین” پڑھ لے تو کیا ترجمہ بدل جائے گا ؟
3۔ ” الضالین ” کے لفظ میں مد لازم کی مقدار کتنی ہے ؟کیا اسے چار، پانچ ، چھ حرکات تک پڑھنا ضروری ہے؟
4۔ اگر کوئی شخص مد کی مقدار میں کمی یا زیادتی کرے تو نماز کیا حکم ہوگا ؟
5۔اور کوئی ” الضالین ” کی جگہ “الذالین” پڑھ لے تو کیا اس کی نماز ہو جائے گی؟ اگر ہو جائےگی تو اس کی وجہ کیا ہے؟
6۔ قرآن سے کچھ اور ایسے ہی الفاظ بتا دیں جیسے اوپر بیان کیے ہیں کہ انہیں ان کے اصل تلفظ سے ہٹ کر پڑھیں تو ان کا کیا حکم ہوگا۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
1۔ “ولاالضالین “کی صحیح ادائیگی کا طریقہ یہ ہے کہ ضاد کو اس کے صحیح مخرج سے بمع صفات کےادا کیا جائے ۔ اور یہ حکم ہر نمازی کے لیے ہے چاہے امام ہو یا منفرد۔
ضاد کا مخرج یہ ہے :ضاد حافہ لسان(زبان کی کروٹ) اور (اوپر کی) ڈاڑھوں کی جڑ سے نکلتا ہے ۔ اس میں تعمیم ہے دائیں طرف سے نکالو یا بائیں طرف سے ۔
2۔ ترجمہ بدل جائے گا تا ہم نماز فاسد نہیں ہو گی۔
3۔ “الضالین “میں مد لازم کی مقدار تین الف( چھ حرکات) ہے اور اس کا پڑھنا ضروری ہے۔
4۔ مد کی مقدار میں کمی زیادتی کرنے سے نماز فاسد نہیں ہوتی اس ليے کہ مد میں کمی زیادتی خطا فی الاعراب کی قبیل سے ہے اور اس سے متاخرین کے نزدیک نماز فاسد نہیں ہوتی اورمتاخرین کا قول مفتی بہ ہے۔
5۔نماز ہو جائے گی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ نماز میں قراءت کرتے ہوئے اگر کسی حرف کو دوسرے حرف سے بدل دیا جائے اور اس کی وجہ سے معنی میں تغیر فاحش بھی پیدا نہ ہواور ان دونوں حروف میں تمیز بلا مشقت ممکن نہ ہو تو باتفاق متقدمین و متاخرین نماز فاسد نہیں ہوتی۔ مذکورہ صورت میں بھی چونکہ معنیٰ میں ایسی تبدیلی نہیں آئی اور “ضاد” اور “ذال” کی ادائیگی میں تمیز بھی بغیر مشقت کے ممکن نہیں اس لیے اگر کوئی “ولا الضالین” کی جگہ “ولاالذالین” پڑھ لے تو نماز فاسد نہیں ہو گی۔
6۔ اگر کسی نے “لعلي أطلع إلى إله موسى” میں (أطلع کو) “ت” کے ساتھ “أتلع” پڑھا تو اس کی نماز فاسد نہیں ہوگی۔ اور (اگر کسی نے) “وابتغ فيما آتاك الله” میں (وابتغ کو) “عین” کے ساتھ “وابتع” پڑھا تو اس کی نماز فاسد نہیں ہوگی۔ اور (اگر کسی نے) “وزروع” کو “ذال” کے ساتھ پڑھا تو اس کی نماز فاسد نہیں ہوگی۔ (فتاوی قاضی خان 1/135)
المقدمۃ الجزریہ (ص56 ) میں ہے:
والضاد: من حافته إذ وليا
المحیط البرہانی (1/ 330) میں ہے:
ترك المد والتشديد في موضعهما، والإتيان بهما في غير موضعهما إن كان لا يغير المعنى، ولا يقبح الكلام لا يوجب فساد الصلاة، وإن كان يغير المعنى، ويقبح الكلام اختلف المشايخ قال بعضهم: لا تفسد صلاته دفعا للحرج، وقال عامتهم: تفسد صلاته.
ہندیہ (1/ 81) میں ہے:
(ومنها ترك التشديد والمد في موضعهما) لو ترك التشديد في قوله إياك نعبد وإياك نستعين أو قرأ الحمد لله رب العالمين وأسقط التشديد على الباء. المختار أنها لا تفسد وكذا في جميع المواضع وإن كان قول عامة المشايخ أنها تفسد وأما ترك المد إن كان لا يغير المعنى بأن قرأ أولئك بلا مد وإنا أعطيناك بدون المد لا تفسد وإن كان يغير بأن قرأ سواء عليهم بترك المد وكذا في قوله دعاء ونداء المختار أنها لا تفسد كما في ترك التشديد.
شامی (1/ 632) میں ہے:
(قوله إلا تشديد رب إلخ) عزاه في الخانية إلى أبي علي النسفي، ثم قال: وعامة المشايخ على أن ترك التشديد والمد كالخطأ في الإعراب لا يفسد في قول المتأخرين.
المحیط البرہانی (1/ 335) میں ہے:
إن كانت الألحان لا تغير الكلمة عن وصفها، ولا يؤدي إلى تطويل الحروف التي حصل التغني لها، حتى لا يصير الحرف حرفين، بل تحسين الصوت ويزين القراءة لا يوجب ذلك فساد الصلاة، وذلك مستحب عندنا في الصلاة، وخارج الصلاة، وإن كان يغير الكلمة عن وضعها يوجب فساد الصلاة؛ لأن ذلك منهي، وإنما يجوز إدخال المد في حروف المد واللين والهوائية، والمعتل نحو الألف والواو والياء والله أعلم.
فتاوی قاضی خان (1/129)میں ہے:
وإن ذكر حرفاً مكان حرف وغير المعنى فإن أمكن الفصل بين الحرفين من غير مشقة كالطاء مع الصاد فقرأ الطالحات مكان الصالحات تفسد صلاته عند الكل، وإن كان لا يمكن الفصل بين الحرفين إلا بمشقة كالظاء مع الضاد والصاد مع السين والطاء مع التاء اختلف المشايخ فيه، قال أكثرهم لا تفسد صلاته۔
شامی (1/ 633) میں ہے:
قال في الخانية والخلاصة: الأصل فيما إذا ذكر حرفا مكان حرف وغير المعنى إن أمكن الفصل بينهما بلا مشقة تفسد، وإلا يمكن إلا بمشقة كالظاء مع الضاد المعجمتين والصاد مع السين المهملتين والطاء مع التاء قال أكثرهم لا تفسد. اهـ. وفي خزانة الأكمل قال القاضي أبو عاصم: إن تعمد ذلك تفسد، وإن جرى على لسانه أو لا يعرف التمييز لا تفسد، وهو المختار حلية وفي البزازية: وهو أعدل الأقاويل، وهو المختار اهـ وفي التتارخانية عن الحاوي: حكى عن الصفار أنه كان يقول: الخطأ إذا دخل في الحروف لا يفسد لأن فيه بلوى عامة الناس لأنهم لا يقيمون الحروف إلا بمشقة. اهـ. وفيها: إذا لم يكن بين الحرفين اتحاد المخرج ولا قربه إلا أن فيه بلوى العامة كالذال مكان الصاد أو الزاي المحض مكان الذال والظاء مكان الضاد لا تفسد عند بعض المشايخ. اهـ.
ہندیہ (1/ 79) میں ہے:
وإن كان لا يمكن الفصل بين الحرفين إلا بمشقة كالظاء مع الضاد والصاد مع السين والطاء مع التاء اختلف المشايخ قال أكثرهم لا تفسد صلاته. هكذا في فتاوى قاضي خان.
وكثير من المشايخ أفتوا به قال القاضي الإمام أبو الحسن والقاضي الإمام أبو عاصم: إن تعمد فسدت وإن جرى على لسانه أو كان لا يعرف التميز لا تفسد وهو أعدل الأقاويل
فتاوی قاضی خان(1/135) میں ہے:
لعلي أطلع إلى إله موسى قرأ بالتاء أتلع لا تفسد صلاته ، وابتغ فيما آتاك الله قرأ بالعين وابتع لا تفسد صلاته ، وزروع قرأ بالذال لا تفسد صلاته
امدادالفتاوی (1/225)میں ہے:
سوال : ضاد کو کس طرح پڑھنا چاہئے اور اکثر فقہاء کا قول کیا ہے اور اکثر کتب دینیات میں اس ذکر میں کیا لکھتے ہیں؟
الجواب۔” فی الجزریة والضاد من حافته اذولى الأضراس من أيسر او يمناها“جب مخرج معلوم ہو گیا تو ضاد کے ادا کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ اس کے مخرج سے نکالا جاوے۔
امدادالاحکام( 1/572) میں ہے:
سوال:اگر نماز کے اندراختتام الحمد شریف میں بجائے ولاالضالین کے اگر ذال کے ساتھ تلفظ ادا کیا جائے تو درست ہے یا نہیں اور نماز صحیح ہوگی یا نہیں؟
جواب:نماز درست ہو گئی، لکونه من الذلة فلم یفسد المعنیٰ، باقی جو شخص صحیح تلفظ پر قادر ہو اس کو ذال پڑھنا عمداً جائز نہیں۔
فتاوی محمودیہ (7/127) میں ہے:
نماز میں لفظ ”ض“ کو کس طرح ادا کیا جائے بعض لوگ اس کے اصل مخرج سے واقف نہ ہوتے ہوئے کبھی ”ظ“ پڑھ دیتے ہیں کبھی ”ز“، کبھی ”ذ“، کبھی ”د“، اصل مخرج اس لفظ کا کیا ہے؟ نماز اس طرح پڑھنے سے ادا ہو جائے گی؟
الجواب :”ض” مستقلاً حرف ہے، اس کا مخرج حافۂ لسان اور اضراسِ علیا ہے ، اس کی صفات مستقل ہیں مجہورہ ، مستطیلہ ، رخوہ ،اس کو ادا کرنا تمام حروف سے زیادہ مشکل ہے، اس کے لئے بڑی مشق کی ضرورت ہے، کوشش یہ کی جائے کہ اپنے اصل مخرج سے اپنی پوری صفات کے ساتھ ادا ہو اور ممیّز ہو جائے، قصداً اس کو ”د“، یا ”ز“، یا ”ظ“ نہ پڑھے، کوشش کے باوجود جس طرح بھی ادا ہوگا نماز درست ہو جائے گی ۔
جمال القرآن (ص12) میں ہے:
مخرج ۸: ض کا ہے، اور وہ حافہٴ لسان یعنی زبان کی کروٹ، داہنی یا بائیں سے نکلتا ہے، جب کہ اضراسِ علیا یعنی اوپر کی داڑھ کی جڑ سے لگا دیں، اور بائیں طرف سے آسان ہے اور دونوں طرف سے ایک دفعہ میں نکالنا بھی صحیح ہے، مگر بہت مشکل ہے۔
جمال القرآن (ص33) میں ہے :
قاعدہ ۴: اگر ایک کلمہ میں حرفِ مدّہ کے بعد کوئی حرف مشدّد ہو، جیسے: ضالین . اس میں الف تو مدّہ ہے اور اس کے بعد لَام پر تشدید ہے، اس مدّہ پر بھی مد ہوتا ہے اور اس کا نام بھی ”مدِّ لازم“ ہے اور اس کی مقدار بھی تین الف ہے اور ایسے مد کو ”کلمی مثقل “ کہتے ہیں۔
اور اس کے حاشیہ میں ہے: ایک زبر کو دونا (دگنا ) کرنے سے الف ہو جاتا ہے جیسے “قتل سے قاتل ” پس الف کی مقدار ایک زبر کی دونی(دگنی) ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved