• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

سیاسی پارٹیوں کی ٹوپیاں پہن کر نماز پڑھنے کا حکم

استفتاء

سیاسی پارٹیوں کی مختلف ٹوپیاں ہیں جو شخص یہ پہن کر نماز پڑھے تو کیا یہ درست ہے؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

درست ہے اسکو پہن کر نماز پڑھ سکتے ہیں بشرطیکہ وہ ٹوپی ایسی ہو کہ اسے پہن کرآدمی  شائستہ معلوم ہوتا ہو۔

الدر المختار (2/490) میں ہے:

(و) كره (كفه) أي رفعه ………. (وعبثه به) أي بثوبه (وبجسده) …….. وصلاته في ‌ثياب ‌بذلة) يلبسها في بيته (ومهنة) أي خدمة، إن له غيرها وإلا لا

فتاویٰ دارالعلوم دیوبند (4/145) میں ہے:

سوال: اگر کوئی شخص  سر پر بجائے ٹوپی کے کلاہ فوجی بلا ضرورت رکھ  کر نماز پڑھے  یا پڑھاوے تو نماز جائز ہے یا نہیں؟ اور بغیر نماز پہننا کیسا ہے؟

جواب: اس ٹوپی سے نماز ہوجاتی ہے، لباس اور ٹوپی میں کوئی خاص طریق اور وضع مامور بہ نہیں ہے بلکہ جیسے جس  ملک کی عادت  اور رواج ہو اس کے موافق لباس اور  ٹوپی جوتا وغیرہ پہننا درست  ہے۔ حدیث شریف میں ہے:”كل ما شئت والبس ما شئت”یعنی جو  چاہو کھاؤ  جو چاہو پہنو مگر حرام سے بچو اور تکبر  واسراف نہ کرو۔

کفایت المفتی (3/88) میں ہے:

سوال: اگر امام ترکی ٹوپی یا اور کسی قسم کی ٹوپی پہن کر نماز پڑھائے تو نماز ہوجائے گی یا نہیں؟

جواب: ترکی ٹوپی پہن کر نماز پڑھنا اور امامت کرنا جائز ہے کوئی کراہت نہیں ہے، ہاں امام صاحب کے لیے عمامہ افضل ہے، عمامہ نہ ہو تو افضلیت  حاصل نہ ہوگی مگر نماز مکروہ نہ ہوگی۔

آپ کے مسائل اور ان کا حل (3/226) میں ہے:

سوال: عام طور پر مسجدوں میں جو چٹائی کی بنی ہوئی ٹوپیاں ہوتی ہیں جسے لوگ صرف نماز کے وقت اپنے سر پر رکھ لیتے ہیں جن میں بعض بہت ہی پھٹی ہوئی اور اکثر میلی کچیلی ہوتی ہیں، اور کسی کے سر پر چھوٹی تو کسی کے سر پر بڑی رہتی ہیں، جسے پہن کر آدمی کارٹون معلوم ہوتا ہے، اور جس کے پہننے سے زینت کا کوئی پہلو نمایاں نہیں ہوتا اور لوگ نماز کے بعد اپنے سر پر ایک منٹ کے لئے بھی رکھنا گوارا نہیں کرتے اور کوئی بھی اسے پہن کر بازار وغیرہ یا کسی بڑے آدمی کے پاس جاتے ہوئے شرم محسوس کرتا ہے، ایسی حقیر ٹوپی پہن کر نماز پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب: ایسا لباس پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ہے جس کو آدمی عام مجمع میں نہ پہن سکے، اور چٹائی کی ٹوپیاں تو بعض اوقات واقعی آدمی کا حلیہ بگاڑ دیتی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved