• جامعة دارالتقوی لاہور، پاکستان
  • دارالافتاء اوقات : ٹیلی فون صبح 08:00 تا عشاء / بالمشافہ و واٹس ایپ 08:00 تا عصر
  • رابطہ: 3082-411-300 (92)+
  • ای میل دارالافتاء:

شوہر کا بیوی کو “مجھے قسم ہے جب تک اپنی بہن سے قطع تعلق نہیں کرتی اس وقت تک تم میرے لیے حرام ہو” کہنے سے طلاق کا حکم

استفتاء

میرا سوال یہ ہے کہ میری بیوی کی بہن مجھ سے بہت بد تمیزی کرتی ہے ہر جگہ بے عزت کرتی ہے تو میں نے اپنی بیوی سے کہا کہ” اپنی بہن سے ما سوائے کسی بیماری یا شادی غمی کے موقع کے قطع تعلق کرو ” تو میری بیوی نے میری بات نہیں مانی تو اس کے نہ ماننے کی وجہ سے میں نے غصے میں آ کر اپنی بیوی کو یہ کہہ دیا کہ “مجھے قسم ہے جب تک تم  اپنی بہن سے قطع تعلق نہیں کرتیں  اس وقت تک تم میرے  لیے  حرام ہو”تو اس بارے میں اسلام کیا کہتا ہے؟اس سے طلاق ہوئی ہے یا نہیں؟

الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً

مذکورہ صورت میں شوہر نے اگر چار مہینے کے اندر اندر بیوی سے ہمبستری کرلی تو قسم ٹوٹ جائے گی اور شوہر کے ذمے قسم کا کفارہ واجب ہوگا اور اگر شوہر نے چار مہینے کے اندر ہمبستری کر کے قسم نہ توڑی تو چار مہینے گزرنے کے بعد ایک بائنہ طلاق واقع ہو جائے گی  جس کے بعد دوبارہ نکاح کرنا ضروری ہوگا اور  دوبارہ نکاح کرنے کے بعد بھی اگر چار مہینے کے اندر اندر ہمبستری کرلی تو قسم ٹوٹ جائے گی اور قسم کا کفارہ  شوہر کے ذمے واجب ہوگا اور اگر چار مہینے  تک ہمبستری نہ کی تو چار مہینے گزرنے کے بعد ایک اور بائنہ طلاق واقع ہو جائے گی۔اسی طرح اگر تیسری مرتبہ بھی نکاح کرکے ہمبستری نہ  کی  تو تیسری طلاق واقع ہوجائے گی۔

توجیہ : مذکورہ صورت میں چونکہ شوہر نے کسی مدت کی تحدید کے بغیر  بیوی کو اپنے اوپر حرام کیا ہے لہٰذا مذکورہ صورت  ایلاء مؤبد  کی ہے  جس کا حکم یہ ہے کہ اگر شوہر نے چار مہینے کے اندر بیوی سے ہمبستری  کر لی تو قسم توڑنے کی وجہ سے قسم کا کفارہ دینا ہوگا اور اگر چار مہینے تک رجوع نہیں کیا تو چار مہینے گزرنے کے بعد مذکورہ الفاظ سے ایک بائنہ طلاق واقع ہو جائے گی  اور نکاح ٹوٹنے سے بھی قسم ختم نہ ہوگی باقی رہے  گی۔ نیز لفظ “حرام” اگرچہ عرف کی وجہ سے طلاق کے  لیے ملحق بالصریح ہے لیکن چونکہ مذکورہ صورت میں شوہر نے قسم کھائی ہے  اور ایک وقت  تک کے لیے بیوی کو اپنے  اوپر حرام کیا ہے اور اس کی طلاق کی نیت بھی نہیں لہٰذا اس قرینے کی وجہ سے مذکورہ صورت ایلاء کی ہے۔

شامی (5/65) میں ہے:

(ف) من الصريح (لو قال: والله) وكل ما ينعقد به اليمين (لا أقربك)

(قوله: لا أقربك) أي بلا بيان مدة، أشار إلى أنه كالمؤقت بمدة الإيلاء لأن الإطلاق كالتأبيد

ہندیہ (1/476) میں ہے:

فإن قربها في المدة حنث وتجب الكفارة في الحلف بالله سواء كان الحلف بذاته أو بصفة من صفاته يحلف بها عرفا وفي غيره الجزاء ويسقط الإيلاء بعد القربان وإن لم يقربها في المدة بانت بواحدة كذا في البرجندي شرح النقاية.

فإن كان حلف على أربعة أشهر فقد سقطت اليمين وإن كان حلف على الأبد بأن قال: والله لا أقربك أبدا أو قال: والله لا أقربك ولم يقل أبدا فاليمين باقية إلا أنه لا يتكرر الطلاق قبل التزوج فإن تزوجها ثانيا عاد الإيلاء فإن وطئها وإلا وقعت بمضي أربعة أشهر طلقة أخرى ويعتبر ابتداء هذا الإيلاء من وقت التزوج فإن تزوجها ثالثا عاد الإيلاء ووقعت بمضي أربعة أشهر طلقة أخرى إن لم يقربها كذا في الكافي فإن تزوجها بعد زوج آخر لم يقع بذلك الإيلاء طلاق واليمين باقية فإن وطئها كفر عن يمينه كذا في الهداية.

البحر الرائق (4/67) میں ہے:

(قوله أنت علي حرام إيلاء إن نوى التحريم أو لم ينو شيئا) لأن الأصل في تحريم الحلال إنما هو اليمين عندنا

النہر الفائق (2/433) میں ہے:

أنت عليّ حرام إيلاء إن نوى التحريم، أو لم ينو شيئًا لان تحريم الحلال يمين

امداد الفتاویٰ ( 5 / 277 ) میں ہے :

سوال :ہم نے بوجہ نماز نہیں پڑھنے کے اپنی زوجہ کو بارہا کہا تھا کہ” نماز پڑھو ” مگر اس نے نہیں سنا تو ہم نے یہ کہہ کر کہ” اگر تو نماز نہ پڑھے گی تو تو ہمارے واسطے حرام ہے ” صحبت موقوف رکھی چنانچہ اس لئے قریب ایک سال کے آمد ورفت بند کر دیا اب اُس نے نماز شروع کی تو ہم اس سے آمد ورفت رکھتے ہیں چونکہ طلاق کا مسئلہ بہت نازک ہے اس لئے حضور سے دریافت کیا۔

الجواب : یہ کہنا کہ “اگر تو نماز نہ پڑھے گی تو ہمارے لئے حرام ہے ” ایلاء ہے کیونکہ ظاہراً اس نے کچھ نیت نہیں کی اور اس صورت میں ایلاء ہوتا ہے۔

کفایت المفتی ( 6 / 438 ) میں ہے:

سوال:  زید اپنی عورت کو طرح طرح کی اذیتیں خلاف شرع دیتا ہے اور بار ہا امر ممنوع کے ارتکاب پر جبر کرتا ہے مثلاً صوم ماہ مضان میں وطی کرتا ہے ہر چند عورت منع کرتی ہے مگر نہیں مانتا ایک روز اپنی عورت کو قتل کرنے پر آمادہ ہو گیا تھا میں ان دنوں میں جب کہ پورے نو ماہ کی حاملہ تھی عورت سے بار با یہ کلمات کہتا رہتا ہے۔

(۱) اگر میں تجھ سے ہم بستری کروں یا کلام کروں تو گویا  اپنی ماں بہن سے کروں ان کلمات کے کہنے کے بعد آٹھ نو ماہ سے بالکل ہم بستری نہیں کی۔

(۲) اور یہ بھی کہا ہے کہ قسم ہے خدا کی تو مجھ پر حرام ہے اب میں تجھے بالکل حرام کر چکا ہوں۔

(۳) اور یہ بھی کہا ہے کہ یہ جو تیرے تین بچے پیدا ہوئے ہیں ان میں سے ایک بھی میرا نہیں ہے ایک فلاں کا ایک فلاں کا ایک فلاں کا۔

(۴) اور یہ بھی کہا ہے کہ میں تجھ سے بہت زمانہ سے عہد کر چکا ہوں کہ اب تجھ سے صحبت  نہیں کروں گا اب میرے اور تیرے درمیان میاں بیوی کے سے تعلقات نہیں ہیں اب تجھے بازار کی رنڈی کی طرح گھر میں رکھتا ہوں ۔

جواب: عبارت نمبر ٢ اور نمبر ۴ سے کم از کم ایلاء ضرور ثابت ہوتا ہے  اور جب کہ ان الفاظ کے کہنے کے بعد چار ماہ تک اس نے اپنی بی بی سے وطی نہ کی اور علیحدگی رکھی تو عورت پر طلاق بائن پڑگئی  اور بعد انقضائے عدت وہ دوسرا نکاح کر سکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم

Share This:

© Copyright 2024, All Rights Reserved