- فتوی نمبر: 32-355
- تاریخ: 07 جون 2026
- عنوانات: حدیثی فتاوی جات > تحقیقات حدیث
استفتاء
ایسا عمل … دنیا کا کوئی جادو اثر نہیں کر سکتا
عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ یہود مدینہ کے بڑے سردار اور عالم تھے ان کے اسلام لانے پر یہودی نے چوٹی کے ماہر جادوگروں سے رابطہ کر کے اُن پر ایسا جادو کروایا کہ (نعوذ باللہ) ان کا چہرہ مسخ ہو جائے تاکہ یہودیت چھوڑنے کا انتقام ہو جائے اور یہ بھی موقع مل جائے کہ یہودی مذہب حق ہے اور اسلام جھوٹا مذہب ہے کہ اس کے قبول کرنے سے ان کا چہرہ مسخ ہو گیا۔ یہ صحابی رسول فرماتے ہیں کہ اگر میں ہر نماز کے بعد یہ دعا نہ پڑھتا تو یہودی (جادوگر ) حقیقتاً میرا چہرہ مسخ کر دیتے۔
أَعُوذُ بِوَجْهِ الله الْعَظِيمِ، الَّذِي لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ الَّتِي لَا يُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَاءِ اللَّهِ الْحُسْنَى كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ
اس دعا کا ہر نماز کے بعد 1 ، 3 یا 7 بار پڑھنے کا معمول رکھیں … ان شاء اللہ ہر طرح کا جادو ختم ہو جائے گا … ( جامع الوظائف)
اس كى تصدیق فرمادیں۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ دعا مؤطا امام مالک (رقم الحدیث:1697) میں موجود ہے اور سنداً صحیح ہے البتہ مذکورہ دعا حضرت عبداللہ بن سلام ؓ کی نہیں بلکہ حضرت کعب الاحبارؒ کی ہے۔
نیز اس روایت میں ہر نماز کے بعد اس دعا کو پڑھنے کا ذکر نہیں ہے۔ البتہ ایک روایت میں صبح شام پڑھنے کا ذکر ہے۔مذکورہ روایت کے مکمل الفاظ اور ترجمہ درج ذیل ہے:
چنانچہ مؤطا امام مالک (رقم الحدیث:1697) میں ہے:
حدثنا عبدالله عن مالك، عن سمي مولى أبي بكر، عن القعقاع بن حكيم، أن كعب الأحبار قال: «لولا كلمات أقولهن لجعلتني يهود حمارا»، فقيل له: وما هن؟ فقال: «أعوذ بوجه الله العظيم، الذي ليس شيء أعظم منه، وبكلمات الله التامات التي لا يجاوزهن بر ولا فاجر، وبأسماء الله الحسنى كلها ما علمت منها وما لم أعلم، من شر ما خلق وذرأ وبرأ»
ترجمہ: امام مالکؒ سمی مولی ابوبکر سے روایت کرتے ہیں وہ قعقاع بن حکیم سے کہ حضرت کعب الاحبار ؒ نے فرمایا اگر وہ کلمات نہ ہوتے جنہیں میں پڑھتا ہوں تو یہود مجھے (جادو کے ذریعے) گدھا بنادیتے، چنانچہ ان سے پوچھا گیا وہ کونسے کلمات ہیں ، انہوں نے فرمایا: (یہ کلمات) أعوذ بوجه الله …إلخ
مصنف عبدالرزاق (رقم الحدیث:20743) میں ہے:
أخبرنا عبد الرزاق، عن معمر، عن إسماعيل بن أمية، أن كعبا كان يقول: لولا كلمات أقولهن حين أصبح وحين أمسي لتركني اليهود أعوي مع العاويات، وأنبح مع النابحات: أعوذ بكلمات الله التامة، التي لا يجاوزهن بر ولا فاجر، الذي لا يخفر جاره، الذي يمسك السماء أن تقع على الأرض إلا بإذنه، من شر ما خلق، وذرأ، وبرأ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved