- فتوی نمبر: 37-98
- تاریخ: 02 نومبر 2026
- عنوانات: عبادات > نماز > جمعہ کی نماز کا بیان
استفتاء
امام مسجد عربی خطبہ کے دوران ایک نمازی کو کہتا ہے کہ چندہ جمع کرو، چندہ جمع کرنے کے دوران کسی کو بقایا بھی دیتے ہیں اور کسی وقت بات بھی ہوسکتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا امام مجرم ہے یا چندہ کرنے والا یا دینے والا؟
الجواب :بسم اللہ حامداًومصلیاً
عربی خطبے کے دوران چونکہ خطبہ سننے کے علاوہ باقی کام ممنوع ہیں اس لیے چندہ جمع کرنے کا حکم دینا، چندہ جمع کرنا اور چندہ دینا سب ممنوع کام ہیں لہٰذا مذکورہ صورت میں امام صاحب، چندہ جمع کرنے والے اور چندہ دینے والے، سب مجرم (گناہ گار) ہیں۔
الدر المختار (2/158) میں ہے:
(إذا خرج الإمام) من الحجرة إن كان وإلا فقيامه للصعود شرح المجمع (فلا صلاة ولا كلام إلى تمامها)
تبیین الحقائق (1/223) میں ہے:
قال رحمه الله (وإذا خرج الإمام) أي صعد على المنبر (فلا صلاة ولا كلام)،
فتاوی محمودیہ(8/292) میں ہے:
سوال:مسجد کے اخراجات کے لیے خطبہ کے دوران چندہ لینے اور دینے والے اور درمیان میں گشت کرنے والے سب مشغول ہوجاتے ہیں، جبکہ آداب و شرائطِ جمعہ میں یہاں تک تاکید ہے کہ خطبہ واجب ہے اور اس کا سننا واجب ہے۔ جب خطبہ کی اذان شروع ہوجاتی ہے تو نماز کے سلام تک کسی دوسری طرف مشغول نہ ہونا چاہیے۔
جواب:چندہ وصول کرنے کے لیے یہ وقت متعین کرنا صحیح نہیں اور غلط طریقہ ہے۔ یا تو اس سے پہلے وصول کیا جائے یا نماز سے فراغت کے بعد وصول کیا جائے۔ مراقی الفلاح میں لکھاہے کہ جو چیز نماز کی حالت میں منع ہے، وہ چیز خطبہ کی حالت میں بھی منع ہے۔
فتاوی دارالعلوم دیوبند (5/121) میں ہے:
سوال: خطبہ کے وقت ٹین کا ڈبہ لیکر مسجد کے مصارف کے لئے پیسے جمع کرنا اورٹین کے ڈبہ کی آواز سے نمازیوں کا خیال منتشر ہوتا ہے۔ یہ شر عا کیسا ہے؟
الجواب : خطبہ کے وقت جب کہ نماز اور درود شریف پڑھنے کی بھی ممانعت حدیث شریف میں آئی ہے تو اس وقت چندہ جمع کرنا اورڈبہ لئے پھرنا اور نمازیوں کو مشغول کرنا بدرجہ اولیٰ ممنوع ہے۔
کفایت المفتی (3/299) میں ہے:
سوال:عیدین کے خطبہ ثانیہ میں کسی عالم، مسافر، امام یا مؤذن کے لیے بطورِ خوشی چندہ کیا جائےمجبورا اگر بعد میں کرتے ہیں تو مقصود بر نہیں آتا، تو کیا یہ جائز ہے یا نہیں؟
جواب:خطبہ کے اثناء میں چندہ کرنا جائز نہیں۔ خطبہ سے فارغ ہونے کے بعد چندہ کرسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط واللہ تعالی اعلم
© Copyright 2024, All Rights Reserved