- فتوی نمبر: 37-151
- تاریخ: 23 نومبر 2026
- عنوانات: خاندانی معاملات > طلاق کا بیان > غصہ کی حالت میں دی گئی طلاق
استفتاء
میرا نام زید ولد خالد ہے ۔ میرا بیوی کے ساتھ جھگڑا ہوا اور کافی بحث ہوئی ۔ اور وجہ بھی کوئی بڑی نہیں تھی لیکن وہ بولے جارہی تھی جس پر مجھے شدید غصہ آرہا تھا ۔ میں نے دس بار اسے سمجھایا لیکن وہ باز نہ آئی ۔ مجھے غصہ میں کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا ۔ میں نے اسے چپ کروانے کے لیے تین بار طلاق کا لفظ کہہ دیا ۔ طلاق کے متعلق مجھے اتنا پتا تھا کہ تین دفعہ الگ الگ دی جائے تو ہوتی ہے اکٹھی دینے سے نہیں ہوتی ۔ بیوی اس وقت دو ماہ کی حاملہ تھی ۔ اس کے بعد ہماری صلح ہوگئی لیکن اب میرے گھر والے کہہ رہے ہیں کہ اس متعلق فتوی لے کر آؤ ۔
شوہر کا وضاحتی بیان :
شوہر سے فون پر وضاحت کے لیے رابطہ کیا گیا تو اس نے درج ذیل بیان دیا ۔
میں جب سوال پوچھنے آیا تھا تو اس وقت مجھ سے مفتی صاحب نے غصہ کی کیفیت کے متعلق پوچھا تھا کہ طلاق دیتے وقت کسی کو مارا تو نہیں تھا ۔ اس وقت تو یاد نہیں آیا لیکن اب یاد آیا ہے کہ میں نے غصہ میں الماری پر مکے بھی مارے تھے۔
بیان حلفی :
(شوہر کے ہاتھ کی تحریر ساتھ لف ہے )
میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہہ رہا ہوں کہ غصہ کی حالت میں میں نے الماری میں مکے مارے اور پھر طلاق کے الفاظ بولے ۔
بیوی کا بیان :
بیوی سے فون پر وضاحت کے لیے رابطہ کیا گیا تو اس نے درج ذیل بیان دیا ۔
میرے شوہر نے غصہ میں تین دفعہ طلاق کے الفاظ بولے تھے نیز اس غصے میں الماری پر دو تین مکے بھی مارے تھے ۔اس وقت ہم دونوں کے سوا وہاں کوئی موجود نہیں تھا ۔
شوہر کے والد کا بیان :
شوہر کے والد سے فون پر بیان لیا گیا تو انہوں نے درج ذیل بیان دیا ۔
میں تو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھا ۔ لیکن میری فیملی گھر پر موجود تھی انہوں نے بتایا کہ بیٹے کے کمرے سے اس وقت الماری کو مارنے کی آواز آئی تھی ۔ کمرے میں صرف دونوں میاں بیوی تھے ۔
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
مذکورہ صورت میں کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ۔
توجیہ: طلاق کے الفاظ بولتے وقت اگر غصہ اتنا شدید ہوکہ شوہر سے خلاف ِعادت اقوال یاافعال صادر ہونے لگیں تو غصے کی ایسی حالت میں دی گئی طلاق معتبر نہیں ہوتی۔ مذکورہ صورت میں چونکہ شوہر سے غصہ کی شدت میں خلاف عادت فعل الماری پر مکے مارنا سر زد ہوا ہے لہٰذا یہ طلاق واقع نہیں ہوئی۔
رد المحتار(4/439) میں ہے:
وللحافظ ابن القيم الحنبلي رسالة في طلاق الغضبان قال فيها: إنه على ثلاثة أقسام: أحدها أن يحصل له مبادئ الغضب بحيث لا يتغير عقله ويعلم ما يقول ويقصده، وهذا لا إشكال فيه. والثاني أن يبلغ النهاية فلا يعلم ما يقول ولا يريده، فهذا لا ريب أنه لا ينفذ شيء من أقواله.
الثالث من توسط بين المرتبتين بحيث لم يصر كالمجنون فهذا محل النظر، والأدلة تدل على عدم نفوذ أقواله. اه……………
(وبعد اسطر) فالذي ينبغي التعويل عليه في المدهوش ونحوه إناطة الحكم بغلبة الخلل في أقواله وأفعاله الخارجة عن عادته، وكذا يقال فيمن اختل عقله لكبر أو لمرض أو لمصيبة فاجأته: فما دام في حال غلبة الخلل في الأقوال والأفعال لا تعتبر أقواله وإن كان يعلمها ويريدها لأن هذه المعرفة والإرادة غير معتبرة لعدم حصولها عن إدراك صحيح كما لا تعتبر من الصبي العاقل
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved