• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

مکہ معظمہ کے خاص مقامات جہاں قبولیت ہوتی ہے

استفتاء

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مفتی صاحب ! مکہ معظمہ میں وہ خاص خاص مقامات کو ن سے ہیں جس پر خصوصی طور پر دعا قبول ہوتی ہے ؟اگر تعین ہو جائے تو نوازش ہو گی۔

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مکہ مکرمہ میں دعا کی مقبولیت کی جگہیں درج ذیل ہیں:

(۱)مطاف (طواف کی جگہ)(۲)ملتزم کے پاس(خانہ کعبہ کا وہ حصہ جس سے طواف کرنے والے چمٹتے ہیں ۔یہ حجر اسود اور خانہ کعبہ کے دروازہ کے درمیان چار ہاتھ کے بقدر جگہ ہے)(۳)میزاب (خانہ کعبہ کی چھت کے پرنالہ)(۴)بیت اللہ کے اندر (۵)چاہ زم زم کے پاس (زم زم کے کنوئیں کے پاس)(۶)صفا پہاڑی (۷)مروہ پہاڑی(۸)مسعی (صفا مروہ کے درمیان دوڑنے کی جگہ)(۹)مقام ابراہیم کے پیچھے(۱۰)میدان عرفات میں(۱۱)مزدلفہ میں(۱۲)منی میں(۱۳۔۱۴۔۱۵)تینوں جمروں کے پاس (۱۶)رکن یمانی کے پاس(۱۷)مقام ابراہیم اور حجر اسود کے درمیان۔(۱۸)بیت اللہ پر نظر پڑتے وقت (۱۹)حطیم ۔

الدر المختار (2/ 507)

 وهو من مواضع الإجابة وهی بمکة خمسة عشر نظمها صاحب النہر فقال دعاء البرایا یستجاب بکعبة وملتزم والموقفین کذا الحجر طواف وسعی مروتین وزمزم مقام ومیزاب جمارک تعتبر زاد فی اللباب وعند رؤیة الکعبةوعند السدرة والرکن الیمانی وفی الحجر وفی منی فی نصف لیلة البدر۔۔

امام حسن بصری ؒ نے اہل مکہ کے نام ایک خط لکھا اس خط میں مکہ مکرمہ میں دعا کے قبول ہونے کے مندرجہ بالاپندرہ مقامات ذکرکیئے(حصن حصین،فضائل حج96)

عن ابن عباس ؓیقول سمعت النبیﷺ یقول الملتزم موضع یستجاب فیه الدعاء مادعا اللہ فیه عبدا الااستجابها۔ (کذافی المسلسلات للشاه ولی الله الدهلوی ذکره الجزری فی الحصن مجملا ،فضائل حج، ص:96)

حضرت ابن عباس ؓ حضورﷺ سے نقل کرتے ہیں کہ ملتزم ایسی جگہ ہے جہاں دعا قبول ہوتی ہے کسی بندہ نے وہاں ایسی دعا نہیں کی جو قبول نہ ہوئی ہو۔

درمنثور کی روایت میں لکھا ہے کہ ملتزم اور میزاب رحمت کے نیچے اور رکن یمانی کے پاس اور صفا اور مروہ پر اور ان کے درمیان اور حجر اسود اور مقام ابراہیم کے درمیان اور کعبہ شریف کے اندر اور منی مزدلفہ عرفات اور تینوں شیطانوں کے پاس ہمارے حضر ت شاہ عبدالعزیر صاحب نور اللہ مرقدہ نے اپنی تفسیر میں اسی روایت کو اختیار کیا ہے۔بعض علماء نے ان کے علاوہ مطاف یعنی طواف کرنے کی جگہ اور بیت اللہ شریف پر نظر پڑتے وقت اور حطیم کو اور حجر اسود اور رکن یمانی کے درمیانی حصہ کو بھی خصوصیت سے دعا کے مقبول ہونے کی جگہ بتایا ہے ۔(فضائل حج ،مؤلف شیخ زکریاؒ94)

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved